عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…امریکی صدر جوبائیڈن نے بدھ 28؍اپریل کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلے خطاب میں اپنی حکومت کے اولین 100 روز کی کارکردگی پیش کی اور خطاب کے شروع میں کورونا وائرس کی عالمی وبا اور اس سے نمٹنے کی حکومتی اقدامات کو بیان کیا۔انہوں نے ملکی داخلی و خارجی امور پر بات کی۔ جن میں معیشت کی بحالی، معاشی مساوات، گن وائلنس کا خاتمہ، افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا، موسمیاتی تغیر، چین کے ساتھ تعلقات جیسے معاملات کا اعادہ شامل ہیں۔ مزید برآں انہوں نے صحت اور تعلیم کے نئے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ اپنی حکومت کے ابتدائی 100 روز کے بعد وہ اپنی قوم کو بتا سکتے ہیں کہ امریکہ پھر سے اٹھ کھڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “مجموعی طور پر اپنے پہلے سو دنوں میں ہم نے اپنی جمہوریت پر لوگوں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے کام کیا ہے۔ ہمیں یہ ثابت کرنا ہو گا کہ جمہوریت اب بھی کار گر ہے۔’’

٭…یورپ کی پارلیمنٹ نے جمعرات کو پاکستان کے توہینِ مذہب کے قوانین کے خلاف بھاری اکثریت سے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے پاکستان کو حاصل بر آمدات کے لیے ترجیحی سٹیٹس پر نظرِ ثانی کے لیے سفارش کی ہے۔ یورپین کمیشن اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس اس بات کا جائزہ لے گا کہ کیا پاکستان کا ‘جی ایس پی پلس’ اسٹیٹس عارضی طور پر ختم کیا جا سکتا ہے؟ یاد رہے کہ پاکستان کو یورپی یونین کی جانب سے جنوری 2014ء سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس حاصل ہے جس کے تحت پاکستان برآمدات میں ترجیحی ڈیوٹیز سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ گزشتہ برس یورپ کی پارلیمان کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی نے پاکستان کے اس اسٹیٹس کو آئندہ دو برس کے لیے توسیع دی تھی۔

قرارداد میں پاکستان سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ وہ توہینِ مذہب کے قوانین 295 ب اور ج کو ختم کرے اور 1997ء کے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں تبدیلی کرے تاکہ توہینِ مذہب کے ملزمان کا ٹرائل انسداد دہشت گردی عدالتوں میں نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ قرارداد میں پاکستان میں ہونے والے فرانس مخالف مظاہروں کی بھی مذمت کی گئی۔

٭…پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے یورپ کی پارلیمنٹ کی جانب سےپاکستان کے عدالتی نظام اور قوانین پر تبصرے کو مایوس کن قرار دیا اور قرارداد کی منظوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یورپ کی پارلیمان میں پاکستان کے توہینِ مذہب کے قوانین پر بحث سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ پاکستان میں توہینِ مذہب کے قوانین کے سیاق و سباق اور اس سے جڑی حساسیت کو سمجھنے سے عاری ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان ایک پارلیمانی جمہوریت ہے اور یہاں سول سوسائٹی، آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ موجود ہیں۔ پاکستان اپنے شہریوں کے انسانی حقوق کی بلاتفریق حفاظت میں پُر عزم ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ ان کی بنیادی آزادیوں کی ضمانت آئین میں دی گئی ہے۔

٭…طالبان نے مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ اور سابق افغان صدر حامد کرزئی کو بھیجے جانے والے خط میں براہ راست بات چیت کا مطالبہ کیا ہے، مفاہمتی کونسل کے ادارے نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کےخط کا مقصد قومی سطح پر اختلاف پیدا کرنا ہے۔

