معائنہ انتظامات جلسہ سالانہ برطانیہ ۲۰۲۵ء از امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ٭… کام جب آپ کر رہے ہوں اور جو کامیابیاں آپ کو ملیں اس کو اپنی کسی مہارت پہ محمول نہ کریں۔ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کی ذات سے، آپ کے کمال کی وجہ سے،آپ کے علم کی وجہ سے، آپ کی محنت کی وجہ سے وہ کام ہوا ہے۔ ہمارے کام اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہوتے ہیں۔ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کو یاد رکھیں٭… آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ ہدایت یاد رکھیں کہ مہمان کی تم عزت کرو،اس کا احترام کرو اور سلام کو رواج دو۔ کیونکہ سلام کے رواج سے محبت اور پیار کی فضا پیدا ہوتی ہےآپس میں بھی محبت اور پیار کی فضا پیدا کریں۔ اور مہمانوں کے ساتھ بھی٭… لوگ ہمیشہ لجنہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہیں اور لجنہ کو چاہیے کہ اس تعریف کو اللہ کا فضل سمجھیں۔ پر سکون رہیں اور دعاؤں کے ساتھ کام کریں جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی میں ڈیوٹیوں کی باقاعدہ افتتاحی تقریب میں حضور انور کے زرّیں نصائح پر مشتمل خطاب کا خلاصہ (۲۴؍جولائي ۲۰۲۵ء، نمائندگان الفضل انٹرنيشنل) اللہ تعاليٰ کے فضل سے کل سے برطانيہ کے ۵۹ويں جلسہ سالانہ کا آغاز ہورہا ہے۔ امير المومنين حضرت خليفة المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز نے آج حديقة المہدي ميں تشريف لاکر کارکنان جلسہ سالانہ سے خطاب فرمايا۔ حضور انور۷ بج کر ۷ منٹ پر جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوئے۔ جونہي حضور انور جلسہ گاہ ميں رونق افروز ہوئے عشاق خلافت نے واشگاف نعروں کے ساتھ حضور انور کا پُرتپاک استقبال کيا۔ حضور انور کے کرسیٔ صدارت پر رونق افروز ہونے کے بعد تقريب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کريم سے ہوا۔ عزیزم فرید احمد صاحب طالبعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے سورة التوبہ کي آيت۱۱۱ و ۱۱۲کي تلاوت کي جس کے بعد سید یعقوب حمیدی صاحب نے اس کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد حضور انورايدہ اللہ تعاليٰ نے خطاب فرمايا۔ خلاصہ خطاب حضورانورايّدہ اللہ تعاليٰ تشہد، تعوذ و تسميہ کے بعد حضور انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے فرمايا: اللہ تعالیٰ کے فضل سے کل سے ان شاءاللہ جلسہ سالانہ برطانیہ شروع ہو رہا ہے اور آپ لوگ بہت سے کارکن ہیں جو کئی ہفتے پہلے یہاں آئے اور انہوں نے کام شروع کیا جلسے کی تیاری کا۔ کچھ کا کام ایک ہفتہ پہلے شروع ہوا کچھ کا چند دن پہلے شروع ہوا کچھ کا آج سے شروع ہو رہا ہے اور کچھ جو ہیں وہ جلسے کے بعد بھی کام کرتے رہیں گے۔ کام کی نوعیت کے لحاظ سے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے، اب ضرورت نہیں ہے میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ آپ کو نصیحت کی جائے کیونکہ یہ رسمی بات ہی ہے۔ اصل چیز یہ ہے کہ کام جب آپ کر رہے ہوں اور جو کامیابیاں آپ کو ملیں اس کو اپنی کسی مہارت پہ محمول نہ کریں۔ یہ نہ سمجھیں کہ آپ کی ذات سے، آپ کے کمال کی وجہ سے، آپ کے علم کی وجہ سے، آپ کی محنت کی وجہ سے وہ کام ہوا ہے۔ ہمارے کام اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہوتے ہیں۔ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کو یاد رکھیں اور جب یہ کریں گے آپ تو آپ کے کاموں میں ان شاءاللہ تعالیٰ برکت پڑتی چلی جائے گی۔ سب لوگ آپ یہاں آئے ہیں مہمانوں کی خدمت کے لیے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ ہدایت یاد رکھیں کہ مہمان کی تم عزت کرو،اس کا احترام کرو اور سلام کو رواج دو کیونکہ سلام کے رواج سے محبت اور پیار کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ آپس میں بھی محبت اور پیار کی فضا پیدا کریں اور مہمانوں کے ساتھ بھی۔ بعض دفعہ آپس میں بھی رنجشیں پیدا ہوتی ہیں کارکنوں کی یا افسروں کے ساتھ۔ کسی قسم کی رنجش کوئی نہیں ہونی چاہیے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بھی یہی فرمایا ہے کہ تم لوگ، اپنے کارکنوں کو خاص طور پر ہدایت دو کہ مہمانوں کی عزت کرو اور ان کا خیال رکھو جو یہاں آتے ہیں ایک مقصد کے لیے آتے ہیں۔ پس اصل چیز یہی ہے کہ آپ لوگ خوش مزاجی سے خوش اخلاقی سے اپنے کام کریں اور اپنی ہر کامیابی کو اللہ تعالیٰ کے فضل کا نتیجہ سمجھیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ اب دعا کرلیں۔ خطاب کے بعد حضور انور ایدہ اللہ نے دعا کروائی۔ بعدازاں حضور انور نے حدیقۃ المہدی میں قائم ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ فرمایاتھا۔ یاد رہے کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ڈیوٹیوں کی افتتاحی تقریب سے قبل مردانہ و زنانہ جلسہ گاہ میں مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی فرمایا جس کے دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز شعبہ نمائش میں بھی تشریف لے گئے اور مختلف نمائشوں ہیومینٹی فرسٹ، ریویو آف ریلیجنز، IAAAE، ہیومن رائٹس ڈیسک، شعبہ تاریخ، جامعہ احمدیہ یوکے، وقف نو،الفضل انٹرنیشنل اور مخزن تصاویر کا دورہ بھی فرمایا اور معلومات دریافت فرمائیں۔ ٭…٭…٭ رپورٹ معائنہ جلسہ گاہ مستورات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےکل شام مورخہ ۲۴؍جولائی ۲۰۲۵ء کو از راہ شفقت جلسہ سالانہ برطانیہ بمقام حدیقۃ المہدی کے انتظامات کا معائنہ فرمایا۔ صبح کے وقت حدیقۃ المہدی میں سورج اپنی آب و تاب سے چمک رہا تھا مگر کچھ ہی دیر بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور ظہر کے وقت موسم نہایت خوشگوار ہو گیا۔ ظہر اور عصر کی نمازوں کی ادائیگی کے بعد ضیافت مارکی میں تمام کارکنات کو لذیذ آلو گوشت، دال اور روٹی پیش کی گئی جس کے بعد تمام شعبہ جات کی کارکنات، جن میں ہر عمر کی بچیاں اور خواتین شامل ہیں، اپنی اپنی ذمہ داریوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے نہایت مستعدی سے مصروف عمل ہو گئیں۔ حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مردانہ جلسہ گاہ میں لگائی گئی نمائشوں اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ فرمانےکے بعد آٹھ بج کر سات منٹ پر جلسہ گاہ تشریف لے گئے جہاں نعرہ ہائے تکبیر سے آپ کا استقبال کیا گیا۔ کارکنات سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب کارکنان سے خطاب کے بعد مردانہ جلسہ گاہ سے واپسی پر حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ جلسہ گاہ مستورات کی طرف رونق افروز ہوئے۔ آٹھ بج کر تئیس منٹ پرپنڈال میں تشریف لاکر حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کارکنات کو ہدایات سے نوازا۔کارکنات سے مخاطب ہوتے ہوئے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ کھانا کھلانے والیاں اور سیکیورٹی والیاں خوش دلی سے مہمانوں کی خدمت کریں مگر ساتھ ساتھ بہت زیادہ چوکس رہنے کی بھی ضرورت ہے، عورتوں کی طرف زیادہ خطرہ ہو سکتا ہے۔ حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کے حالات کے حوالے سے احتیاط اختیار کرنے کی طرف توجہ دلائی اور فرمایا کہ عورتوں کی طرف سیکیورٹی والیوں کو panicہونے کی ضرورت نہیں، ہوشیاری کی ضرورت ہے۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے لجنہ اماء اللہ کی تعریف کرتے ہوئے از راہ شفقت فرمایا کہ لوگ ہمیشہ لجنہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہیں اور لجنہ کو چاہیے کہ اس تعریف کو اللہ کا فضل سمجھیں۔ پر سکون رہیں اور دعاؤں کے ساتھ کام کریں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مہمان نوازی کے متعلق فرمایا کہ لجنہ کی قریباً ۴۰۰۰ کارکنات ہیں اور ۲۰,۰۰۰ مہمان ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ۵ مہمان ہر کارکن کے ذمہ آتے ہیں اور یہ ایسی بات نہیں کہ پریشان ہو جائیں۔ اس لیے پُر سکون ہو کر کام کریں۔ آخر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے کارکنات کی دلجوئی کرتے ہوئے فرمایا کہ بس اتنی سی باتیں کرنی تھیں اور آپ لوگوں کو دیکھنا تھا۔ اس مشفقانہ فقرے پر ہر آنکھ اپنے آقا کی محبت سے لبریز ہوئی اور والہانہ نعرہ ہائے تکبیر سے جلسہ گاہ مستورات کی فضا گونج اٹھی۔ ٭…٭…٭