https://youtu.be/DiORjRtTufQ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو مورخہ ۱۶؍ جون ۲۰۲۵ء کو Riihimäki سٹی لائبریری میں قرآن کریم کی ایک نمائش لگانے کی توفیق ملی۔ یہ نمائش فن لینڈ بھر میں جاری اس مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد قرآنی تعلیمات کے ذریعہ امن، بین المذاہب مکالمے اور باہمی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ اس نمائش کا افتتاح Riihimäki کے میئر، جناب Jouni Ehoنے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر مقامی مہمانوں اور جماعت احمدیہ کے نمائندگان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ میئر صاحب نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ علم اور ثقافتی تبادلہ معاشرتی ہم آہنگی کے لیے اہم ہے۔ تقریب کے دوران مکرم عشارب حمدون صاحب نے میئر کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کی تاریخ اورحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی میں خدمات انسانیت سے متعلق سرگرمیوں پر مشتمل تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ بعد ازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے میئر صاحب کو قرآن کریم کا فنّش ترجمہ اور پھول بطور تحفہ پیش کیے۔ مہمانوں کو قرآن کریم کے تراجم پر مشتمل نمائش دیکھنے کی دعوت دی گئی جس میں فِنّش، سویڈش، عربی، اردو سمیت ۳۰؍سے زائد زبانوں میں تراجم پیش کیے گئے تھے۔ مبلغ انچارج صاحب نے لائبریرین جناب Henni Pajuluomaکو بھی قرآن کریم کا نسخہ تحفے میں پیش کیا جنہوں نے اپنی گفتگو میں اس بات کا اظہار کیا کہ ایسی نمائشیں بین الثقافتی ہم آہنگی اور کثیر الثقافتی معاشرے کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ بعد ازاں چائے اور کافی کے ساتھ ایک خوشگوار غیررسمی نشست منعقد ہوئی جس میں تمام شرکاء نے باہمی دلچسپی کی بات چیت کی۔ یہ نمائش جولائی ۲۰۲۵ء کے اختتام تک جاری رہے گی روزانہ تقریباً ۵۰۰؍زائرین کی آمد متوقع ہے، ان شاءاللہ۔ یہ نمائش شعبہ اشاعت جماعت احمدیہ فن لینڈ کے تحت لگائی گئی ہے۔ (رپورٹ: بشارت الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ فن لینڈ) مزید پڑھیں: دنیائے احمدیت میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادائیگی کی ایک جھلک