مصروفیات حضور انور

حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کی مصروفیات

…17؍ اکتوبر بروز بدھ: ( امریکہ) حضورِ انور آج میری لینڈ سے فلاڈلفیا تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے نَو تعمیر شدہ مسجد ’بیت العافیت‘ کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرماکر اجتماعی دعا کروائی۔ (مسجد کا باقاعدہ افتتاح 19؍ اکتوبر بروز جمعۃ المبارک کو عمل میں آیا۔) نیز اس کا معائنہ فرمایا۔اسی شام مختلف فیملیز نے حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

…18؍ اکتوبر بروز جمعرات: مختلف فیملیز نے حضورِ انور سے آج شام مسجد ’بیت العافیت‘ میں شرفِ ملاقات حاصل کیا۔

…19؍ اکتوبر بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ایّدہ اللہ نے آج مسجد ’بیت العافیت‘ فلاڈلفیا سے خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ یہ خطبہ GMTکے مطابق شام پانچ بجے ایم ٹی اے کے مواصلاتی رابطوں کے ذریعہ پوری دنیا میں براہِ راست نشر کیا گیا۔ شام پانچ بجے فلاڈلفیا کے میئر جیمز کینی (James Kenny)اور کانگریس مین ڈوائیٹ ایوَنز(Dwight Evans)نے حضورِ انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ شام کو میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ پریس کانفرنس فرمائی۔بعد ازاں مسجد کے افتتاح کے سلسلہ میں منعقد کی جانے والے تقریب میں رونق افروز ہوئے اور صدارتی خطاب فرمایا۔

…20؍ اکتوبر بروز ہفتہ: آج صبح فلاڈلفیاکے ممبرانِ جماعت نے مختلف گروپس کی شکل میں حضورِانور سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ بعدازاں مسجد سے بالٹی مور(Baltimore) کے لئے روانہ ہوئے۔ حضورِ انور پہلے ڈاکٹر بیکر (Baker) کی آخری آرامگاہ پر تشریف لے گئے جنہوں نےبیسویں صدی کے آغاز میں جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ حضورِ انور نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 26؍اکتوبر میں ان کا ذکر بھی فرمایا تھا۔حضورِ انور نے مرحوم کی آخری آرامگاہ پر دعا کی۔

…مسجد بیت الصمد (بالٹی مور) کا افتتاح: دو بجے بعد دوپہر کے قریب حضورِ انور مسجد ’بیت الصمد‘ بالٹی مور (Baltimore) میں رونق افروز ہوئے اور نمازِ ظہر و عصر پڑھا کر اس مسجد کا افتتاح فرمایا۔ بعد ازاں یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرما کر اجتماعی دعا کروائی۔ اس کے بعد ہِلٹن ہوٹل تشریف لے گئے جہاں پریس کانفرنس فرمائی۔ مختلف معزّزین سے ملاقات کے بعد حضورِانور مسجد ’بیت الصّمد‘کے افتتاح کے سلسلہ میں منعقد کی جانے والی تقریب میں رونق افروز ہوئے اور صدارتی خطاب فرمایا۔ اسی شام بالٹی مور سے واپس مسجد بیت الرحمٰن (میری لینڈ) تشریف لے آئے۔

…21؍ اکتوبر بروز اتوار: حضورِ انور Dulles ایئرپورٹ سے ہیوسٹن(Houston)، ٹیکساس کے لئے روانہ ہوئے۔ حضورِ انور شام پونے چھ بجے مسجد ’بیت السمیع‘ ہیوسٹن رونق افروز ہوئے جہاں ایک ہزار کے قریب احمدی حضورِ انور کے استقبال کے لئے موجود تھے۔

(تفصیلی رپورٹ آئندہ شماروں میں۔انشاء اللہ)

اَللّٰھُمَّ أَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button