٭…امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دوحہ میں جمعہ 30؍ اپریل کو بین الافغان مذاکرات کی موجودہ صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں امریکہ، روس، چین اور پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی جن کے لیے ‘‘ایکسٹینڈڈ ٹرائیکا ’’ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ اس اہم اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ افغانستان کے معاملے کا مذاکرات کی مدد سے دیرپا اور منصفانہ امن تلاش کرنے کے سوا کوئی حل موجود نہیں۔ اس اجلاس میں افغانستان اور طالبان کے ساتھ ساتھ میزبان قطر کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘‘ہم افغان عوام کی جانب سے دیرپا اور منصفانہ امن اور لڑائی کے خاتمے کی رائے عامہ کی خواہش اور ملک گیر مطالبے کو تسلیم کرتے ہیں’’۔

٭…افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان کو اقتدار میں شراکت داری کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ پاور شیئرنگ کے لیےجمہوری عمل میں آئیں۔ کوئی شخص جنگ اور تشدد کے ذریعے لوگوں پر اپنی خواہش نہیں تھوپ سکتا، یہی وقت ہے طالبان جنگ چھوڑدیں۔ یاد رہے کہ افغانستان کو ایک بار پھر سنگین صورتحال کا سامنا ہے جبکہ امریکہ اور نیٹو اتحادی ممالک نے افغانستان سے مزید فوجیں نکالنا شروع کردی ہیں۔

٭…ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ریکارڈ کی گئی گفتگو افشا ہونے کے بعد، صدر حسن روحانی نے جمعرات کے روز سرکاری تھنک ٹینک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر کے سربراہ حسام الدین آشینا کو تبدیل کر دیا ہے۔ ایرانی صدارتی دفتر سے منسلک ایک تھنک ٹینک، سٹریٹیجک سٹڈیز سینٹر سے منسلک ماہر معاشیات، سعید لیلاز نے جواد ظریف کا 7 گھنٹوں پر مشتمل طویل انٹرویو ریکارڈ کیا تھا، جسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ کرنا مقصود تھا۔ اس انٹرویومیں جواد ظریف نےاپنے اختیارات کے محدود ہونے اور پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کے بے تحاشا اختیارات کا ذکر کیا تھا۔ صدر حسن روحانی نے ریکارڈنگ افشا ہونے پر سخت ناراضگی کا اظہار اور تحقیقت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جواد ظریف کا انٹرویو سرکاری عہدیداروں کے ساتھ گفتگو کے ایک وسیع تر پراجیکٹ کا حصہ تھا۔

٭…یورپین یونین نے میانمار میں ان تمام افراد پر پابندیوں میں ایک سال کے لیے توسیع کردی ہے جن پر فروری میں ہونے والی فوجی بغاوت میں شریک ہونے یا پرامن مظاہرین پر تشدد کرنے یا روہنگیا مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے کے الزامات ہیں۔ میانمار کی فوج اور بارڈر گارڈ پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریٹو کونسل کے ممبران کے علاوہ میانمار کی فوج کے دو اداروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ جس میں یورپین یونین کی جانب سے میانمار کی فوج کو مختلف طرح کے اسلحے کی سپلائی، ٹریننگ اور ہر طرح کے فوجی تعاون پر پابندیاں بھی شامل ہیں۔

٭…چاند پر پہلے انسانی مشن اپالو II کے عملے میں شامل مائیکل کولنز 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ کولنز کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ چاند پر نیل آرمسٹرانگ اور ایلڈرن کی چہل قدمی کے وقت کولنزمدار میں تھے۔

٭…پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سفارت خانے کے عملے کے ناروا رویے، بدسلوکی اور رشوت طلب کرنے کی شکایات پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تعینات سفیر راجہ علی اعجاز کو معطل کرتے ہوئے سفارت خانے کے چھ افسران کو وطن واپس طلب کر لیا ہے۔ 29؍ اپریل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں مقیم تارکِ وطن پاکستانیوں کی شکایات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اعلیٰ اختیارات کی حامل ایک کمیٹی اس تمام معاملے کا جائزہ لے گی۔

