حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… ۶؍فروری کو ترکی اور شام میں آنے والے متعدد شدید زلزلوں کے سبب ہولناک تباہی ہوئی۔ متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، لوگ سڑکوں پر نکل آئے، زلزلے کی شدت ۷.۸ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا ۴بجے آنے والے زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔زلزے کا مرکز ترکی سے جنوب میں Nurdadi/Gaziantep تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی ۱۷.۹ کلومیٹر تھی۔اب تک ایک سو سے زائد آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔

زلزلے کے سبب خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، جبکہ بیشتر لوگ سوئے ہوئے تھے۔ زلزلے کے آفٹر شاکس ترکی کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جن کی شدت ۶.۷ ریکارڈ کی گئی، آفٹرشاکس تقریباً گیارہ منٹ بعد محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکے عراق، قبرص، یونان، اردن اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔دونوں ممالک میں کم و بیش ۵؍ہزار ۶۰۰؍سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے کے بعد ملبے تلے دبے زندہ افراد کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔دونوں ممالک میں مجموعی طور پر زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد ۱۶؍ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ حکام کا بتانا ہے کہ ترکیہ میں ۱۲؍ہزار ۸۷۳ اور شام میں ۳؍ہزار ۱۶۲؍افراد جاں بحق ہوچکے ہیںجبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور زیر علاج ہیں۔ صرف ترکی میں ۸؍ہزار سے زائد افراد کو زندہ بھی نکال لیا گیا ہے۔

زلزلے کے بعد ترکی کے صوبہ ہتائے میں قدرتی گیس کی پائپ لائنیں پھٹ گئیں جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اُٹھی اور کھیتوں میں پھیل گئی۔

متعدد ممالک کے سربراہان نے ترک صدر کو فون کر کے ان سے عوام اور متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ مختلف ممالک سے ریسکیو ٹیمز اورامدادی سامان ترکی پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔

٭… ترکی اور شام میں آنے والے زلزلے سے شدید تباہی ہوئی۔ شام کا جنگ زدہ شہر حلب متاثرہ ترین علاقوں میں سے ایک ہے، جہاں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔وائٹ ہیلمٹس کے ترجمان نے شمال مغربی شام کو آفت زدہ قرار دے دیا اور کہا کہ کئی خاندان ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ ملبے کے نیچے سے آوازیں آرہی ہیں، لیکن انہیں بچانے والا کوئی نہیں، کوئی مشینری نہیں ہے۔ہنگامی امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ زلزلے سے حلب میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے یا وہ تباہ ہوگئی ہیں۔۲۰۱۱ء کی خانہ جنگی کے باعث شہر میں پہلے ہی صورت حال ابتر تھی۔متاثرین کے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں، گھر تباہ ہو چکے ہیں اور وہ مزید زلزلوں سے خوفزدہ ہیں۔سرد موسم اور بارش ریسکیو کی کوششوں میں مشکل پیدا کر رہی ہیں، شام میں بین الاقوامی امداد پہنچنے میں بھی کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

٭… ترکی اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آنے کے بعد اٹلی میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا۔ اطالوی حکّام نے ٹوئٹر پر رہائشیوں کو متنبہ کیا ہےکہ وہ ساحلوں سے دور رہیں اور مقامی حکومتی اداروں کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

٭…ناروے کی حکومت نے یوکرین کےلیے اگلے پانچ سالوں کے دوران ۷.۳ ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات سے متاثر دیگر ممالک کو بھی امدادی رقم دی جائے گی۔ ناروے کے وزیراعظم جونس گاہر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہم یوکرین کو سالانہ پندرہ ارب کرونر (ایک ارب ۴۶؍کروڑ ۱۵؍لاکھ ۸۵؍ہزار امریکی ڈالر) اگلے پانچ سال تک فراہم کرتے رہیں گے۔ اس پیکج میں انسانی فلاح اور عسکری امداد شامل ہے، ممکن ہے کہ پارلیمنٹ پیکج کی حتمی رقم ختم کر دے کیونکہ حکومت کو عددی برتری حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے یوکرین جنگ سے متاثرہ دنیا کےجنوب میں واقع ممالک کےلیے بھی 5 ارب کرونر (۴۸؍کروڑ ۶۷؍لاکھ ۵۲؍ ہزار امریکی ڈالر) کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

