یورپ (رپورٹس)

ویلز کے دارالحکومت کارڈف،یوکے میں پہلی احمدیہ مسجد بیت الرحیم کی تعمیر کے لیےفنڈریزنگ تقاریب کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ برطانیہ کو یہ سعادت حاصل ہے کہ ۲۰۰۵ء میں مسجد ناصر ہارٹلے پول کی تکمیل کے بعد اب مسجد بیت الرحیم کارڈف کی تعمیر کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اس سے قبل ویلز میں نماز سینٹرز تو قائم تھے لیکن باقاعدہ احمدیہ مسجد کوئی نہیں تھی۔ حضور انور کے اجازت عطا فرمانے کے بعد ۲۰۱۴ء میں ایک عمارت ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ کے عوض خریدی گئی۔ یہ خطیر رقم مجلس انصاراللہ برطانیہ کے اراکین نے جمع کرنے کی توفیق پائی۔ تاہم خریدی گئی جگہ پر باقاعدہ مسجد کی تعمیر اور توسیع کے لیے کونسل کے متعلقہ ادارے میں دی جانے والی درخواست مقامی مسلمان گروپوں کی شدید مخالفت کے باعث مسلسل التوا کا شکار ہوتی چلی گئی۔ مخالفین نے کارڈف شہر کے گھروں میں ایسے پمفلٹس بھی تقسیم کیے جن میں احمدیہ مسجد کی تعمیر کی مخالفت پر ابھارا گیا تھا۔ خداتعالیٰ کی غیرمعمولی تائید سے ہر قسم کی قانونی رکاوٹیں دُور ہوگئیں اور احمدیہ مسجد کی تعمیر کی اجازت آخرکار مل گئی۔

خداتعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ عالمی وبا کے بعد حالات معمول پر آنے پر ۹؍ستمبر۲۰۲۳ء کو مسجد کی عمارت کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا جاچکا ہے۔ اس موقع پرایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں قادیان سے لائی جانے والی ایک اینٹ پر سیّدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کی اور یہ بابرکت اینٹ مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے نے بنیاد میں نصب کی۔ مسجد کی تعمیر میں چار سال کے مزید التوا کی وجہ سے تعمیراتی اشیاء کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے اور اب ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل کے لیے پہلے تخمینے سے قریباً ڈیڑھ ملین پاؤنڈ کی زائد رقم درکار ہوگی۔ بہرحال ہم جانتے ہیں کہ بیت اللہ کی تعمیر ایک عظیم سعادت ہے اور اس سعادت میں حصہ دار بننے کے لیے ہم انصار کو اپنے فرائض اخلاص اور محبت کے ساتھ ادا کرنے کی سعی کرنی چاہیے۔ انصار کو اُن کی ذمہ داری کی طرف متوجہ کرنے کے لیے اس حوالہ سے خصوصی پروگراموں کے انعقاد کا ایک سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

مسجد بیت الرحیم کی تعمیر کے حوالے سے فنڈریزنگ کے سلسلہ کا پہلا نہایت ایمان افروز پروگرام مورخہ ۲۳؍مارچ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ شام قریباً پانچ بجے مسجد بیت الفتوح کمپلیکس مورڈن کے طاہر ہال میں منعقد ہوا جس میں سوا چار سو سے زائد انصار شامل ہوئے۔ ہال کے ایک طرف مالی قربانی پیش کرنے والوں کے لیے سٹالز قائم تھے جن سے استفادہ کرتے ہوئے احباب نے نہ صرف نقد رقوم عطیہ کیں بلکہ ایک عرصہ تک ماہوار رقوم کی ادائیگی کرنے یا یکمشت ادائیگی کرنے کے لیے گرانقدر وعدہ جات پیش کیے۔

شام پانچ بجے کے بعد تقریب کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔

