متفرق شعراء

پریشان روحوں کی راحت خلافت

(محمد ابراہیم شاد)

خدا کی عطا کردہ نعمت خلافت

ہے ایمان والوں کی دولت خلافت

نبوت کی زندہ صداقت خلافت

خدا کی طرف سے امانت خلافت

نبوت خدا کی مکمل ہدائیت

ہدائیت کی کامل اِشاعت خلافت

خلافت نبوت کا اک تکمیلہ ہے

خلافت نبوت، نبوت خلافت

نہیں ہوتے معزول ہر گز خلیفے

کہ رکھتی ہے اک خاص نصرت خلافت

نہیں چھین سکتا خلیفہ سے کوئی

خدا کا عطیہ ہے خلعت خلافت

ہراساں دلوں کی تسلی کا موجب

سراپا تشفی سکینت خلافت

غمِ رحلتِ انبیا کا مداوا

پریشان روحوں کی راحت خلافت

ہے بندوں پہ گر انتخابِ خلافت

حقیقت میں ہے دستِ قدرت خلافت

تصرف خدا کا جھکاتا ہے سب کو

ہے گویا خدا کی مشیت خلافت

سراجِ نبوت جو ہوتا ہے اوجھل

تو آتی ہے پھر حسبِ سنت خلافت

تقرب اِلی اللہ کا واحد ذریعہ

ہے صدق و و فا کی علامت خلافت

خلافت ہے دینِ متیں کی محافظ

ہے امن و سکوں کی ضمانت خلافت

خلافت سے ہوتی ہے تنظیم قائم

یہی ہے نبی کی نیابت خلافت

کیا سورۃ نور میں حق نے وعدہ

کہ پائے گی یہ خیرِ امت خلافت

خلافت ہے اثبات مرکز کا باعث

خدا کی جماعت کی طاقت خلافت

خلافت کا انکار کرتا ہے فاسق

سمجھتا ہے وہ بے حقیقت خلافت

کرو صدق دل سے اِطاعت ہمیشہ

خدا کی ہے لَا ریب رحمت خلافت

ہمیں ناز ہے اس غلامی پہ ہر دم

ملی دائمی ایک نعمت خلافت

مشرف بہ بیعت ہوئے شاد ہم بھی

کہ ہے موجبِ صد سعادت خلافت

(شعری مجموعہ – بہارِ جاوداں صفحہ 93،94) شاعر- محمد ابراہیم شاد ۔مرسلہ – منصور احمد ناصر

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
    السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہٗ
    بہت عرصہ سے اس امر کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ دنیا کی تمام اخبارات کی طرح ہمارے اپنے اخبار الفضل النٹرنیشنل لندن برطانیہ کا ایپ بھی ہو تاکہ جو کوئی بھی جب چاہے اور جہاں کہیں بھی چاہے اس کے مضامین سے مستفیض ہوسکے ۔ شکرالحمدللہ کہ اب سیدنا امیرالمؤمنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز نے اس App کا افتتاح فرمادیا ہے ۔ فالحمدللہ
    ؎ یہ روز کر مبارک سبحان من یرانی
    ہماری کلمہ گو جماعت عالیہ احمدیہ مسلمہ کے تمام احباب و خواتین کو بہت بہت مبارک ہو ۔ آمین ثم آمین ۔ والسلام

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button