٭…متحدہ عرب امارات نے رہائشی اور امیگریشن قوانین مزید سخت کرتے ہوئے غیر قانونی افراد کو پناہ، نوکری یا رہائش دینے والوں پر پچاس لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق ایسے اقدامات قومی سلامتی کے خلاف جرم تصور کیے جائیں گے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کے ساتھ جیل بھی ہو سکتی ہے۔ وزٹ ویزے پر کام کرنا جرم قرار دیا گیا ہے، جس پر دس ہزار درہم جرمانہ ہو گا، اور جعلی رہائشی دستاویزات رکھنے پر دس سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ امارات نے لیبر مارکیٹ کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔ ٭…حماس نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے اسرائیل پر عالمی دباؤ میں اضافہ کیا جائے۔ عرب میڈیا کے مطابق سینئر حماس راہنما حسام بدران نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو سیز فائر کو برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کو طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کرانے میں اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ دوسری جانب فلسطینی وزارتِ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ۱۰؍اکتوبر کے سیز فائر معاہدے کے بعد بھی اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں ۳۷۷؍فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جس سے صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔ ٭…تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہیں۔ تازہ حملوں میں ایک تھائی فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوئے، جبکہ تھائی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے متنازع سرحد کے نئے مقامات تک کارروائیاں بڑھا دی ہیں اور فوجی اہداف پر طیاروں کے ذریعے حملے کیے جا رہے ہیں۔ تھائی فوج کے مطابق کمبوڈین ملٹری نے ہتھیاروں اور اہلکاروں کی تعیناتی میں اضافہ کیا ہے۔ ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے دونوں ممالک سے تحمل کی اپیل کی ہے۔ فریقین ایک دوسرے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔ ٭…بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مسلسل دوسرے ہفتے تین بین الاقوامی پروازوں کے لیے بم کی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئیں۔ ای میلز میں انڈیگو، لفتھانزا اور برٹش ایئرویز کی پروازیں شامل تھیں، تاہم تمام طیارے محفوظ طریقے سے لینڈ کر گئیں اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ ایئرپورٹ حکام نے فوری طور پر ہائی الرٹ جاری کیا اور لینڈنگ کے بعد مسافروں اور سامان کی تفصیلی تلاشی لی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جن میں ایمریٹس اور انڈیگو کی دیگر بین الاقوامی پروازیں شامل تھیں۔ ٭…مراکش میں دوعمارتیں گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد ۲۲؍ہوگئی جبکہ ۱۶؍افراد زخمی ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کے بعد اطراف کی عمارتوں کو خالی کرالیا گیا۔حکام کے مطابق ایک عمارت کی چھت پر تقریب ہورہی تھی جبکہ دوسری خالی تھی۔ واقعہ کی وجوہات کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ٭…امریکہ میں پیدائش کی بنیاد پر شہریت کا مسئلہ دوبارہ سیاسی اور قانونی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ آئینی حق بنیادی طور پر خانہ جنگی کے بعد سابق غلاموں کے بچوں کے لیے وضع کیا گیا تھا، نہ کہ ان افراد کے لیے جو محض امریکہ میں بچے کی پیدائش کے ذریعے اپنے خاندان کو شہریت دلوانا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں امریکہ لاکھوں ایسے افراد کو سنبھالنے کی استطاعت نہیں رکھتا، جنہیں ’برتھ رائٹ سٹیزن شپ‘ کے تحت شہری سمجھا جاتا ہے، اور ۱۴ ویں ترمیم کا مقصد امیر غیر ملکیوں کے لیے شہریت کا راستہ کھولنا کبھی نہیں تھا۔ ٭…عالمی اداروں نے افغان طالبان کے دور میں صحافیوں پر تشدد اور گرفتاریوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ صحافیوں کے تحفظ کی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے طالبان سے صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۱ءمیں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں صحافت کی آزادی شدید متاثر ہوئی ہے اور کم از کم دو صحافی، مہدی انصاری اور حمید فرہادی ابھی بھی حراست میں ہیں۔ صحافی بلاجواز گرفتار، تشدد کا شکار اور دھمکیوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ درجنوں میڈیا ادارے بند ہو چکے ہیں اور خواتین صحافیوں کو سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔ ٭…٭…٭