بعدازاں مکرم شکیل احمد بٹ صاحب نائب صدر انصاراللہ و چیئرمین کارڈف مسجد پراجیکٹ نے مختصراً اس تقریب کے مقصد سے آگاہ کیا اور کارڈف مسجد کے تعمیراتی منصوبہ سے متعلق ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ اس کے بعد عرفان قریشی صاحب سیکرٹری جائیداد جماعت احمدیہ یوکے نے اس پراجیکٹ کی تفصیلات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ بعدازاں ناصر خان صاحب نائب امیر یوکے نے مسجدبیت الرحیم کے منصوبے کے حوالہ سے اب تک پیش آنے والی مختلف النوع مشکلات پر اختصار سے روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح خداتعالیٰ نے ہر قدم پر خلافت احمدیہ کے صدقے ہماری راہنمائی کی اور تمام رکاوٹیں یکے بعد دیگرے ختم ہوتی چلی گئیں۔ اس کے بعد مکرم عبدالقدوس عارف صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے مالی قربانی کے حوالے سے مختصراً بیان کیا۔ بعدازاں مکرم نصیر احمد قمر صاحب ایڈیشنل وکیل الاشاعت نے اردو زبان میں کی جانے والی اپنی تقریر میں مساجد کے لیے جماعت احمدیہ کی طرف سے پیش کی جانے والی قربانیوں کی روشن تاریخ کے چند واقعات بیان کرکے حاضرین کو مسجد بیت الرحیم کارڈف کی تعمیر کی اہمیت بیان کی۔ اس کے بعد امیر صاحب نے انگریزی میں تقریر کرتے ہوئے پہلے مسجد فضل کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پھر اپنے مشاہدات کے حوالے سے برطانیہ میں رہنے والے احمدیوں کے بہت سے ایمان افروز واقعات بیان کیے جو مسجد بیت الفتوح کی تعمیر کے حوالے سے تاریخ کا حصہ بنائے جاچکے ہیں۔پروگرام کے اختتام سے قبل مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب صد ر مجلس انصاراللہ برطانیہ نے مختصر تقریر کی۔ دعا کے ساتھ اس خوبصورت تقریب کا اختتام ہوا۔

بعد ازاں افطاری ہوئی اور پھر مسجد بیت الفتوح میں نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد طاہر ہال میں حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

فنڈریزنگ کے حوالے سے ایک اَور خصوصی تقریب مورخہ ۲۴؍مارچ ۲۰۲۴ء بروز اتوار کارڈف میں بمقام St. Mellons Hub منعقد ہوئی جس میں مردو زن اور بچوں سمیت ڈیڑھ صد افراد شامل ہوئے۔ مکرم شکیل احمد بٹ صاحب نائب صدر انصاراللہ و چیئرمین کارڈف مسجد پراجیکٹ کی زیرصدارت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ صدر اجلاس نے پروگرام کا تعارف کرواتے ہوئے مسجد کی تعمیر کے لیے وعدہ جات پیش کرنے کی اپیل کی اور بتایا کہ ان وعدہ جات کی ادائیگی ایک سال کے اندر کرنی ہوگی (یعنی مارچ ۲۰۲۵ء تک)۔ اس کے بعد مسجد کے پراجیکٹ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ اس کے بعد مکرم داؤد عابد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ یوکے نے اردو زبان میں مساجد کی تعمیر اور مالی قربانی کے متعلق مختلف ایمان افروز واقعات بیان کیے اور احباب کو مالی قربانی کی تحریک کی۔ ان گزارشات کا خلاصۃً انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا گیا اور پھر مکرم نوید ظفر صاحب قائد مال نے چندہ کی ادائیگی کے طریق بیان کیے اور وعدہ جات فارم کا تعارف کروایا۔ بعدازاں مختلف احباب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے احباب کو مالی قربانی کے لیے تحریک کی۔ پروگرام کے دوران ہی افطاری پیش کی گئی اور پھر دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں نمازیں باجماعت ادا کی گئیں۔ اس پروگرام کے نتیجے میں خداتعالیٰ کے فضل سے حاضرین نے قریباً ۲۵؍ ہزار پاؤنڈ نقد پیش کرنے کے علاوہ ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ کے قریب وعدہ جات لکھوانے کی بھی توفیق پائی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ تمام مخلصین کو جزائے خیر سے نوازے اور اُن کے اموال و نفوس میں برکت عطا فرمائے۔ آمین

مسجد بیت الرحیم کے حوالے سے مجلس انصاراللہ برطانیہ نے ایک معلوماتی ویب سائٹ بھی تیار کی ہے۔ اس ویب سائٹ پر آن لائن عطیات پیش کرنے والوں کی سہولت کے لیے معلومات اور لنک بھی موجود ہے۔ اس ویب سائٹ کا ایڈریس یہ ہے:

https://ansar.org.uk/bait-ur-raheem-mosque-in-cardiff/

درج ذیل لنک پر آپ اپنے وعدہ جات پیش کرسکتے ہیں جو کہ آئندہ ایک سال کے لیے ہوں گے کیونکہ مسجد کا کام مارچ ۲۰۲۵ءتک مکمل ہوجائے گا۔ ان شاءاللہ تعالیٰ

https://ansar.org.uk/bait-ul-raheem-mosque-promise-in-cardiff

انصار ممبران اس لنک پر آن لائن چندہ ادا کرسکتے ہیں:

https://chanda.ansar.org.uk

دیگر جماعت ممبران اس لنک پر آن لائن چندہ ادا کرسکتے ہیں:

https://chanda.org.uk

(رپورٹ:محمود احمد ملک۔ مدیر انصارالدین یوکے)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button