گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی جماعت ’مدینہ انگلے‘ میں مسجد کا سنگ بنیاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی ایک جماعت مدینہ انگلے (Madina Angaleh)میں نئی مسجد کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب مورخہ ۸؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں مبلغ انچارج گیمبیا مکرم محمود احمد طاہر صاحب، نیشنل عاملہ کے اراکین، چار ریجنز کے ایریا مشنریز، ریجنل صدر، ڈسٹرکٹ چیف کے نمائندے، مختلف گاؤں کے الکالو، علاقہ کا کونسلر، مختلف جماعتوں کے مقامی معلمین، مختلف جماعتوں کے صدران جماعت، ممبرات لجنہ اماءاللہ اور علاقے بھر سے احباب نے شرکت کی۔ اس تقریب میں ۱۰۰؍کے قریب احباب شامل ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک عربی قصیدہ و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم بیکائی جالو صاحب صدر جماعت مدینہ انگلے نے تمام احباب کا استقبال کیا، ان کی آمد پر شکریہ اداکیا اور خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مسجد کی تعمیر جلد مکمل ہونےکے ليے دعا کی درخواست کی۔ بعدازاں مکرم عثمان باہ صاحب ایریا مشنری بارا نے مسجد کی تعمیر کے حوالے سے برکات اور اہمیت کا ذکر کیا۔ اس کے بعد مکرم تالا سانیاں صاحب نمائندہ چیف نے اس تقریب میں دعوت دیے جانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت احمدیہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے مساجد تعمیر کرتی ہے اور میں خوش قسمت ہوں کہ آج اس بابرکت تقریب میں شامل ہوں۔ اس کے بعد ریجنل صدر مکرم موسیٰ سابلی صاحب نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا اور مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقاریر کے بعد سنگ بنیاد رکھا گیا۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب نے سب سے پہلے اینٹ رکھی۔ اس کےبعد نیشنل عاملہ کے رکن، چیف نمائندہ، ریجنل صدر، ایریا مشنریز، الکالو، صدر جماعت، اس جماعت کے معلم، صدر لجنہ اماءاللہ کی نمائندہ اور دیگر اراکین نے اینٹیں رکھیں۔
آخر پر مبلغ انچارج صاحب نے دعا کروائی اور شاملین کا گروپ فوٹو لیا گیا۔ تقریب کے فوراً بعد نماز ظہر وعصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور احباب کی ظہرانہ سے تواضع کی گئی۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو امن، اتحاد اور عبادت کا مینار بنائے۔ آمین
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ اٹلی کے مرکز کا کارڈینل متیو زپی کا تاریخی دورہ




