اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سینیگال کو مورخہ ۲۳و۲۴؍مئی ۲۰۲۵ء کو نیشنل مجلس شوریٰ مشن ہاؤس ڈاکار میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مورخہ ۲۳؍مئی بروز جمعۃ المبارک تمام ممبران شوریٰ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا جس کے بعد مکرم بشارت احمد نوید صاحب امیر و مبلغ انچارج سینیگال نے مقامی خطبہ جمعہ میں مجلس شوریٰ کی اہمیت اور ممبران کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ شام پانچ بجے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب سینیگال نے افتتاحی تقریر میں نمائندگان کو شوریٰ کے نظام کو سمجھنے کی طرف متوجہ کیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے پیش کردہ تین تجاویز پر غور کے لیے تین سب کمیٹیاں قائم کی گئیں اور دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب و عشا کے بعد تمام سب کمیٹیوں نے اپنے صدر اور سیکرٹری کمیٹی کی سرکردگی میں اپنے مفوضہ مقامات پر متعلقہ تجاویز پر سفارشات پیش کیں ۔ اگلے روز ۲۴؍مئی بروز ہفتہ صبح نو بجے اجلاس شروع ہوا۔ تمام کمیٹی سیکرٹریان نے اپنی رپورٹس پیش کیں جن پر ممبران نے اپنی آرا کا اظہار کیا۔ اسی دوران ممبران شوریٰ نے مجلس شوریٰ یوکے ۲۰۲۵ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا اختتامی خطاب توجہ سے سنا ۔ جس کا خلاصہ بعد میں مقامی زبان وولف میں بھی پیش کیا گیا۔ بعدہٗ نیشنل مجلس عاملہ برائے ۲۰۲۵ء تا ۲۰۲۸ء کا انتخاب عمل میں آیا۔ اختتامی دعا کے ساتھ مجلس شوریٰ سینیگال بخیر و خوبی مکمل ہوئی۔ اس کے بعد مہمانوں کی تواضع کھانے سے کی گئی اور نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام نمائندگان نے واپسی کا سفر اختیار کیا۔ مجلس شوریٰ میں ممبران کے علاوہ ذیلی تنظیموں کے نمائندگان اور مہمانان سمیت کل حاضری ۱۴۵؍رہی۔ (رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ نائیجیریا کی ستہترویں نیشنل مجلس شوریٰ کا بابرکت انعقاد