عالمی خبریں

جماعت احمدیہ عالمگیر اور جلسہ ہائے یوم مسیح موعودؑ

23؍ مارچ 1889ء کو حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعود و مہدیٔ معہود علیہ الصلوٰۃ و السلام نے الٰہی نوشتوں کے مطابق لدھیانہ شہر کے دارالبیعت میں 40؍ افراد کی بیعت لے کر جماعت احمدیہ کی بنیاد رکھی جس کے ذریعہ تکمیل اشاعتِ دین کا کام ہونا مقدر ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ۔ یہ دن جماعت احمدیہ میں یوم مسیح موعود کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر سال دنیا بھر میں افراد جماعت احمدیہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے اپنے عہد بیعت کو تازہ کرنے کے لیے جلسوں کا انعقاد کرتے ہیں جن میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سیرت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جاتا ہے اور اس تاریخی دن کے حوالہ سے احمدیوں کو اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کی یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔

امام الزّماں حضرت مرزا غلام احمد قادیانی مسیح موعود و مہدی معہود علیہ الصلوٰۃ والسلام

ادارہ الفضل انٹرنیشنل کو مختلف ممالک کے نمائندگان الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے انتہائی محنت سے تیار کردہ ان جلسوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، ذیل میں تلخیص کے ساتھ یہ رپورٹس پیش کی جاتی ہیں۔
دنیا بھر میں ہونے والے ان جلسوں میں مختلف عناوین پر تقاریر کی گئیں۔ ان میں سے چند عناوین نمونۃً درج ہیں:

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سیرت سے ایمان افروز واقعات، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور وحی و الہام کی حقیقت، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی وحی اور الہامات کا تذکرہ، پیشگوئی در بارہ آمد حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ السلام، حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد کی اغراض و مقاصد، احمدیت کا تعارف، صداقت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام از روۓ بائیبل، صداقت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ، دنیا ایک موعود کی محتاج ہے، حضرت مسیح موعود ؑ کی آمد کی حقیقت، بیعت کی حقیقت، خلافت کی اطاعت، احمدیت کی مختصر تاریخ، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے کارنامے، بیعت کی اہمیت، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا عشق الٰہی، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا عشق رسول ﷺ، وفات مسیح ناصریؑ، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے منظو م کلام کی خصوصیات، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تصانیف لطیف آئینہ کمالاتِ اسلام اور حقیقۃ الوحی کا تعارف، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام بطور سلطان القلم، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے زمانہ کی علامات، امکانِ نبوت، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی صداقت اور بطور احمدی ہماری ذمہ داریاں، مسیح موعود اور امام مہدی علیہ السلام کو ماننا کیوں ضروری ہے؟، اسلام کی امتیازی خصوصیات، جماعت احمدیہ کی خدمت اسلام، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ذریعہ اسلام کا دفاع، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے لیے الٰہی مدد و نصرت، سورج کا مغرب سے طلوع ہونا اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا مغرب کو پیغام حق و دیگر۔

٭…اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال ایک کیریبین جزیرہ Guadeloupe میں پہلی مرتبہ جلسہ یوم مسیح موعود منعقد ہوا۔

(رپورٹ :لقمان احمد باجوہ۔مربی سلسلہ گواڈے لوپ)

٭… برطانیہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق متعدد جماعتوں میں جلسوں کا انعقاد کیا گیا۔ صرف لندن ریجن A اور B، ناٹنگھم اور جلنگھم ہیںمیں ہونے والے جلسوں میں کل تعداد شاملین 2372 تھی۔

(رپورٹ :راحیل احمد ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…کینیڈا میں ہونے والے جلسوں میں سے ٹورانٹو، مسس ساگا ،بریمٹن ، وینکور، کیلگری میں ہونے والے جلسوں کی رپورٹس موصول ہوئیں۔

(رپورٹ :ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…انڈونیشیا میں کل 89 جماعتوں میں جلسے منعقد ہوئے جن میں کل تعداد شاملین 6520 تھی ۔ ان میں 127 غیر از جماعت افراد نے شرکت کی جبکہ 4 بیعتیںبھی ہوئیں ۔ انڈونیشیا کے ریجنز جن میں جلسہ یوم مسیح موعودمنعقد ہوا وہ درج ذیل ہیں: زائر ملوکو، پاپوا سٹیٹ، جنوبی بورنیو، Gorontalo سٹیٹ، وسطی بورنیو، مغربی پاپوا، بانٹن سٹیٹ نمبر 2، شمالی سماٹرا، Sulawesi tenggara، جکارتا، مغربی جاوا نمبر 5، مغربی جاوا نمبر 1، مغربی جاوا نمبر 2، Bengkulu، مغربی جاوا نمبر 8، مرکز۔

(رپورٹ :فضل عمر فاروق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…لائبیریا:لائبیریا میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے 6 جماعتوں میں جلسہ یوم مسیح موعود منعقد ہوا جن میں شاملین کی کل تعداد 339تھی۔ ان جلسوں میں 57 غیر از جماعت افراد نے بھی شرکت کی ۔ان 6 جماعتوں کے نام درج ذیل ہیں: Monrovia City, Kpo River, Tubmanburg, Gbarnga, Sanoyea اور Ganta۔