٭… روس بڑے پیمانے پر ایرانی ڈیزائن کے ڈرونز تیار کرنے کےلیے نئی فیکٹری تعمیر کرے گا۔ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے اتحادی ملک کے حکام نے ڈرون فیکٹری کی تعمیر کے متعلق بتایا۔ایران کے ایک اعلیٰ وفد نے روس کا دورہ کیا تاکہ ییلابوگا شہر میں ڈرون فیکٹری تعمیر کرنے کےلیے جگہ کا انتخاب کیا جاسکے۔روس کی اس ڈرون فیکٹری میں آئندہ سالوں کے دوران ۶؍ہزار ڈرون تیار کیے جائیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی اس امر کا اقرار کرتے ہوئے پچھلے برس کہا تھا کہ ان کا ملک صدر ولادیمیر پیوٹن کی حکومت کو محدود تعداد میں ڈرونز دے رہا ہے۔

٭… امریکی صدر جوبائیڈن نے سٹیٹ آف دی یونین سے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کسی غلطی سے باز رہے، چین نے امریکی خود مختاری خطرے میں ڈالی تو بھرپور جواب دیں گے اور گذشتہ ہفتے ہم نے یہ کرکے بھی دکھایا۔میرے اقتدار میں آنے سے پہلے شور تھا کہ چین کی قوت بڑھ رہی ہے اور امریکہ کمزور ہورہا ہے، اب امریکہ دنیا میں نیچے نہیں جارہا۔میں نے صدر شی پر واضح کردیا ہے کہ ہم مقابلہ چاہتے ہیں، تنازع نہیں، صنعتی عمل میں تخلیقی کاموں کےلیے سرمایہ کاری مستقبل کی ضمانت ہے۔پیوٹن کی جارحیت امریکہ اور دنیا کے لیے امتحان ہے، جب تک جنگ جاری ہے امریکہ یوکرین کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ نیز جوبائیڈن نے کہا کہ کانگریس نے اسقاط حمل کا قانون منظور کیا تو میں ویٹو کردوں گا۔

٭… اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینیت کے بقول انہوں نے روسی صدر سے وعدہ لیا تھا کہ وہ اپنے یوکرینی ہم منصب کو قتل نہیں کریں گے۔ وہ جنگ کے ابتدائی ہفتوں میں ایک غیر متوقع ثالث کے طور پر ابھرے اور ان چند مغربی راہنماؤں میں سے ایک بن گئے جنہوں نے جنگ کے دوران صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کے لیے گذشتہ مارچ میں ماسکو کا مختصر دورہ کیا۔ اگرچہ نفتالی بینیت کی ثالثی کی کوششیں آج تک جاری خونریزی کو ختم کرنے کے لیے بہت کم کارآمد ثابت ہوئیں، لیکن ہفتے کی رات آن لائن پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کے ریمارکس نے پس پردہ سفارت کاری اور ان فوری کوششوں پر روشنی ڈالی جو اس تنازع کو ابتدائی ایام میں ختم کرنے کے لیے جاری تھیں۔

٭… ایران اپنی زیر زمین ایئر فورس بیس ’ایگل 44‘ منظر عام پر لے آیا۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایئر فورس بیس ہے جہاں کئی لڑاکا طیارے سما سکتے ہیں۔ ایگل 44 بیس لڑاکا اور ڈرون طیارے آپریٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ ایران کی اہم ترین ایئر فورس بیسز میں سے ایک ہے جو زیر زمین بنائی گئی ہے، یہاں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے لیس لڑاکا طیارے کھڑے ہوسکتے ہیں۔ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد بغیری نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر اسرائیل سمیت کسی بھی دشمن کے حملے کا جواب ہماری کئی ایئر فورس بیسز سے دیا جائے گا جس میں ایگل 44 بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ چند ہفتے قبل امریکہ اور اسرائیل نے تینوں مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں ’جونیپر اوک‘ کی تھیں جن میں لڑاکا طیاروں نے ایران کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا اظہار بھی کیا تھا۔

٭…پشاور حملے کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سرزمین استعمال نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ایران اور افغانستان میں وفد بھیجے جائیں گے۔ پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد اسلام آباد افغان طالبان کے سپریم لیڈر اور ایرانی حکام سے مطالبہ کریں گے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف حملوں میں استعمال نہ ہونے دیں۔ کابل میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کے افغانستان کی سرحد سے متصل علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ڈرامائی طورپر اضافہ دیکھا گیا ہے۔ حال ہی میں پشاور کے پولیس لائنز میں ایک مسجد میں دھماکے میں ایک سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ بدھ کو افغانستان کےوزیر خارجہ امیر خان متقی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کو ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے لیے دوسروں پر الزام نہیں لگانا چاہیے۔ انہیں اپنے گھر کے مسائل کو دیکھنا اور افغانستان پر الزام نہیں لگانا چاہیے۔

