جلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ ترکی 2022ء

(رپورٹ: صادق احمد بٹ۔ صدر جماعت ترکی و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…دو ریجنل جلسوں کی صورت میں دو مختلف مقامات پر جلسہ سالانہ کا انعقاد

٭…مختلف موضوعات پر علمی اور تربیتی تقاریر

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت ترکی کو امسال اپنا بارھواں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک

اس سے قبل 2019ء میں ترکی کا جلسہ منعقد ہوا تھا۔ کورونا کی وبا کے ایام میں پابندیوں کی وجہ سے پچھلے 2سال جلسہ منعقد نہیں کیا جاسکا۔

امسال ترکی کے جلسہ سالانہ کی ایک خصوصیت یہ تھی کہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق جلسہ دو ریجنل جلسوں کی صورت میں دو مختلف مقامات پر منعقد ہوا۔ ملک ترکی، رقبہ کے اعتبار سے کافی وسیع ہے اور احباب جماعت ملک کے مختلف حصوں میں آباد ہیں۔ نیز جماعت ترکی کے احمدیوں کی ایک بھاری تعداد سیرین مہاجرین پر مشتمل ہے۔ ان مہاجرین کو قانونی طور اپنے علاقے سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر استنبول میں مورخہ 24 و 25ستمبر 2022ء کو جبکہ ترکی کےجنوب مشرق میں واقعہ اسکندرون میں 2؍اکتوبر 2022ء کو جلسہ سالانہ منعقد ہوا۔ الحمد للہ علی ذالک

جلسہ سالانہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے بیرون از ملک سے دو مہمان مقرر نے شرکت فرمائی: مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ مرکزی عربک ڈیسک و مکرم محمد احمد راشد صاحب مربی سلسلہ ترکش ڈیسک جرمنی۔

جلسہ سالانہ ترکی بقام استنبول

جلسہ گاہ کے لیے جماعت احمدیہ ترکی کے مرکزی مشن ہاؤس بیت الہادی سے 15کلومیٹر دور ایک ہال کرایہ پر لیا گیا۔ اس ہال کے ایک حصے میں خواتین کی جلسہ گاہ تیار کی گئی جہاں پر جلسہ کی کارروائی بذریعہ ویڈیو دیکھی گئی۔ یہ جگہ جماعت کے لیے نئی تھی۔یہاں پہلی دفعہ جلسہ منعقد کیا گیا۔

جلسہ کا پروگرام تین زبانوں، ترکی، عربی اور اردو میں ہوا۔ سٹیج پر ہونے والی تقاریر کا دو زبانوں میں رواں ترجمہ کیا جاتا رہا جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ سٹیج پر خوبصورت بینر لگایا گیا تھا جس پر کلمہ طیبہ اور قرآنِ کریم کی آیت اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ (سورة الرعد: 29) مع ترکی ترجمہ درج تھی۔

حاضرین جلسہ میں ترکی، عرب، پاکستان، گھانا اور شام سے تعلق رکھنے والے احمدی شامل تھے۔ یوکے سے چند مہمان بھی شامل ہوئے۔ جلسہ کی کارروائی کے دوران اطفال پانی پلانے کی ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔

جلسے کا پہلا روز۔ 24؍ستمبر بروز ہفتہ

جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی زیر صدارت مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ و مرکزی مہمان صبح 10:40 پر شروع ہوئی۔ تلاوت قرآنِ کریم مکرم خالد الصعیدی صاحب نے پیش کی۔ اور ترکش ترجمہ مکرم تُنجائے کیسیجی صاحب (Tuncay Kesici)نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم خواجہ عبد النور صاحب مربی سلسلہ نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا اردو پاکیزہ منظوم کلام خوش الحانی سےپڑھا۔

منظوم کلام کے بعد خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت ترکی) نے ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت اور برکات‘‘ کے موضوع پرترکش زبان میں تقریر کی جس میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کےارشادات کی روشنی میں جلسہ سالانہ کی اہمیت اور اس سلسلہ میں احباب جماعت پر عائد ہونے والی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

پہلے اجلاس کی دوسری تقریرمکرم جہاد منصور اللحام صاحب صدر جماعت استنبول (یورپ) نے کی۔ اس تقریر کا عنوان تھا: ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی شاملین جلسہ سے توقعات‘‘۔ موصوف نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے جلسہ یوکے کے افتتاحی خطاب میں سے چند اقتباسات پیش کیے جن میں بیعت کی غرض و غایت اور اس حوالے سے جلسہ سالانہ کی اہمیت بیان کی گئی تھی۔

بعد ازاں مکرم فاتح اوزترک صاحب (Fatih Öztürk) صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے مجلس خدام الاحمدیہ کا تعارف نیز مجلس خدام الاحمدیہ ترکی کی کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ترکی میں مجلس خدام الاحمدیہ کا باقاعدہ قیام اسی سال عمل میں آیا ہے۔

اس کے بعد مکرم عثمان شیکر صاحب (Osman Seker) معلم سلسلہ و جنرل سیکٹری جماعت ترکی نے موجودہ ٹرم کی نیشل مجلس عاملہ کا تعارف کروایا۔

نیشنل مجلس عاملہ جماعت ترکی 2022-2025 مرکزی مہمانوں کے ساتھ

اس کے ساتھ پہلے اجلاس کی کارروائی ختم ہوئی۔ کھانے کے وقفہ میں احباب نے ایک دوسرے سے ملاقات کی۔ کھانے کے بعد نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کے معاً بعد دوپہر سوا دو بجے دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم محمد احمد راشد صاحب مرکزی مہمان کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوتِ قرآن مکرم حافظ فضل ربی صاحب نے پیش کی۔ تلاوتِ قرآن کریم کا اردو ترجمہ مکرم حافظ عبد الحمید صاحب نے، جبکہ ترکش ترجمہ مکرم اَیرسوئے آلبائرک صاحب(Ersoy Albayrak) نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم ثمیر القھوجی صاحب نے حضر ت اقدس مسیح موعودؑ کا ایک عربی قصیدہ خوش الحانی سے پیش کیا۔ اجلاس دوم کی پہلی تقریر ترکش زبان میں مکرم سید عتیق احمد صاحب نے کی۔ اس کا عنوان فضائل القرآن تھا۔ مقر ر نے بڑے دلکش انداز میں قرآن کریم کے محاسن پیش کئے اور اس ضمن میں بالخصوص عربی زبان کی فضیلت، اس کا امّ الالسنہ ہونا نیز کلام ِ الہیٰ کے عربی زبان میں نازل ہونے کی حکمت پر روشنی ڈالی۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر مہمان مقرر مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک نے کی۔ یہ تقریر عربی زبان میں تھی۔ آپ نے خوشگوار عائلی زندگی کے حصول کے بارے میں اسلامی تعلیم پیش کی۔

اس تقریر کے ساتھ پونے چار بجے کے قریب مردانہ جلسہ گاہ سے پہلے روز کی کارروائی کا اختتام ہوا۔ اس کے بعد صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی زیر صدارت لجنہ اماء اللہ کا اجلاس ہوا۔

استنبول کے جلسے میں شاملین کی اکثریت استنبول اور گردو نواح میں مقیم احمدیوں کی تھی، یہ سب اپنے اپنے گھروں میں واپس چلے گئے۔ باہر کی جماعتوں سے آئے ہوئے احباب کی رہائش کا دو طرح سے انتظام کیا گیا۔ کچھ دوست جماعت کے مرکز ی مشن ہاؤ س میں رہے۔ اس کے علاوہ جماعت کی قدیم روایات کو اجاگر کرتے ہوئے کچھ فیملیس نے باہر سے آنے والے احباب کو اپنے گھروں میں بھی ٹھہرایا۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو مہمان نوازی کی بہترین جزا دے۔ آمین

