https://youtu.be/9ngh_m02KF0 اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو قرآن کریم کے سویڈش ترجمہ کو عوامی لائبریریوں میں رکھنے کی مہم کامیابی سے جاری رکھنے کی توفیق ملی۔ جماعت نے تبلیغی سرگرمیوں کے تحت سینکڑوں سٹالز ملک بھر کی شاہراہوں اور ثقافتی میلوں میں لگائے جن میں قرآن کریم کے سویڈش ترجمہ کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس کے نتیجہ میں قرآنی نسخوں کی بڑی تعداد تقسیم کی گئی۔ ان سرگرمیوں کا ایک اہم پہلو سویڈن کی عوامی لائبریریوں میں قرآن کریم کو پہنچانے کا پروگرام تھا۔ مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ سویڈن کی اجازت اور مکرم مبلغ انچارج صاحب کی راہنمائی میں عزیزم شازل احمد افضل نے اس مہم کی قیادت کرتے ہوئے ملک بھر کی ایک ہزار ۷۵؍لائبریریوں سے رابطہ قائم کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۶۳۹؍لائبریریوں نے قرآن کریم کو اپنے مجموعہ میں شامل کرنے کی اجازت دی۔ اس مہم میں جماعتوں نے اپنی ذاتی قربانی سے ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کر کے قرآن کریم مختلف لائبریریوں تک پہنچایا۔ اب تک ۴۱۰؍سے زائد لائبریریوں جن میں ۳۰؍ یونیورسٹی لائبریریاں جبکہ چار یونیورسٹیوں کے اندر موجود نماز کے کمروں میں بھی قرآن کریم رکھا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں سویڈش پارلیمنٹ ہاؤس، نوبیل انسٹیٹیوٹ اور نیشنل آرکائیو لائبریریوں میں بھی قرآن کریم اور جماعتی کتب رکھوائی گئی ہیں۔ سویڈن میں قرآن کریم سے متعلق ماضی کے بعض افسوسناک واقعات کے نتیجے میں عوام میں اس کتاب مقدس کو سمجھنے کا رجحان بڑھا ہے۔ لائبریری ریکارڈ کے مطابق حالیہ عرصے میں قرآن کریم کے مطالعہ کی شرح میں واضح اضافہ ہوا ہے جو اس مہم کی افادیت اور کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ جماعت کی اس مخلصانہ خدمت کو قبول فرمائے اور تمام کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ۷۵ویں جلسہ سالانہ امریکہ کا بابرکت اختتام