https://youtu.be/jDsyPEhYk6s?si=AG9vewxXGNwCPlA_&t=569 ٭…ایک واقف نو نے سوال کیا کہ آپ نے کتنے ممالک وزٹ کیے ہیں؟ اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ’’کافی ملک وزٹ کئے ہیں۔ رپورٹس پڑھ کر گنتی کر لینا۔ میں نے 35یا36 ملک وزٹ کیے ہوں گے‘‘۔(الفضل انٹرنیشنل 26؍نومبر 2019ء) ٭…ایک واقفہ نو نے سوال کیا:آپ نے بہت سارے ملکوں کے دورے کئے اور بہت ساری جگہیں دیکھی ہیں تو کوئی ایسی جگہ جو آپ کو بہت اچھی لگی ہو یا پسند آئی ہو؟اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ’’جہاں جہاں احمدی اچھے ہیں وہ جگہیں اچھی ہیں۔ ملک تو سارے اچھے ہوتے ہیں۔ ہر ملک کی اپنی اپنی ایک خوبصورتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جو دنیا کو بنایا خوبصورت ہی بنایا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خوبصورتی تو دے دی۔ لیکن باقی خوبصورتی جو ہے وہ انسانوں کی پیدا کی گئی ہے۔ اب اگر تم بازار میں چلی جاؤ اور سڑکوں پہ مرد عورتیں بیہودگیاں کرتے ہوں تو وہ خوبصورتی تو نظر نہیں آسکتی۔ لیکن جہاں احمدی مخلص ہوں اللہ تعالیٰ سے تعلق والے ہوں دعائیں کرنے والے ہوں نیک لوگ ہوںاللہ کا بھی حق ادا کررہے ہوںاور اپنے اردگرد ہمسایوں کی خدمت بھی کررہے ہوںاور اپنے ساتھیوں کا بھی حق ادا کررہے ہوں ایک دوسرے سے پیار اور محبت کا ماحول پیدا کررہے ہوں تو وہ جگہ خوبصورت جگہ بن جاتی ہے۔ جہاں ایسے احمدی ہوں وہ جگہیں خوبصورت ہوتی ہیں۔ جہاں ایسے نہیں وہ بدصورت ہو جاتی ہیں۔ باقی ہر ملک کی اپنی خوبصورتی ہے۔ جرمنی میں بھی کئی خوبصورت جگہیں ہیں اور یوکے میں بھی کئی خوبصورت جگہیں ہیں۔ امریکہ میں بھی خوبصورت جگہیں ہیں اور سنگاپور میں بھی ہیں اور آسٹریلیا میں بھی ہیں جاپان میں بھی ہیں۔ یہاں جرمنی میں گزشتہ سال میں جب آیا تھا تو میونخ میں مسجد کا افتتاح ہوا تھا۔ انہوں نے ایک عمارت کو مسجد میں تبدیل کیا تھا اور وہاں ایک سکول میں مسجد کے حوالہ سے ایک افتتاحی تقریب بھی ہوئی تھی، جہاں باہر کچھ لوگوں نے پروٹسٹ (protest) بھی کیا تھا۔ تو وہاں سے واپسی پر ہم ایک اونچی پہاڑ کی جگہ پہ گئے تھے۔ وہاں چوٹی پہ آسٹریا کا اور جرمنی کا بارڈر ہے۔ وہ بڑا خوبصورت نظارہ تھا۔ جا کے دیکھو۔ وہ دیکھنے کی بڑی خوبصورت جگہ ہے‘‘۔(الفضل انٹرنیشنل 24؍جولائی 2015ء)