اﷲ تعالیٰ کی عظمت و جلال کا ظاہر کرنا مقصود خاطر ہو ’’فرمایا۔ دنیا تو ایسی ہے کہ کار دنیا کسے تمام نہ کرد اﷲ تعالیٰ کا یہ ایک سر بستہ راز ہے جو کسی پر نہیں کھلا کہ موت کس وقت آجاوے۔ پھر جب موت آگئی تو سب مال و اسباب یہاں کا یہاں ہی رہ جاتا ہے اور بعض اوقات اُس کے وارث وہ لوگ ہوتے ہیں جن کو اگر مرنے والا زندہ ہوتا تو ایک حبہ بھی ان کو دینا پسند نہیں کرتا تھا۔ پھر کیسی غلطی ہے کہ انسان اپنے مال کو ایسی جگہ خرچ نہ کرے جو اس کے لیے ہمیشہ کے واسطے راحت اور آسائش کا موجب ہو جاوے۔ میں حیران ہوتا ہوں جب یورپ کی طرف دیکھتا ہوں کہ ایک عاجز انسان کو خدا بنانے کے لیے ان میں اس قدر جوش اور سرگرمی ہے اور ہم میں خدا تعالیٰ کی عظمت اور جلال کے ظاہر کرنے کے لیے کچھ بھی نہ ہو۔ یہ کس قدر بدقسمتی ہے؟ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ محض اﷲ تعالیٰ کی رضا کو مقدم کر لیں۔ اگر اُسے خوش کریں تو سب کچھ مل سکتاہے ۔مگر ان کی یہی تو بدقسمتی ہے کہ وہ اس کو ناراض کر رہے ہیں۔ مجھے بہت ہی افسوس ہوتا ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ مسلمانوں کو خدا نے ایک سچا دین اسلام عطا کیا تھا مگر انہوں نے اس کی قدر نہیں کی۔ خد اجانے یہ بے پروائی کیا نتیجہ پیدا کرے دین کی کچھ بھی پروا اور غیرت نہیں۔ باہم اگر جنگ و جدل ہے تو اس میں شیخی، ریا،عجب مقصود ہے نہ کہ اﷲ تعالیٰ کا جلال اور اس کی عظمت۔ لیکن جو شخص ہر امر میں اﷲ تعالیٰ کو مقدم کرے اور اس کے دین کی حمیّت اور غیرت میں ایسا محو ہو کہ ہر کام میں اﷲ تعالیٰ کی عظمت اور جلال کا ظاہر کرنا اس کا مقصود خاطر ہو ایسا شخص اﷲ تعالیٰ کے دفتر میں صدیق کہلاتا ہے۔‘‘(ملفوظات جلد ہفتم صفحہ نمبر۲۳۸-۲۳۹۔ایڈیشن۲۰۲۲ء) تفصیل:۔ اس حصہ ملفوظات میں آمدہ فارسی مصرع شیخ سعدی کے ایک شعر کا ہے۔شیخ سعدی کا مکمل شعر مع اعراب و اردو ترجمہ کچھ یوں ہے۔ کَارِ دُنْیَا کَسِے تَمَامْ نَہْ کَرْد ھَرْچِہْ گِیْرِیْد مُخْتَصَرْ گِیْرِیْد ترجمہ: دنیا کے کام کسی نے پورے نہیں کیے۔تم جو کچھ لیتے ہوتھوڑا لیتے ہو۔ لغوی بحث: کَارِدُنْیَا(دنیا کےکام) کَسِے(کسی نے) تَمَامْ(پورے) نَہْ کَرْد(نہیں کیے) نہ برائےنفی اور کردن(کرنا)مصدر سے کرد ماضی مطلق سوم شخص مفرد۔ ھَرْچِہْ (جوکچھ) گِیْرِیْد (تم لیتے ہو) گرفتن (لینا؍پکڑنا) مصدرسے مضارع سادہ دوم شخص جمع۔ مُخْتَصَرْ (تھوڑا) گِیْرِیْد(تم لیتے ہو) گرفتن(لینا؍پکڑنا) مصدرسے مضارع سادہ دوم شخص جمع۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: احمد علیہ السلام۔ سیرت و سوانح