جن احباب نے جماعتی مشن ہاؤس میں رات گزاری ان کے لیے یہاں شام کے کھانے اور اگلے دن صبح ناشتہ کا بھی انتظام کیا گیا۔

نیزمشن ہاؤس میں جلسہ کے دوسرے روز باجماعت نمازِ تہجد بھی ادا کی گئی اور نماز فجر کے بعد درس القرآن بھی ہوا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز۔ 25؍ستمبر بروز اتوار

جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز صبح پونے گیارہ بجے زیر صدارت مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک ہوا۔ مکرم زاہر المصری صاحب نے تلاوت قرآن پیش کی۔ اس کا ترکش ترجمہ مکرم فاتح اوزترک صاحب (Fatih Öztürk)نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم ساجد احسن صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کےاردو منظوم کلام میں سے چند اشعار خوش الحانی سے پیش کیے جن کا ترکش ترجمہ اس کے معاً بعد مکرم محمد علی اونجل صاحب (Muhammed Ali Öncel)نے پیش کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم کوبیلائے چل صاحب(Kubilay Çil) نیشنل سیکرٹری مال جماعت ترکی کی تھی۔ یہ تقریر ترکش زبان میں تھی اور اس کا عنوان ’’مالی قربانی کی اہمیت اور جماعت احمدیہ کا مالی نظام‘‘ تھا۔ مقرر نے سلائیڈز کی مدد سے حاضرین کو جماعت کے مالی نظام کا تعارف کروایا۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر مکرم حسام النقیب صاحب نے عربی زبان میں بعنوان ’’یرت النبیؐ ۔بیعت رضوان اور صلحہ حدیبیہ کے آئینہ میں‘‘ کی۔

اس کے بعد مکرم عثمان شیکر صاحب معلم سلسلہ و جنرل سیکٹری جماعت ترکی نے عرصہ گذشتہ تین سال کی جماعت ترکی کی کارگردگی رپورٹ پیش کی۔

اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم محمد احمد راشد صاحب مرکزی مہمان نے کی۔ یہ تقریر ترکش زبان میں تھی اور اس کا عنوان تھا: ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور اطاعت ِرسولؐ‘‘۔ آپ نے اپنی تقریر میں بڑے عمدہ انداز میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے کس طرح عملاً آنحضورؐ کی سنت کا احیا کیا۔

12:40بجے نماز اور کھانے کا وقفہ ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی سے قبل بغرض دعا جماعت ترکی کے ان احباب و خواتین کے نام پڑھے گئے جو پچھلے جلسہ سے اب تک وفات پاگئے تھے۔ ان میں سے چند کورونا کے عروج کے وقت فوت ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کے قریبی رشتہ دار بھی نماز جنازہ میں شامل نہ ہوسکے تھے۔ اس لیے ان سب مرحومین کی نماز ظہر و عصر کے بعد نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی۔

14:35بجے اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز زیرِ صدارت مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک ہوا۔ مکرم عثمان شیکر صاحب معلم سلسلہ نے تلاوتِ قرآن کریم مع ترکش ترجمہ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم خالد الصعیدی صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا ایک عربی قصیدہ پیش کیا۔

اس اجلاس کی پہلی تقری خاکسار نے اردو زبان میں کی۔ اس تقریر کا عنوان ’’انقلاب حقیقی‘‘ تھا۔ دراصل اس عنوان کے تحت حضرت مصلح موعودؓ کا ایک پر معارف خطاب کتابی شکل میں موجود ہے۔ خاکسار نے اس خطاب میں سے خلاصۃً چند نکات پیش کیے۔

بعد ازاں تقسیم اسناد کی کارروائی ہوئی جس میں دوران سال تعلیمی میدان میں نمایاں کارگردگی دکھانے والے احمدی بچوں اور بچیوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ صدر مجلس صاحب نے بچوں میں اور صدر لجنہ اماء اللہ ترکی نے بچیوں میں اسناد تقسیم کیں۔

