اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ بھارت نے امسال اپنا ۳۰واں سالانہ مرکزی اجتماع مورخہ ۲۴تا ۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو قادیان دارالامان میں منعقد کیا۔ اجتماع کی افتتاحی تقریب مورخہ ۲۴؍اکتوبر ۲۰۲۵ءکو عمل میں آئی۔ اس موقع پر لوائے لجنہ اماء اللہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔ تلاوت قرآن کریم سے شروع ہونے والی اس تقریب میں لجنہ اماءاللہ بھارت کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پرسیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ کے نام موصول ہونے والا بابرکت پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس اجتماع کے ليے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ نے قرآن کریم کی آیت ’’اِنَّ الصَّلٰوۃَ تَنۡہٰی عَنِ الۡفَحۡشَآءِ وَالۡمُنۡکَرِ‘‘ کی بطور مرکزی موضوع منظوری مرحمت فرمائی تھی۔ علمی مقابلہ جات میں لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمدیہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر لجنہ اماء اللہ بھارت کی طرف سے ایک خصوصی نمائش لگائی گئی۔ اختتامی تقریب کے بعد دعا و تقریب تقسیم انعامات عمل میں لائی گئی۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے مثبت نتائج ظاہر فرمائے، آمین۔ (رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا لجنہ اماءاللہ بھارت کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ اور ناصرات الاحمد یہ بھارت کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت اور کامیاب فرمائے اور تمام شامل ہونے والیوں کو اس سے علمی، اخلاقی اور روحانی طور پر بھر پور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے لجنہ اماءاللہ کی تنظیم کا اجراء اس لئے فرمایا تھا کہ احمدی خواتین اپنی اصلاح اور جماعت کی ترقی کے لئے مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں۔ اور اس پہلو سے آپ سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ آپ اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے اپنی عبادتوں کے معیار بلند کریں اور اپنی نمازوں کی حفاظت کریں اور اسلام کی تعلیمات پر دل و جان سے عمل کرتے ہوئے انہیں اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ خاص طور پر آجکل کے دور میں جہاں ہر طرف مادی چکا چوند اور سوشل میڈیا کی برائیاں پھیل رہی ہیں احمدی خواتین کو اپنی ذاتی تربیت کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی اصلاح کی طرف بھی بہت زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:’’خدا تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی راہ یہ ہے کہ اس کے لئے صدق دکھا یا جائے …خدا تعالیٰ کے ساتھ و فاداری اور صدق اور اخلاص د کھانا ایک موت کو چاہتا ہے۔ جب تک انسان دنیا اور اس کی ساری لذّتوں اور شوکتوں پر پانی پھیر دینے کو تیار نہ ہو جاوے اور اس کی ذلت اور سختی اور تنگی خدا کے لئے گوارا کرنے کو تیار نہ ہو۔ یہ صفت پیدا نہیں ہو سکتی۔‘‘(ملفوظات جلد 4، صفحہ 429 تا 430، ایڈیشن 1984ء مطبوعہ انگلستان) پس یاد رکھیں کہ لجنہ اماءاللہ کی سب سے اہم ذمہ داری اپنی نسلوں کی نیک تربیت کرنا اور انہیں تقویٰ کی راہوں پر گامزن کرنا ہے۔ عورت اگر اپنے گھر میں نیکی، خدا ترسی اور محبت کی فضاء قائم کرلے تو اس سے ایک پر امن اور دیندار معاشرہ خود بخود قائم ہو جاتا ہے۔ بچوں کی ابتدائی عمر ماں کی گود میں گزرتی ہے۔ اس لئے آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے نیک نمونوں کے ذریعہ بچوں میں اللہ تعالیٰ پر کامل ایمان، اس کے رسول ﷺ کی محبت اور خلافت کے ساتھ وفا کا جذبہ پیدا کریں۔ انہیں دنیا کی لغویات اور مادہ پرستی سے بچاتے ہوئے دینی علم سکھائیں۔ انہیں حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف راغب کریں تا کہ وہ تقویٰ شعار اور دین کی خدمت کرنے والے اور جماعت کا درد رکھنے والے مفید وجود بنیں جو نہ صرف اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے والے ہوں بلکہ دنیا کی اصلاح کرنے والے بھی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین مزید پڑھیں: قادیان دار الامان میں مجلس انصار اللہ بھارت کے پینتالیسویں سالانہ مرکزی اجتماع کا کامیاب انعقاد