اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ قزاقستان کو مئی ۲۰۲۵ء کے دوران مختلف شہروں میں یوم خلافت کی مناسبت سے جلسے منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔ الماتی:قزاقستان میں جماعتی تعداد کے لحاظ سے سب سے بڑا جلسہ ۳۰؍مئی کو شہر الماتی میں منعقد ہوا جس میں ۷۴؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم سلمان عبداللین صاحب مبلغ سلسلہ نے خلافت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مکرم رفعتجان توکاموف صاحب نے یوم خلافت کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات سے اقتباسات پیش کیے۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ دوران جلسہ مکرم سلمان عبداللین صاحب جو حال ہی میں جامعہ احمدیہ گھانا سے فارغ التحصیل ہوکر قزاقستان پہنچے ہیں، کا تعارف بھی کروایا گیا۔ شمکنت: ۲۵؍مئی کو شہر شمکنت میں یوم خلافت کے حوالے سے جلسہ منعقد ہوا جس میں ۳۵؍افراد نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث کے بعد دو تقاریر ہوئیں۔ مکرم یشانوف داورین صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’خلیفہ خدا بناتا ہے‘‘ جبکہ مکرم طلغات عبداللین صاحب نے ’’خلفائے کرام کے قبولیت دعا کے واقعات‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ اختتام پر مکرم فانیر گلیاموف صاحب صدر جماعت نے دعا کروائی۔ جلسہ کے بعد حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی اور نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔ تاراز:تاراز جماعت کو ۲۷؍مئی بروز منگل جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم اسامہ سرور صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’ہم یوم خلافت کیوں مناتے ہیں‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ جلسہ کے بعد بچوں سے خلافت سے متعلق چند بنیادی سوالات بھی کیے گئے۔ ۴؍احباب اس جلسہ میں شامل ہوئے۔ اتراؤ:۲۷؍مئی کو اتراؤ شہر میں منعقدہ جلسہ میں ۶؍افراد نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد مکرم احسان احمد طاہر صاحب مبلغ سلسلہ نے قازاق زبان میں ’’خلافت کی اہمیت اور جماعت میں یہ دن کیوں منایا جاتا ہے‘‘ پر تقریر کی۔ اس موقع پر دو غیر از جماعت خواتین بھی شامل ہوئیں جنہیں خلافت کے متعلق ویڈیو کلپ دکھایا گیا۔ نیز بچوں سے سوال و جواب کی نشست بھی رکھی گئی۔ آخر میں ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ اقتاؤ:۲۷؍مئی کو مغربی قزاقستان کے شہر اقتاؤ میں ۴۰؍ افراد نے جلسہ یوم خلافت میں شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم اور حدیث کے بعد مکرم بغدات صاحب صدر جماعت نے خلافت سے متعلق اقتباس پڑھ کر سنایا۔ مکرم جسلان صاحب معلم سلسلہ نے ’’خلافت کی اہمیت اور برکات‘‘ پر تقریر کی۔ دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ سیمئی پلاتینسک:۳۱؍مئی کو جماعت احمدیہ سیمئی میں جوش و خروش سے جلسہ یوم خلافت منایا گیا جس میں ۲۵؍افراد شریک ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم بائیگل آقان صاحب معلم سلسلہ نے روسی زبان میں ’’یوم خلافت کی اہمیت اور خلافت سے وفا کی ضرورت‘‘ پر تقریر کی اور احباب کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ پاولادار:پاولادار جماعت میں بھی جلسہ یوم خلافت منعقد ہوا جس میں ۱۱؍افراد شریک ہوئے جن میں دو نومبائعین بھی شامل تھے۔ مکرم انتصار احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’خلافت کی اہمیت و برکات اور خلافت کے آغاز‘‘ پر روشنی ڈالی۔ بچوں سے سوالات بھی کیے گئے۔ قاراغندا:۳۰؍مئی کو قاراغندا شہر میں جلسہ یوم خلافت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ’’خلافت کی اہمیت و برکات‘‘ کے متعلق احباب کو بتایا گیا۔ بچوں کے لیے سوال و جواب کا پروگرام بھی رکھا گیا اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس پروگرام میں ۵؍افراد شامل ہوئے۔ استانہ:۲۷؍مئی کو استانہ شہر میں جلسہ منعقد ہوا جس میں ۸؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ مکرم باؤرژان استائیف صاحب مبلغ سلسلہ نے تقریر کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو خلافت احمدیہ سے والہانہ محبت اور مکمل وفا کے ساتھ وابستہ رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان جلسہ جات کو بابرکت فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عطاء الرب چیمہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: گنی بساؤ میں جماعت احمدیہ کے پہلے احمدیہ کلینک کا بابرکت افتتاح