(رپورٹ :منصور احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…نائیجر: نائیجر میں 28 مقامات پر جلسے منعقد ہوئے۔ کل حاضری 4610 تھی جبکہ 569 غیر از جماعت شامل تھے۔ نائیجر کے مندرجہ ذیل ریجنز میں جلسے منعقد ہوئے: نیامے،تلّہ بیری، مداوا، دوسو، مارادی اور کونی۔

(رپورٹ :عدیل احمدرضا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…تنزانیہ: تنزانیہ میں کل 14 ریجنز میں 116 مقامات پر یوم مسیح موعود منایا گیا۔ کل حاضری 4706 تھی اور 867 غیر از جماعت مہمانان نے بھی شرکت کی۔ ان 14 ریجنز کے نام یہ ہیں: دارالسلام ، اِرِنگا، مبیا، رُوُوما، ڈوڈومہ، مٹوارہ ، لِنڈی، اَروشا، ٹانگا، موروگورو، ٹبورا، کاگیرا،مارا اور کیگومار۔

(رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…تنزانیہ (جامعہ احمدیہ): جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں بھی جلسہ یوم مسیحِ موعود علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا۔جلسہ میں 85 طلباء و اساتذہ جامعہ و مہامانان نے شرکت کی ۔

(رپورٹ :عابد محمود بھٹی۔ پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ)

٭…نائیجیریا(جامعۃالمبشرین):جامعۃالمبشرین نائیجیریا میں بھی جلسہ یوم مسیحِ موعود علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا۔جلسہ میں 82طلباء و اساتذہ جامعہ و مہمامان کرام نے شرکت کی ۔

(رپورٹ:سید اطہر محمود۔ استاد جامعہ احمدیہ نائیجیریا)

٭…بورکینا فاسو: بورکینا فاسو میں چونکہ انہی دنوں میں جلسہ سالانہ منعقد ہورہا تھا اس لیے الگ سے جلسہ یوم مسیح موعود منعقد نہیں ہوسکے البتہ 22 مارچ 2019ء کے خطبہ جمعہ میں یوم مسیح موعود کے حوالہ سے بورکینا فاسو کی قریباً تمام مساجد میں یومِ مسیح موعودؑ کے حوالہ سے خطبات دیے گئے۔

(رپورٹ :اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…جرمنی: موصولہ رپورٹس کے مطابق 43؍جماعتوں میں اور3لوکل امارات میں جلسے منعقد ہوئے جن میں 3789؍احباب و خواتین نے شرکت کی۔

(رپورٹ :باسل احمد بھٹی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…سیرالیون: تمام ریجنز میں یوم مسیح موعود منایا گیا۔ اس موقع پر سکولوں اور جماعتوں میں الگ الگ جلسے منعقد کیے گئے۔ کل 290مقامات پر جلسے منعقد ہوئے اور ان میں 24,506 افراد نے شرکت کی۔ اسی طرح 132 سکولوں میں بھی جلسے کروائے گئے اور ان میں 42,487 افراد شامل ہوئے۔ ان جلسوں میں غیر از جماعت ائمہ کرام کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ سیرالیون کے ریجنز جہاں پر جلسہ منعقد ہوا درج ذیل ہیں: فری ٹاؤن، واٹرلُو، لُنگی، مشاکا، مائل 91، مویامبا، بو، کینما، دارُو، روکوپور، لُنسر، پورٹ لوگو، مکینی، جامعہ ، گبین ڈیمبو (Gbendembu)۔

(رپورٹ :عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…کانگو برازاویل:جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو ملک کے 14 مقامات پر جلسہ یوم مسیح موعود علیہ السلام کے انعقاد کی توفیق ملی۔جن میں 586 افراد نے شرکت کی۔ اسی طرح جماعت کو DRTV پر جو ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل ہے دو پروگرام حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کے بارے میں کرنے کی توفیق ملی۔

(رپورٹ :سعید احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…سری لنکا: سری لنکا میں خدا تعالیٰ کے فضل سے چار مقامات پر جلسے منعقد ہوئے جن میں شاملین کی کل تعداد 1278 تھی۔ یہ جلسے کولومبو، نیگومبو (یہان پر دو جلسے منعقد ہوئے)، پسیالہ شہر میں منعقد ہوئے۔ یومِ مسیح موعودؑ کے جلسہ کو لوکلTV چینل جسکا نام Derana TV ہے اور اسی طرح Radio چینل بنام Soorian FMنے بھی مورخہ 24مارچ کو میڈیا کوریج دی۔

(رپورٹ :مولوی مشتاق احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…بینن: اللہ تعالیٰ کے فضل سے بینن کے تمام ریجنز میں جلسہ جات یومِ مسیح موعود منعقد کیے گئے۔ جماعتی ضروریات کے پیشِ نظر اس ملک کو 16؍ ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ملک کے طول و عرض میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ پر مشتمل کل 117؍ جلسے منعقد کیے گئے جن میں گیارہ ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ان میں سات سو سے زائد غیر احمدی مہمان بھی شامل ہیں۔اکثر جلسوں کے اختتام پر مجلسِ سوال و جواب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

(رپورٹ :منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button