٭… پاکستان میں حکومت اور سیکیورٹی سے منسلک حکام نے ہمسایہ ملک افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ کے پشاور خودکش حملے سے متعلق بیان کو زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے نمک پاشی کے مترادف قرار دیا ہے۔ دارالحکومت کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے اس سنگین واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خطہ بارود، دھماکوں اور جنگوں سے آشنا ہے۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی جیکٹ، کوئی خودکش، کوئی چھوٹا بم اتنی تباہی پھیلائے۔ پچھلے ۲۰؍سالوں میں ہم نے کوئی بم ایسا نہیں دیکھا جو مسجد کی چھت اور سینکڑوں انسانوں کو اڑائے۔لہٰذا اس کی باریک بینی سے تحقیق ہونی چاہیے۔ اس کا الزام افغانستان پر نہ لگایا جائے۔

٭… انڈونیشیا کے صوبے پاپوا میں علیحدگی پسندوں نے ۷؍فروری کی صبح نیوزی لینڈ کے ایک چھوٹے چارٹر طیارے کے پائلٹ کو یرغمال بنا لیا۔ طیارہ پاپوا پہنچا تھا۔ صوبے کے پولیس ترجمان بینی آدی نے کہا کہ حکام واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔ پولیس اور فوجی اہلکاروں کو علاقے میں بھیجا ہے تاکہ پائلٹ اور پانچ مسافروں کو تلاش کیا جاسکے۔ ہم وہاں زیادہ اہلکار نہیں بھیج سکتے کیونکہ نڈوگا ایک دشوار گزار علاقہ ہے، وہاں صرف بذریعہ ہوائی جہاز ہی پہنچا جاسکتا ہے۔ ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، تنظیم نے کہا کہ پائلٹ کو تب تک رِہا نہیں کیا جائے گا جب تک انڈونیشی حکومت مغربی پاپوا کی آزادی تسلیم نہیں کرتی۔ باغی تنظیم نے جہاز میں سوار مسافروں کے متعلق کوئی بات نہیں کہی۔

٭… چلی کے جنوب وسطی حصے میں ہیٹ ویو کے باعث متعدد مقامات پر لگی جنگلات کی آگ بے قابو ہوگئی۔ خوفناک آگ نے امریکی شہر فلاڈیلفیا سے بھی بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ مختلف حادثات میں ۲۳؍افراد ہلاک، ۹۷۹؍زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ رہائشی علاقوں سے گیارہ سو افراد کا انخلا کروایا گیا ہے۔ آگ کے باعث متاثرہ حصوں میں ۸۸؍گھر تباہ اور ایک لاکھ ۱۶؍ہزار ایکڑ اراضی جل کر راکھ ہوگئی ہے۔ گذشتہ ہفتے سے جنگلات میں لگی ۲۳۱؍ میں سے ۸۰؍آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

٭…ایرانی عدلیہ کی سفارش پر ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے ملک کی جیلوں میں قید ہزاروں قیدیوں کے لیے معافی کا اعلان کردیا۔ معاف کیے جانے والوں میں حالیہ مظاہروں میں ملوث مظاہرین قیدی بھی شامل ہیں۔ قیدیوں کو دی گئی معافی میں ایران میں قید دُہری شہریت والے قیدی، غیرملکی ایجنسیوں اور ایران مخالف گروپوں کے لیے جاسوسی کرنے والے، ارادی قتل و تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے ملزمان شامل نہیں ہیں۔ اپنے کیے گئے جرائم پر نادم قیدیوں کے لیے معافی کی استدعا عدلیہ حکام کی جانب سے کی گئی۔

٭… انڈیا کی شمال مشرقی ریاست آسام کی حکومت نے کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لیے شروع کیے گئے کریک ڈاؤن میں کم عمر لڑکیوں سے شادی کرنے یا ایسی شادیوں کے انتظام کے الزام میں ۱۸۰۰؍سے زیادہ مردوں کو گرفتار کیا ہے۔ انڈیا میں شادی کی قانونی عمر ۱۸؍سال ہے لیکن اکثر اس قانون کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمانتا بسوا سرما نے کہا کہ پولیس کو ان لوگوں کو بھی گرفتار کرنے کا اختیار دیا جائے گا جو پچھلے سات سالوں میں کم عمری کی شادیوں میں ملوث رہے۔ ریاستی حکومت نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ انڈیا کے وفاقی قوانین کے تحت یہ گرفتاریاں کرے گی۔ ان قوانین میں پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیچوئل آفنسز ایکٹ بھی شامل ہے جس کا اطلاق ۱۴؍سال سے کم عمر کی لڑکیوں سے شادی کرنے والے مردوں پر کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button