اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

درخواستِ دعا

٭… ارشد محمودصاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان تحریر کرتے ہیں کہ مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان کی والدہ صاحبہ محترمہ نسیم بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبداللطیف صاحب سابق امیر ضلع خیرپور حال مقیم لندن بعارضہ بڑی آنت کے کینسر کےبیمار ہیں۔ ڈاکٹرز نے مزید علاج سے انکار کر دیا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تجویز کردہ ہومیو پیتھی ادویات سے علاج جاری ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ معجزانہ طور پر شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور صحت و سلامتی والی دراز و فعال زندگی عطا فرمائے۔ آمین

اعلانِ ولادت

٭…زاہدہ راحت صاحبہ بریمپٹن، کینیڈاسےتحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے میرے بڑے بیٹے عزیزم فرحان احمد حمزہ قریشی (مربی سلسلہ، استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا) اور بہو عزیزہ صائمہ فرحان کو مؤرخہ 18 اپریل2022ء کو بیٹا عطا فرمایا ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک! نومولود کا نام ‘بشیر احمد سعد قریشی’ رکھا گیا ہے اور بچہ خدا تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نو کی مبارک تحریک میں شامل ہے۔

عزیزم بشیر احمد سعد سلّمہ ربّہٗ مکرم عبد الحلیم قریشی صاحب اور خاکسار کا پوتا ہے اور مکرم عرفان محمود ملک صاحب اور محترمہ عظمیٰ ناہید سہگل صاحبہ (بریمپٹن، کینیڈا) کا نواسہ ہے۔ نیز بچہ مکرم عبد المنان قریشی صاحب مرحوم اور مکرم الحاج چودھری بشیر احمد صاحب مرحوم سابق نیشنل سیکرٹری وصایا و رشتہ ناطہ کینیڈا کا پڑ پوتا ہے۔

احبابِ جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود کو صحت و عافیت والی لمبی، فعال اور بامراد عمر عطا فرمائے۔ سعادت مند، صالح اور خادمِ دین بنائےاور والدین اور خاندان کے لیے قرة العین ہو۔ آمین

سانحہ ہائےارتحال

٭…شیخ لطیف احمد صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یوکے تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے بڑے بھائی مکرم نعیم احمد شاہد صاحب ابن مکرم شیخ عابد علی صاحب مقیم آسٹریلیا گزشتہ چار سال سے کینسر کے عارضہ کا بڑی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے بالآخر مؤرخہ 23؍مئی 2022ء بروز سوموار بعمر 67سال بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت شیخ اصغرعلی صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ رفیق حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام کے پوتے تھے۔

مرحوم خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے موصی تھے ۔آپ خدا کے فضل سے نہایت ملنسار، خوش گفتار، اعلیٰ اخلاق ،مہمان نواز اور جماعتی طور پر ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار رہنے والی شخصیت تھے ۔ خلافت احمدیہ سے وابستگی ،وفا اور اطاعت بے مثال تھی ۔ اپنے رفقائے کار کو بھی ہمیشہ خلافت احمدیہ کے ساتھ وابستہ رہنے کی طرف توجہ دلاتے رہتے تھے ۔ مالی قربانیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کےحصہ لیتے اور اوّلین وقت میں چندہ جات ادا کرنے کی کوشش کرتے تھے ۔ عزیزوں، رشتہ داروں کے علاوہ غرباء اور یتیموں سے بہت زیادہ حسن سلوک کا برتاؤ کرتے تھے۔ ہمیشہ ان کی مدد کے لیے کوشاں رہتے تھے۔اپنی جماعت میں آنے والے مرکزی اور دیگر مہمانان کی انتہائی خوشدلی سے مہمان نوازی اور خاطر تواضع اپنے گھر میں کرنے میں فخر محسوس کرتے تھے۔خصوصاً مربیان کرام اور واقفین سے بے انتہا محبت اور عقیدت سے پیش آتے تھے۔ آپ کی وفات پرنہ صرف جماعتی احباب بلکہ آپ کے غیر از جماعت دوستوں نے بھی گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آپ کے بارے میں انتہائی مثبت تاثرات بیان کیے۔

آپ کو پاکستان میں مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصار اللہ میں مختلف شعبہ جات میں کام کرنے کے علاوہ بطور سیکرٹری تحریک جدیدو وقف جدید اور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق ملی۔ اسی طرح آسٹریلیا میں بطور صدر جماعت میلبرن ویسٹ، سیکرٹری امور عامہ،سیکرٹری تربیت،سیکرٹری رشتہ ناطہ اور زعیم مجلس انصار اللہ خدمت کی بھی توفیق ملی ۔

میلبرن ویسٹ جماعت کا پہلا نماز سینٹر2015ءمیں مرحوم کی کاوشوں سے قائم کیا گیا۔بعدازاں 2016ء تا 2019ءبحیثیت صدر جماعت خدمت کی توفیق پاتے ہوئے نماز سینٹر کی تزئین و آرائش، اسے آباد کرنے اور مرکزی ہدایت کے مطابق اطفال الاحمدیہ کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے لیے مسرور اکیڈمی کے قیام اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے میں مرحوم نے انتہائی جانفشانی اور انتھک محنت سے اپنا کردار ادا کیا۔

