(بر اعظم جنوبی امریکہ کےتازہ حالات و واقعات کا خلاصہ) امن کا نوبیل انعام برائے سال ۲۰۲۵ء وینزویلا کی خاتون کے نام رواں سال ۲۰۲۵ء کے لیے امن کے نوبیل انعام کا اعلان کردیا گیاہے۔ یہ معزز ترین وینزویلا کیMaría Corina Machado کے نام رہا۔ ۵۸؍سالہ ماریا کورینا کو یہ اعزاز وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کےتحفظ اور فروغ کے لیے دیا گیا۔ نوبیل کمیٹی کا کہنا ہے کہ موصوفہ کو آمریت سے جمہوریت کی منصفانہ و پُرامن منتقلی کی جدوجہد پریہ انعام دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال نوبیل امن انعام کے لیے ۳۰۰ سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ نوبیل انسٹی ٹیوٹ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ۳۳۸ نامزدگیوں میں ۲۴۴ افراد اور ۹۴؍تنظیمیں شامل ہیں، جو گذشتہ برس کی ۲۸۶ نامزدگیوں کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔ نوبیل قوانین کے مطابق امیدواروں کی شناخت ۵۰؍سال تک خفیہ رکھی جاتی ہے، تاہم انعامی کمیٹی اس شخص یا تنظیم کا نام ظاہر کرنے کے لیے آزاد ہے جو انہوں نے تجویز کیا ہے۔ امسال یہ انعام اس لحاظ سے خصوصی توجہ کا مرکز تھا کہ اس انعام کے لیے بشمول پاکستان کئی ممالک نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام بھی تجویز کیا تھا۔ بولیویا میں صدارتی انتخابات بولیویا کی عوام نے کئی دہائیوں پر محیط سوشلسٹ حکمرانی کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک سنٹرسٹ سینیٹر Rodrigo Pazکو اپنا اگلا صدر منتخب کیا ہے۔ جس سے موومنٹ فار سوشلزم پارٹی کی تقریباً ۲۰؍سال کی مسلسل حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ روڈریگو پاز نے بولیویا میں ’’سرمایہ داری سب کے لیے‘‘کے وعدے پر انتخابی مہم چلائی۔ آزاد منڈی میں اصلاحات اور سماجی پروگراموں کے ذریعے معاشرے کے غریب ترین افراد کی مدد کرنے کے عزم کا وعدہ کیا۔نیز چھوٹے کاروباروں کے لیے کریڈٹ تک رسائی کو آسان بنانے، بعض ٹیکسوں کو کم کرنے، درآمدی محصولات کو کم کرنے اور بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا عہد کیا ہے۔ موجودہ حکمران پارٹی جس نے ۲۰۰۶ء سے ملک کی سیاست پر غلبہ حاصل کر رکھا تھا ، اندرونی کشمکش کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، اور بہت سے ووٹر تبدیلی کے خواہاں تھے۔ اپنی جیت کی تقریر میں پاز نے کہا ہے کہ وہ ایندھن کی قلت کو ختم کریں گے اور بولیویا کے وسیع تر اقتصادی مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بولیویا کو بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے کھولیں گے اور نجی شعبے کی ترقی کو فوقیت دیں گے۔ ۵۸؍سالہ پاز نے اگست میں ہونے والے انتخابات کے پہلے دور میں حیران کن طور پر واضح کامیابی حاصل کی اور آخری مرحلے میں ۴۵.۴ فیصد ووٹ حاصل کیے۔ موجودہ صدر کوئروگا (Tuto Quiroga)نے شکست تسلیم کر لی ہے اور اپنے حریف کو مبارک باد دینے کے لیے فون کیا ہے۔ بولیویا ایندھن کی شدید قلت سے دوچار ہے جس کی وجہ سے پیٹرول اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں، امریکی ڈالر کی کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے۔ قدرتی گیس کی برآمدات جو کبھی بولیویا کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ تھیں میں بھی کمی آئی ہے۔ بولیویا حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر نسبتاً الگ تھلگ رہا ہے لیکن پاز کی انتخابی جیت بولیویا اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے درمیان تعلقات کی بہتری کا آغاز ہو سکتی ہے، جن کے درمیان ۲۰۰۸ء سے باقاعدہ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ یہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی تھی جب بولیویا کے اس وقت کے صدر ایوومورالس نے امریکی سفیر اور ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) کو مبینہ طور پر اپنی حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزام میں ملک بدر کر دیا تھا۔ امریکی صدر کے بیان پر کولمبیا ناراض، ٹرمپ کو گمراہ قرار دے دیا امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کولمبیا کو دی جانے والی امداد روکنے کے اعلان اورصدرگستاؤپیٹرو کومنشیات فروش قرار دینے پر کولمبیا نے ناراضگی کا اظہارکیا ہے۔ کولمبین صدر گستاؤپیٹرو نے ردعمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ پرلابیوں اورمشیروں کےذریعے گمراہ ہونے اور کولمبیا کی خودمختاری کی خلاف ورزی کاالزام لگایا ہے۔ واضح رہے کہ صدرٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کی گئی پوسٹ میں کولمبین صدر گستاؤپیٹرو پرمنشیات فروش ہونے کاالزام لگاتے ہوئےکہاتھا کہ وہ امریکہ سے بڑے پیمانے پر ادائیگیوں اور سبسڈی کے باوجود منشیات کی پیداوارجاری رہنے دے رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کولمبیا منشیات کا گڑھ بن چکا ہے۔ وینزویلا سے کشیدگی میں اضافہ، امریکی بحری بیڑہ وینزویلا کے قریب تعیناتی کے لیے تیار امریکی انتظامیہ ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے امریکی بحریہ کا سب سے بڑا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ (USS Gerald R. Ford)وینزویلا کے قریب تعینات کرنے کےلیے تیار ہے۔ پینٹا گون میں امریکی فوجی ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی بحریہ کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہاز اور ۵تباہ کن جہازوں پر مشتمل امریکی حملہ آور بیڑا کی تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔ پینٹاگون ترجمان شان پانیل نے بتایا کہ قومی دفاع و سلامتی کی خاطر امریکی جنوبی کمانڈ نے خطے میں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ، نگرانی اور غیرقانونی حرکات و سکنات روکنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی ۶؍ہزار امریکی سیلرز اور میرین خطے میں موجود ہیں جبکہ اس بیڑے کی تعیناتی سے اس میں ۴؍ہزار ۵۰۰ اہلکاروں کا مزید اضافہ ہوجائےگا۔ امریکی طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ اس وقت بحیرہ روم میں تعینات ہے اور یہ ابھی واضح نہیں کہ وہ کب تک لاطینی امریکہ پہنچے گا۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ وینزویلا کے خلاف جلد زمینی کارروائی کریں گے۔ وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ مختلف وجوہات کی بنیاد پر وینزویلا سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اسمگلرز کے خلاف اعلان جنگ کی ضرورت نہیں، جو لوگ امریکہ منشیات لارہے ہیں ہم انہیں مار ڈالیں گے۔ امریکی صدر نے بتایا کہ وہ سمندر کے راستے امریکہ میں منشیات کا داخلہ روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ کولمبیا کا غزہ کی مدد کے لیے سونا دینے کا اعلان کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اسرائیل حماس امن معاہدے پر دستخط کے بعد غزہ کی تعمیر نو میں مدد کے لیے ضبط شدہ سونا بھیجنے کا کہا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں صدر پیٹرو نے اعلان کیا کہ منشیات فروشوں سے ضبط شدہ سونا غزہ کے تنازعے میں زخمی بچوں کے علاج معالجے میں مالی مدد کی فراہمی کے لیے بھیجیں گی۔ اپنی پوسٹ میں پیٹرو نے کہا کہ کولمبیا اقوامِ متحدہ میں ایک قرارداد پیش کرے گا تاکہ غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے ایک عالمی فوج تشکیل دی جا سکے۔کولمبیا اس سے قبل بھی فلسطینی بچوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد پیش کر چکا ہے۔ کولمبیا کے صدر طویل عرصے سے فلسطینی مقصد کے پُرجوش حامی رہے ہیں۔ وہ تنازع کے خاتمے کے حامی ہیں اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عوامی طور پر مذمت کرتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ بھی کہہ چکا ہے کہ غزہ کی تعمیرِ نو پر ۷۰؍ارب امریکی ڈالر لاگت آئے گی جن میں سے ۲۰؍ارب ڈالر تین سال کے اندر سرمایہ کاری کے طور پر خرچ کیے جانے ضروری ہیں۔ ماضی میں فاسٹ بولرز سے بیٹرز کو دہشت زدہ کرنے والی ٹیم اب اسپنرز پر انحصار کرنے لگی دنیائے کرکٹ میں بیٹرز کو اپنے فاسٹ بولرز سے دہشت زدہ رکھنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز اب اسپنرز پر انحصار کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ گزرے وقتوں میں مائیکل ہولڈنگ، اینڈی رابرٹس، میلکم مارشل، جوئیل گارنر، کولن کرافٹ اور کرٹلی ایمبروز نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے سبک رفتارباؤلنگ کرواتے ہوئے بیٹرز کو وکٹ پر خوفزدہ کیے رکھا۔ مگر اب بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے اپنے تمام ۵۰؍اوورز اسپنرز کی مدد سے کرائے اور ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ مقررہ اوورز میں ٹائی ہوگیا تھا، جس کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا اور میزبان ٹیم ۱۰؍رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی اور یہ میچ ہار گئی۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ ۵۰ اوورز میں ۷ وکٹ پر ۲۱۳ رنز بنائے، جواب میں ویسٹ انڈیز نے ۹ وکٹ کے نقصان پر اسکور برابر کردیا۔ اس میچ کی ایک اور خاص بات یہ رہی ہےکہ ۱۰۰ میں سے ۹۱ اوورز اسپنرز نے کروائے۔ اس طرح ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی میچ میں اسپنرز سے سب سے زیادہ اوورز کرانے کا ریکارڈ بن گیا ہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ۱۹۹۶ء میں ۴۴؍اوورز اسپنرز سے کرائے تھے۔ گیانا کے صدر کا دورہ سعودی عرب گیانا کے صدر ڈاکٹر عرفان علی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا ہے۔ اس دورے کے دوران انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، اور گیانیز افراد کے لیے سفر حج میں سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست کی۔ نیز سعودی عرب کی میزبانی میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے اقدامات کے حوالے سے منعقد ہونے والی نویں سالانہ کانفرنس (Future Investment Initiative FII) سے بھی خطاب کیا۔ کیریبین کے جزائر سمندری طوفان سے بری طرح متاثر رواں سال کے سب سے طاقتور سمندری طوفان Hurricane Melissa نےکیریبین جزائر میں تباہی مچادی۔ طوفان سے جمیکا، کیوبا اور بہامس کے ساحلی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہیٹی، ڈومینیکن ریپبلک اور وسطی امریکہ کے بعض حصوں میں بھی اس کے اثرات محسوس کیے جارہے ہیں۔ امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق میلیسا کیٹیگری ۵ کا شدید طوفان تھاجو جمیکا سے ۲۹۸کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹکرایا۔ بعد ازاں یہ کیوبا پہنچ کر کیٹیگری ۳ کا طوفان بن گیا۔ جمیکا کے ساحلی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑ سے اکھڑ گئے کئی سڑکیں اور پل بہ گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سینٹ ایلزبتھ کا علاقہ مکمل طور پر زیرِ آب آگیا جہاں ۵؍لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔ شدید بارش، طوفانی لہروں اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ بجلی و پانی و مواصلات کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوگیا۔حکام نے آگاہی جاری کی کہ یہ اس صدی کا بد ترین طوفان ہے یعنی جزیرے نے ماضی میں ایسی شدت کا سامنا نہیں کیا تھا۔ابتدائی اندازوں کے مطابق لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں اور زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچاہے۔ بحالی کا عمل طویل اور پیچیدہ نظر آ رہا ہےکیونکہ طوفان نے بنیادی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ سائنسدانوں نے اس طوفان کی تیزی سے شدت اختیار کرنے والی خصوصیت کو موسمی تبدیلی سے جوڑا ہےیعنی گرم سمندر اور ہوا کے کم دباؤ نے اس طوفان کو مضبوط بنایا۔ جمیکا کے وزیر اعظمAndrew Holness نے کہا ہے کہ سمندری طوفان میلیسا ملک کے ساحلوں سے ٹکرانے والا اب تک کا سب سے طاقتور طوفان ہے۔ اس نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ وزیر اعظم نے ایوان زیریں کو بتایا کہ نقصانات کا تخمینہ چھ سے سات بلین امریکی ڈالر ہے اور قلیل مدتی اقتصادی پیداوار میں ۸ سے ۱۳فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان نے جی ڈی پی کے تقریباً ایک تہائی کے برابر نقصان پہنچایا۔ کیوبا کے صدر میگل دیاز کینل کے مطابق مشرقی علاقوں سے ۷؍لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ سانتیاگو شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ بجلی کا نظام مکمل طور پر منقطع ہے۔اب تک کم از کم ۷۵؍افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں ہیٹی میں ۴۳؍اور جمیکا میں ۳۲؍افراد شامل ہیں۔ مزید پڑھیں: مکرم چودھری حمیداللہ صاحب کے متعلق خاکسار کی کچھ یادیں