ساڑھے تین بجے مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک نے اختتامی خطاب کیا اور دعا کے ساتھ چار بج کر دس منٹ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ دعا کے بعد مختلف گروپ فوٹوز ہوئیں۔ حاضری مجموعی طور پر 168 تھی۔

استنبول میں حاضرینِ جلسہ کے ساتھ ایک گروپ فوٹو

جلسہ سالانہ جنوب مشرق ترکی بقام اسکندرون

استنبول کے جلسے کے ایک ہفتہ بعد 2؍اکتوبر 2022ء کو اسکندرون میں جلسہ سالانہ منعقد ہوا۔ ترکی کے جنوب مشرق میں جو جماعتیں ہیں وہ سیرین مہاجرین پر مشتمل ہیں۔ اس لیے یہاں جلسہ کی کارروائی مکمل طور پر عربی زبان میں ہوئی۔ اس جلسہ میں بھی بیرون از ملک سے آئے ہوئے دونوںمرکزی مہمانان نے شرکت کی۔

اسکندرون میں بھی جلسہ گاہ کے لیے کرائے پہ ہال لیا گیا۔ اس جلسے میں دو اجلاس ہوئے۔

پہلا اجلاس

جلسہ کی کارروائی کا آغاز صبح گیارہ بج کر بیس منٹ پر تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا جو مکرم صلاح فضیل صاحب نے کی۔ اس کے بعد مکرم محمد فہد صاحب نے ایک عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس کے بعد درج ذیل تین تقاریر پیش کی گئیں: مکرم صلاح قطیش صاحب بعنوان ’’جلسہ سالانہ کی اہمیت‘‘، مکرم خالد حنکات صاحب بعنوان ’’تحریک جدید‘‘ اور مکرم اکرم حسن صاحب بعنوان ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘۔ اس کے بعد مکرم عبد النور خواجہ صاحب مربی سلسلہ نے خوش الحانی سے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا ایک عربی قصیدہ پیش کیا۔

قصیدہ کے بعد مزید دو تقاریر پیش کی گئیںجو درج ذیل ہیں: مکرم ذوالفقار اورفہلی صاحب بعنوان ’’تحریک وقفِ نو‘‘ اور مکرم سلیم الکردی صاحب بعنوان ’’تربیت‘‘۔

بعد ازاں کھانے کا وقفہ ہوا۔ اسی طرح وقفہ میں نمازِ ظہر و عصر ادا کی گئیں۔

دوسرا و اختتامی اجلاس

دوپہر تین بجے جلسے کے دوسرے اور اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآنِ کریم مکرم محمد یوسف صاحب نے کی۔ اس کے بعد مکرم محمد فہد صاحب نے ایک عربی قصیدہ خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس اجلاس میں مکرم سلیم الکردی صاحب نے ایک مختصر تقریرکی جس میں انہوں نے حضرت اقدس مسیح موعود ؑکے Alexander Dowie کو چیلنج نیز Dowieکے انجام پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں استنبول کی طرح یہاں بھی تقسیم اسناد کی کارروائی ہوئی جس میں دوران سال تعلیمی میدان میں نمایاں کارگردگی دکھانے والے احمدی بچوں اور بچیوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ نے بچوں میں اور صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ اسکندرون نے بچیوں میں اسناد تقسیم کیں۔

اس کے بعد مکرم محمد طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ نے اختتامی خطاب کیا اور دعا کے ساتھ چار بج کر بیس منٹ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ دعا کے بعد یہاں بھی مختلف گروپ فوٹوز ہوئیں۔ حاضری مجموعی طور پر 140 تھی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شاملین جلسہ کو کما حقہ اس کی برکات سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے، نیز تمام کارکنان اور انتظامیہ کو بھی بہترین جزاء عطاء فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button