مجلس نصرت جہاں کے تحت کینیا کے دو مقامات پر فری ہومیو پیتھک میڈیکل کیمپس کا انعقاد
مکرم ڈاکٹر اسد احمد صاحب انچارج احمدیہ ہومیو پیتھک کلینک نیروبی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کینیا میں بھی مجلس نصرت جہاں کے تحت عوام الناس کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں کینیا کے دو مقامات Olasit اور Dandora (ڈنڈورا) میں دو ہومیو فری میڈیکل کیمپس بالترتیب ۱۵و۱۶؍نومبر بروز ہفتہ و اتوار لگائے گئے جن میں خاکسار (انچارج احمدی ہیومیو پیتھک کلینک نیروبی) کو لوگوں کا علاج معالجہ کرنے کی توفیق ملی۔

پہلا کیمپ مورخہ ۱۵؍نومبر بروز ہفتہ نارک(Narok) کاؤنٹی میں Olasit کے مقام پر لگایا گیا جہاں اسی روز اس علاقہ میں جماعت احمدیہ کی تعمیر ہونے والی پہلی مسجد کے افتتاح کی مبارک تقریب منعقد ہوئی تھی۔ چنانچہ امیر و مبلغ انچارج کینیا مکرم ناصر محمود طاہر صاحب کی ہدایت پر اظہار تشکر اور جماعت کی خدمات کو متعارف کرانے کے لیے اسی دن یہاں فری میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا۔ اس میڈیکل کیمپ کےموقع پر مقامی چیف، ڈپٹی کمانڈنگ آفیسر پولیس اور دیگر سرکاری و عوامی عہدیداران بھی موجود تھے اور دیگر افراد کے ساتھ ساتھ وہ بھی اس کیمپ سے مستفید ہوئے۔ اس کیمپ میں ۵۰؍کے لگ بھگ افراد کا طبی معائنہ کر کے انہیں ادویات دی گئیں۔ الحمدللہ، یہ کیمپ کامیاب رہا اور سرکاری افسران اور مقامی لوگوں نے اس خدمت پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ اس علاقے میں ایسے کیمپس کا انعقاد کثرت سے کیا جائے کیونکہ یہاں طبی سہولیات کا بہت فقدان ہے اور علاج معالجہ بہت مہنگا ہے اس لیے اس علاقہ کو ترجیہی بنیادوں پرطبی اور دیگر خدمات مہیا کی جائیں۔ و باللہ التوفیق

دوسرا کیمپ نیروبی شہر کے نواحی علاقہ ڈنڈورا میں مورخہ ۱۶؍نومبر بروز اتوار منعقد کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ڈنڈورا میں ایک فعال جماعت قائم ہے اور مسجد و معلم ہاؤس بھی ہے۔ اس کیمپ کے ليے مقامی احمدیوں نے علاقہ چیف سے ملاقات کر کے باقاعدہ اجازت لی اور دوپہر گیارہ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک خاکسار نے ۱۰۰؍سے زائد مریضوں کا معائنہ کر کے ادویات دیں۔ اسی دوران علاقہ چیف بھی علاج معالجہ کے لیے آئے اور صورت حال دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور خواہش ظاہر کی کہ جماعت باقاعدگی سے یہاں کیمپ لگا کر لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کر نے کا اہتمام کرے۔ یہ عوام اور گورنمنٹ دونوں کی مدد اور خدمت ہو گی۔ اہالیان علاقہ نے بھی اس خدمت کو سراہا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی جماعت ’مدینہ انگلے‘ میں مسجد کا سنگ بنیاد