٭…اسرائیل میں ماؤنٹ میرون پر مذہبی تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہلاکتوں کی تعداد 45 ہوگئی ہے، جبکہ 150 زخمی ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس واقعے کی تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش کریں گے کہ ایسے سانحات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ ان کے مطابق یہ اسرائیلی تاریخ کا بدترین سانحہ ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے متاثرہ علاقے کا دورہ بھی کیا۔

٭…کرغزستان اور تاجکستان کے متنازعہ سرحدی علاقے میں تازہ چھڑپوں میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔ دونوں ملکوں کے فوجیوں کی شمولیت کی وجہ سے تازہ جھڑپ کئی برسوں کے مقابل شدید ترین تھی۔ دونوں طرف کے اہلکاروں کی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں حالیہ کشیدگی کو پُرامن طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

٭…چین نے 29؍ اپریل کو اپنے پہلے مستقل خلائی سٹیشن کا ابتدائی موڈیول ‘تیانہے’ کامیابی سے روانہ کر دیا۔ یہ ایسا پہلا خلائی سٹیشن ہوگا جہاں خلاباز طویل عرصے تک قیام کر سکیں گے۔ یہ موڈیول ایک 5B راکٹ کے ذریعے چین کے جنوبی صوبے ہانیان کے وینچانگ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا۔ چین کے خلائی سٹیشن کو مکمل کرنے کے لیے اگلے سال کے آخر تک گیارہ ایسے مشن بھجوائے جائیں گے۔

٭…برطانوی جریدے دی لینسیٹ میں خواتین کے حمل ضائع ہونے سے متعلق تین پیپرز کی ایک نئی سیریز شائع کی گئی۔ بین الاقوامی محققین کی 31 افراد پر مشتمل ٹیم کے دنیا بھر سے حاصل کردہ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ تقریباً دو کروڑ 30لاکھ خواتین کے حمل ضائع ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق دو فی صد خواتین (یعنی ہر 50 میں سے ایک خاتون) کا دو مرتبہ حمل ضائع ہو جاتا ہے جبکہ ایک فی صد سے کم خواتین کو تین یا اس سے زائد بار حمل ضائع ہونے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محققین نے کہا ہے کہ حمل ضائع ہونے کو بہتر طور پر تسلیم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ایک نئے نظام جبکہ خواتین کو جسمانی اور ذہنی صحت کے حوالے سے ضروری نگہداشت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ محققین نے یہ دیکھا ہے کہ زیادہ تر اعداد و شمار امیر ممالک سے سامنے آئے ہیں۔

٭…بھارت میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیشِ نظر آسٹریلوی حکومت نے اپنے شہریوں کی بھارت سے وطن واپسی پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت سے آسٹریلیا آنے والے شہریوں کو پانچ سال تک قید اور 66 ہزار ڈالرز جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔ وزیر صحت گریگ ہنٹ نے پابندی کی خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا آسان کام نہیں تھا۔IPLمیں شامل آسٹریلوی کھلاڑی بھی بھارت میں ہیں۔

٭…پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کو پہلی مرتبہ ایک اننگز کے بڑے مارجن سے شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کا آغاز بھی فتح کے ساتھ کیا۔ ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ اس میچ میں پاکستانی فاسٹ بولرز حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی اپنی 50ویں وکٹ بھی حاصل کی۔

٭…انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میں آئی سی سی کے T20کرکٹ کے اصولوں میں ترمیم چاہتا ہوں۔ کرکٹ کے T20 فارمیٹ میں اگر کوئی کرکٹر 100 میٹر سے لمبا چھکا مارے تو اسے 6 کے بجائے 12 رنز دیے جائیں۔ کیون پیٹرسن کے مطابق ایسا کرنے سے T20کرکٹ کا جوش و خروش مزید بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ دی ہنڈرڈ لیگ میں بھی یہ تجربہ کرسکتا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button