اللہ تعالیٰ کے بےحد فضل و کرم سے واقفین نو اور واقفات نو جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کا چھٹا نیشنل اجتماع مورخہ ۱۰و۱۱؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار جماعت کے ہیڈکوارٹر بخشی بازار، ڈھاکہ میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ الحمدللہ اس بار ۷؍سال اور اس سے زائد عمر کے تمام واقفین نو اور واقفات نو نیز مربیان کرام و معلمین سلسلہ کو اجتماع میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔ اجتماع کا آغاز مورخہ ۱۰؍مئی بروز ہفتہ باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس صبح ۹؍بجے مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و نظم سے شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم سعید الرحمٰن صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اظہار خیال کیا۔ مکرم حسیب احسن صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں اجتماع کی کامیابی اور بابرکت ہونے کے لیے لکھے جانے والے دعائیہ خط کے موصولہ جواب کا اصل انگریزی متن اور بنگلہ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ۲۸؍اکتوبر ۲۰۱۶ء کے خطبہ جمعہ کی ریکارڈنگ سنائی گئی جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے واقفین نو کو زریں نصائح ارشاد فرمائی ہیں۔ اس خطبہ کی روشنی میں عمر کے لحاظ سے واقفین نو و واقفات نو کے مختلف گروپس کا کوئز مقابلہ منعقد کیا گیا اور درست جواب دینے والوں کو انعامات دیے گئے۔ اسی طرح سوال و جواب کی بھی ایک مجلس منعقد ہوئی۔ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تحریری مقابلہ جات کروائے گئے جن میں والدین بھی شریک ہوئے۔ بعدہٗ جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی طرف سے تیار کردہ وقف نو ویب سائٹ کا تعارف کروایا گیا اور اس سے بھرپور استفادہ کی تلقین کی گئی۔ پروگرام کے اگلے حصہ میں واقفین نو و واقفات نو اور والدین کے لیے انفرادی و اجتماعی کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔ مغرب و عشاء کی نمازوں کے بعد وقف نو مرکزیہ سے مکرم مشرف احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے اپنی (آن لائن) تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پیش کیے۔ بعد ازاں نیشنل امیر صاحب کے ساتھ واقفین نو اور واقفات نو کے علیحدہ علیحدہ اجلاسات منعقد ہوئے جن میں واقفین نو و واقفات نو اور ان کے والدین کے سوالات کے جواب امیر صاحب نے دیے۔ اس طرح اجتماع کا پہلا روز اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع کے دوسرے روز ۱۱؍مئی بروز اتوار نماز تہجد، فجر اور درس سے دن کا آغاز ہوا۔ نماز فجر کے بعد کھیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ صبح نو بجے اجلاس کا آغاز ہوا جس میں واقفین نو یوکے کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب بنگلہ ترجمہ کے ساتھ سنایا گیا۔ بعد ازاں والدین اور واقفات نو کے علیحدہ اجلاسات منعقد ہوئے۔ اس کے بعد ۱۵؍سال سے زائد عمر کے واقفین نو اور واقفات نو کے لیے ’کیریئر گائیڈ لائن‘ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں مکرم پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ شمس بن طارق صاحب نائب امیر بنگلہ دیش نے راہنمائی کی۔ جامعہ احمدیہ میں داخلہ کی ترغیب دلانے کے لیے مکرم سلطان محمود انور صاحب اور مکرم سید مظفر احمد صاحب مبلغین سلسلہ و اساتذہ جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش نے شرکت کی۔ اسی ضمن میں MTA Bangla Studios اور جامعہ احمدیہ کی طرف سے تیار کردہ ڈاکومنٹریز بھی دکھائی گئیں۔ MTA Bangla Studiosکی طرف سے ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی جس میں ایم ٹی اے کے کاموں کی وسعت اور اس میں واقفین نو کی شمولیت کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر اور کھانے کے لیے وقفہ ہوا۔ دوپہر تین بجے اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ناظم اعلیٰ اجتماع کمیٹی نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات اور مضمون نویسی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت اجتماع بخیر و خوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال کُل حاضری ۸۶۹؍رہی جو گذشتہ سالوں کی نسبت کافی زیادہ تھی۔ واقفات نو کی تعداد ۱۹۵ تھی جبکہ کل ۲۶۵ واقفین نو اجتماع میں شامل ہوئے۔ (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ قزاقستان میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد