ماہر دندان (ڈینٹسٹ) و انچارج احمدیہ ڈینٹل سرجری کلینک گیمبیا مکرم سعد امین ملک صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کلینک کو قائم ہوئے امسال ۵۳؍سال ہوگئےہیں۔ کلینک کے سٹاف نے اس ۵۳؍سالہ خدمت کو مورخہ ۷؍نومبر ۲۰۲۵ء کو اکٹھے ہوکر منایا۔ اس موقع پر مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا مہمان خصوصی تھے۔ اس کے علاوہ احمدیہ ہسپتال ٹلنڈنگ کے انچارج مکرم ڈاکٹر تنویر احمد صاحب، احمدیہ پریس کے انچارج مکرم رانا محمد ظہیر احمد صاحب، انچارج ایم ٹی اے گیمبیا مکرم عبدالرحمٰن چام صاحب، مختلف مربیان، سٹاف و دیگر احباب شامل ہوئے۔ احمدیہ ڈینٹل کلینک ۱۹۷۲ء میں بانجل میں شروع ہوا تھا جس کے دس سال بعد یہ کلینک کومبو (جہاں ملک کی آبادی اکثریت میں ہے) منتقل ہوگیا۔ دوران تقریب خاکسار نے ڈینٹل کلینک کے ابتدائی ڈاکٹر صاحبان اور دیگر احباب کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کے چند ہی سال بعد انتہائی نامساعد حالات میں کلینک شروع کیا اور اس کے ليے قربانی دی اور کامیابی کا یہ سلسلہ اللہ کے فضل سے آج تک جاری ہے اور بے شمار مریضوں کو اللہ تعالیٰ یہاں سے شفا عطا فرما رہا ہے۔ احمدیہ کلینک کی خاص بات کم قیمت میں نہایت معیاری علاج کی فراہمی ہے۔ کلینک میں دانتوں کا علاج، صفائی، ایکسرے کے ساتھ ساتھ دانت نکلوانے کی سہولت بھی ہے۔ اس کے علاوہ جدید سہولیات جیسے ایکسرے و دیگر کا آغاز بھی کردیا گیا ہے جو اس کلینک کو علاج کی ایک نئی جدت و عظمت کی طرف لے کر جائے گا۔ ان شاء اللہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارے پاس یہاں تعلیم یافتہ اور تجربہ کار سٹاف ہے اور خاکسار کے علاوہ تمام سٹاف گیمبیا سے تعلق رکھتا ہے۔ آج تک جتنے بھی ڈاکٹر انچارج یہاں آئے ان کا تعلق پاکستان، انڈیا اور افریقہ سے تھا اور سب کے سب اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے۔ آخر پر خاکسار نے امیر صاحب کا جوکہ نصرت جہاں بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، ان کی انتھک کاوشوں اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ امیر صاحب کے ساتھ تمام سٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔ آخر پر سٹاف میں حوصلہ افزائی کے سرٹیفکیٹ، حسن کارکردگی کے سرٹیفیکٹ اور نئے یونیفارم تقسیم کيے گئے۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ گیمبیا کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد خلافت کی برکات کا ذکر کرتے ہوئے گیمبیا میں جماعت احمدیہ کی خدمات انسانیت بذریعہ تبلیغ، تعلیم و طبی سہولیات کا تفصیلی ذکر کیا۔ آخر پر آپ نے اختتامی دعا کروائی۔ دعا کے بعد تمام حاضرین میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کی تین روزہ تاریخی کانفرنس ۲۰۲۵ء