اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ نے ملک کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک بھر کے ۸؍ریجنز کی ۱۱۷؍مختلف جماعتوں میں تربیتی کلاسز منعقد کرنے کی توفیق حاصل کی جس میں ۱۶؍ہزار ۷۶۰؍اطفال و ناصرات نے شمولیت اختیار کی۔ الحمدللہ، مختلف موضوعات کے حوالے سے ان تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ کلاسز کا دورانیہ مختلف رہا، کہیں تو کلاسز کا دورانیہ ایک ماہ تک مسلسل چلتا رہا تو کہیں پندرہ سے بیس روزہ بھی رہا۔ تربیتی کلاسز میں قرآن کلاس، نصاب وقف نو سے اطفال و ناصرات کو دینی معلومات، نماز سادہ، ادائیگی نماز کا صحیح طریق، مختلف قرآنی سورتوں کا حفظ، حفظِ احادیث نبویﷺ، دعائیں اورقصیدہ حضرت مسیح موعودؑسے بعض اشعار حفظ کروائے گئے۔ اس کے علاوہ معاشرہ میں ایک اچھا فرد جماعت بننے کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔ جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔ اس حوالے سے مشن ہاؤس، ہسپتال اور قبرستان وغیرہ میں وقار عمل بھی کروائے گئے۔ صبح کے وقت سب سے پہلی کلاس میں قرآن پاک اور قاعدہ یسرناالقرآن پڑھنے اور سیکھنے نیز ترتیل القرآن پر خاص توجہ دی گئی۔ بعد از نماز عصر درس ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعودؑ دیاجاتا جس کے بعد بچوں کی جسمانی نشوو نما کے ليے کھیل کا باقاعدہ وقت دیا جاتا۔ بعد از نماز مغرب سوال و جواب کا اجلاس ہوتا جس میں بچوں کے سوالات کے جواب دیے جاتے جس سے بڑے بھی فائدہ اٹھاتے۔ اس کے علاوہ آنحضرت ﷺکی حیات طیبہ اور حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ زندگی کے مختلف واقعات کو آسان فہم اور کہانی کی صورت میں بیان کیا جاتا رہا۔ خلفائے راشدین اور خلفائے احمدیت کا بھی تعارف کروایا گیا۔ اسلام احمدیت کے مختلف ادوار کا اجمالی ذکر بھی کیا گیا۔ تربیتی کلاسز کے دوران پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ باقاعدہ نماز تہجد اور درس قرآن وحدیث کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ان کلاسز سے جہاں افراد جماعت اور نومبائعین بچے اور بڑے مستفید ہوئے وہاں اکثریت غیر از جماعت بچوں کی بھی تھی جن کے والدین کو جماعتی تعلیم و تربیت پر بھرپور اعتماد ہے۔ ان کلاسز کے اختتام پر تمام اطفال میں حوصلہ افزائی کے ليے انعامات تقسیم کيے گئے۔ اللہ کرے کہ یہ تربیت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے اور جماعت احمدیہ کا مستقبل ہمیشہ کی طرح روشن اور تعلیم کے زیور سے آراستہ رہے۔ شاملین کو خدا تعالیٰ حقیقی رنگ میں اس تربیت کو عملی زندگی میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ) مزید پڑھیں: لائبیریا میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم کا بابرکت انعقاد