https://youtu.be/N5j9CzjKbmM ٭…اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو، جو متعدد مبینہ کرپشن کیسز اور بین الاقوامی عدالت کو جنگی جرائم میں مطلوب ہونے کا سامنا کر رہے ہیں، نے اپنے خلاف کیسز کو سوشل میڈیا پر ’’بگ بنی ٹرائل‘‘ کہہ کر مذاق کا نشانہ بنایا ہے۔ جمعرات کی رات سے جاری تین منٹ کی ویڈیو میں انہوں نے اپنی پہلے کی معافی کی درخواست کو دوبارہ دہرایا اور دعویٰ کیا کہ ان مقدمات سے قوم تقسیم ہو رہی ہے۔یہ ویڈیو اس کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے جب انہوں نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو معافی کی باضابطہ درخواست دی تھی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی نیتن یاہو کے حق میں کرپشن کیسز ختم کرنے کی حمایت کر چکے ہیں۔نیتن یاہو نے مقدمات کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد انہیں منصب سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے گڑیا پکڑ کر استغاثہ کا مذاق اڑایا، دعویٰ کیا کہ معمولی چیزوں کو بھی ان کے خلاف ثبوت بنایا جا رہا ہے۔ ادھر تل ابیب میں ان کی پیشی سے قبل حامیوں اور مخالفین نے مظاہرے کیے۔ ٭…اسرائیلی صدر نے ٹرمپ کی نیتن یاہو کو معافی کی درخواست مسترد کردی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو معافی دینے کی درخواست اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے مسترد کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق نیتن یاہو گذشتہ پانچ سال سے بدعنوانی کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔صدر ہرزوگ کا کہنا ہے کہ وہ ٹرمپ کی دوستی کا احترام کرتے ہیں، تاہم اسرائیل ایک خودمختار ملک ہے اور اس کے عدالتی نظام کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے اس درخواست کو ’’غیر معمولی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بھلائی ان کی پہلی ترجیح ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے اپنے خط میں نیتن یاہو پر بدعنوانی کے الزامات کو سیاسی اور غیرمنصفانہ قرار دیا تھا۔ ٭…یونان کے قریب بحیرہ روم میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے ۱۷؍افراد ہلاک ہو گئے۔ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثہ جزیرے کریٹ کے جنوب مغرب میں پیش آیا، جہاں کشتی سے دو افراد زندہ ملے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق زندہ بچنے والوں نے بتایا کہ خراب موسم کے باعث کشتی کو نقصان پہنچا اور ان کے پاس کھانے پینے کی کوئی چیز نہیں تھی۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کو دو دن گزر چکے تھے مگر مدد نہ پہنچ سکی۔ کشتی کا سراغ پہلی بار ترکیہ کے ایک مال بردار جہاز نے لگایا تھا۔ ٭…پاکستان کی فضائی حدود پر عائد پابندیوں کے بعد بھارتی ایئرلائن انڈیگو کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ ترک نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق ایئرلائن نے ۵۰۰؍پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ بدانتظامی اور ناقص منصوبہ بندی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چار روز سے جاری یہ بحران ایئرلائن کے پورے نیٹ ورک کو مفلوج کر چکا ہے۔ ممبئی میں ۱۰۴؍، بنگلورو میں ۱۰۲؍اور حیدرآباد میں ۹۲؍پروازیں منسوخ ہوئیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق انڈیگو کی وقت پر پروازوں کی شرح صرف ۸.۵؍فیصد رہ گئی ہے۔ انڈیگو بھارت کے اندرونِ ملک فضائی آپریشن میں پہلے ساٹھ فیصد سے زائد حصہ رکھتی تھی۔ ٭…فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل قبضہ ختم کر دے تو وہ اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق حماس کے راہنما خلیل الحیہ کا کہنا ہے کہ ان کے ہتھیار جارحیت سے جڑے ہیں، اور قبضہ ختم ہوتے ہی یہ ریاست کے حوالے کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حماس اقوامِ متحدہ کی ایسی فورس کی تعیناتی قبول کرے گی جو سرحدوں کی نگرانی اور جنگ بندی پر عمل کرائے، تاہم ایسی کسی بین الاقوامی فورس کو مسترد کرتی ہے جس کا مقصد انہیں غیر مسلح کرنا ہو۔ادھر جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی بمباری سے غزہ میں مزید درجنوں افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ٭…امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ پر انسپکٹر جنرل کی رپورٹ اور کیریبین سمندر میں مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے بعد مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے ارکان ان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں الزام ہے کہ ہیگستھ نے خفیہ ملٹری انٹیلیجنس معلومات کا غیر مناسب استعمال کیا۔ ان پر یہ الزام بھی عائد ہے کہ انہوں نے کیریبین میں عام کشتیوں پر حملوں کے احکامات دیے، جس کے باعث ان پر جنگی جرائم کا مقدمہ بن سکتا ہے۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا پیس پرائز ایوارڈ ملنے کو اپنی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک قرار دیا ہے۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے انہیں متعدد جنگیں رکوانے، بات چیت کو فروغ دینے اور عالمی تناؤ میں کمی کی کوششوں پر اپنا پہلا امن ایوارڈ دیا۔ تقریب ٹرمپ کی خواہش پر واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں منعقد ہوئی، جہاں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے انہیں ایوارڈ پیش کیا۔ خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ انعام کے لیے نہیں بلکہ تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنے دورِ صدارت میں انہوں نے آٹھ جنگیں ختم کیں۔ ٭…یورپی یونین نے ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ۱۴۰؍ملین ڈالر جرمانہ عائد کیا۔ جرمانہ آن لائن مواد کے قوانین کی خلاف ورزی پر لگایا گیا۔ یورپی کمیشن کے مطابق ایکس نے غیر قانونی اور نقصان دہ مواد کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے۔ تحقیقات دو سال تک جاری رہیں۔ ایلون مسک نے آزادیٔ اظہار پر زور دیا، امریکی حکام نے فیصلہ امریکی کمپنیوں کے خلاف تعصب قرار دیا۔ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ یہ ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کے تحت آن لائن ضوابط کے نفاذ کے لیے ہے۔