مکرم و محترم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت احمدیہ آسٹریلیا کا آپ سے انتہائی پیار کا رشتہ تھا ۔انہوں نے آپ کی دوران علالت ہمیشہ خبر گیری کی اور مختلف اجتماعات کے موقع پرآپ کی صحتیابی کے لیے دعا بھی کروائی۔ محترم امیر صاحب آپ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے خاص طور پر سڈنی شہر سے لمبا سفر طے کر کے تشریف لائے اور مؤرخہ 25؍مئی 2022ء بروز بُدھ دوپہر ایک بجکردس منٹ پرڈنڈی نوگ قبرستان میلبرن میں آپ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں عزیزو اقارب سمیت 175؍افراد نے شرکت کی۔بعد ازاں اسی قبرستان میں قطعہ موصیان کی پہلی قبر میں آپ کی تدفین کے بعد محترم امیر صاحب نے دعا کروائی۔

آپ نے پسماندگان میں اہلیہ،چار بیٹے، تین بیٹیوں کے علاوہ والدہ محترمہ ، چار بہنیں اور دو بھائی یادگار چھوڑےہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم منصور نعیم صاحب مربی سلسلہ ہیں اور آج کل طاہر فاؤنڈیشن ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔قارئین کرام سے مرحوم کی مغفرت ، بلندیٔ درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کے حصول کے لیے دعاؤں کی درخواست ہے۔ آمین

٭…مکرم راناسلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے تایا زاد مکرم و محترم ماسٹر رانا نذیر احمد بدرصاحب ابن حضرت چودھری محمد حسین صاحب رفیق حضرت مسیح موعود علیہ السلام بعمر تقریباً 91سال مورخہ 04مئی 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون

مرحوم نماز اور روزہ کے پابند،تہجد گذار، شریف النفس وجود تھے ۔ آپ اوّلین وقت میں اپنے تمام چندہ جات ادا کر دیا کرتے تھےاور کبھی بھی کسی چندہ کی دوسری قسط نہیں کی۔ آپ لمبا عرصہ چک نمبر 89ج ب رتن ضلع فیصل آباد کے صدر جماعت اور تقریباً 8سال امیرحلقہ سرشمیر روڈ بھی رہے۔ آپ جب تک گاؤں میں رہے سائیکل پر اپنی جماعتوں کا دورہ باقاعدگی سے کرتے تھے۔ آپ پیشہ کے لحاظ سے ٹیچرتھے۔ سرشمیر روڈ، چک نمبر88ج ب کے علاوہ اَور بھی کئی جگہوں پر پڑھاتے رہے۔ آپ کے شاگرد خدا تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کے علاوہ جرمنی، لندن اوردیگر ملکوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ آپ نماز باجماعت پابندی کے ساتھ ادا کیا کرتے تھے ۔ عزیزوں اور رشتہ داروں سے بہت زیادہ حسن سلوک کا برتاؤ کرتے تھے۔ اپنے غیر از جماعت عزیز وں سے بھی بہت اچھا سلوک تھا ۔ ان کی وفات پر سب نے بہت اچھے تاثرات کا اظہار کیا۔ آپ کی زندگی میں آپ کے دو بیٹے عزیزم افتخار توقیر امجد اور اشتیاق توصیف ساجد وفات پا گئے تھے ان دونوں کی وفات پر آپ نے کمال صبر کا نمونہ دکھایا اور اعلیٰ مثال قائم کی ۔ آپ نے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے تمام بچوں کی شادیاں بھی کیں۔ آپ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے موصی تھے آپ کی نماز جنازہ مکرم و محترم نائب ناظر صاحب اصلاح و ارشاد مرکزیہ نے پڑھائی جس میں کثیر تعداد میں عزیزو اقارب کے علاوہ غیر از جماعت بھی شریک ہوئے۔ بہشتی مقبرہ طاہر آباد میں تدفین کے بعد ایک بزرگ پروفیسر جامعہ احمدیہ ربوہ نے دعا کرائی۔ آپ نے اپنی یادگار 2بیٹے تین بیٹیاںعزیزم ممتاز ظہیر شاہد صاحب جرمنی، امتیاز نصیر طاہر صاحب آف جرمنی عزیزہ ساجدہ ناہید اختر زوجہ محمد اکرم صاحب مرحوم ، شازیہ رضوانہ اہلیہ مکرم خاور سہیل صاحب اور عابدہ یمنہ اہلیہ رانا خالد پرویز صاحب آف جرمنی کے علاوہ 7 پوتے 7 پوتیاں 7نواسے اور 3نواسیاں یادگار چھوڑے ہیں ۔

احباب سے اس مخلص خادم سلسلہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی خصوصی درخواست ہے نیز دعا کریں کہ مولیٰ کریم ان کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کے بچوں کو ان کی نیکیاں یاد رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button