(بر اعظم جنوبی امریکہ کےتازہ حالات و واقعات کا خلاصہ) فوجی بغاوت کی منصوبہ بندی کا الزام ثابت ہونے پر سابق صدر کو ۲۷؍سال قید کی سزا برازیل کی سپریم کورٹ میں پانچ ججوں کے پینل نے سابق صدر مملکت کو مجرم قرار دے کرستائیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔پانچ رکنی بینچ کے چار ججز نے انہیں قصوروار پایا جبکہ ایک جج نے انہیں تمام الزامات سے بری کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ ۲۰۲۲ء کے الیکشن میں ہارنے کے بعد انہوں نے اقتدار میں رہنے کے لیے سازش کی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق معتوب سابق صدر مسٹر بولسونارو ۲۰۳۳ء تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے انتخاب نہیں لڑ سکتے۔گھر میں نظر بند مسٹر بولسونارو فیصلہ سنائے جانے کے وقت عدالت میں موجود نہیں تھے، لیکن وہ ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ انہیں ۲۰۲۶ء کے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے یہ الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ فیصلہ بہت حیران کن لگا۔انہوں نے اس فیصلے کا موازنہ اپنے تجربے سے کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بہت زیادہ ایسا ہی ہے جیسا میرے ساتھ کرنے کی کوشش کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر بولسونارو کو قید کرنے کا غیر منصفانہ فیصلہ دیا اور دھمکی دی کہ وہ اس کا جواب دیں گے۔ برازیل کی وزارت خارجہ نے ایکس پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ مارکو روبیو کی طرف سے دی جانے والی دھمکی اور اس جیسی دھمکیاں ہماری جمہوریت کو خوفزدہ نہیں کریں گی۔ چین کے صدر کی طرف سے وینزویلا کے صدر کے لیے موبائل فون کا تحفہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران حاضرین کو ہواوے کا سمارٹ فون دکھایا جو اُن کے بقول چین کے صدر شی جن پنگ نے انہیں تحفے میں دیا ہے۔ گفتگو کے دوران اس کی مخصوص سیکیورٹی خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر مادورو نے کہا کہ امریکی انٹیلیجنس اسے ہیک نہیں کر سکتی، یہ شاندار ہے۔ میں اپنے روابط اسی فون کے ذریعہ کرتا ہوں اور دیگر امور کی انجام دہی کے لیے اسی فون کو استعمال کرتا ہوں۔ انہوں نے فون دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بہترین فون ہے اور امریکی اسے ہیک نہیں کرسکتے،نہ ان کے جاسوس طیارے اور نہ ہی اُن کے سیٹلائٹ۔ میکسیکو میں لاپتہ ہونے والے کولمبیا کے ۲ موسیقاروں کی لاشیں مل گئیں میکسیکو میں کچھ عرصہ قبل لاپتہ ہونے والے کولمبیا کے دو موسیقاروں کی لاشیں مل گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے کولمبیا کے صدر نے میکسیکو کے ہم منصب سے دونوں فنکاروں کی تلاش میں مدد کی درخواست کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ۳۱؍سالہ بیرن سانچیز اور ۳۵؍سالہ جارج ہیریرا کی موت یا قتل کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دونوں افراد کو آخری مرتبہ میکسیکو کے علاقے پولانکو میں دیکھا گیا تھا۔ میکسیکو کی وزارت خارجہ نے کولمبیا کے حکام کو یقین دلایا ہے کہ دونوں افراد کی موت کے حوالے سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ ارجنٹینا میں نیا ڈائنوسار دریافت، منہ سے مگرمچھ کی ہڈی برآمد ارجنٹینا کے سائنس دانوں نے ایک ایسے ڈائنوسار کی دریافت کا اعلان کیا ہے جس کے منہ سے قدیم مگرمچھ کی ہڈی ملی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ڈائنوسار ایک نایاب گروہ میگا ریپٹورینز سے تعلق رکھتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق یہ دریافت پٹاگونیا کی چٹانوں میں ہوئی ہے، جہاں محققین کو ڈائنوسار کی کھوپڑی، بازو، ٹانگ اور دم کی ہڈیاں ملی ہیں۔نئے ڈائنوسار کو جواکوئن ریپٹر کاسالی کا نام دیا گیا ہے، ماہرین کے مطابق یہ تقریباً ۶کروڑ ۶۰ لاکھ سے ۷ کروڑ سال پہلے رہتا تھا، اس کی لمبائی تقریباً ۲۳؍فٹ تھی اور تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مرنے کے وقت اس کی عمر کم از کم ۱۹؍سال تھی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے منہ کے قریب قدیم مگرمچھ کی ٹانگ کی ہڈی ملی ہے، جو ماہرین کے مطابق اس کی خوراک کے بارے میں نئی معلومات فراہم کرسکتی ہے۔ تحقیقی ٹیم کے مطابق میگا ریپٹورینز کی باقیات جنوبی امریکا، آسٹریلیا اور ایشیا کے کچھ حصوں میں ملی ہیں، ان کی خاص پہچان لمبی کھوپڑی، بڑے اور طاقتور پنجے تھے۔ اگر ضرورت پڑی تو دوسرے ممالک میں جرائم پیشہ گروپس کو تباہ کر دیں گے ایکواڈور کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو دوسرے ممالک میں موجود جرائم پیشہ گروپس کو تباہ کر دیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس کے لیے دیگر ممالک کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ دیگر ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ امریکہ کی معاونت کریں تاکہ ایسے گروپس کو تباہ کیا جا سکے۔ مسٹر مارکو روبیو نے ایکواڈور کے دو بڑے جرائم پیشہ گینگز پر پابندیاں لگانے کا بھی اعلان کیا۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فورسز نے بحیرہ کیربیئن میں ایک کشتی کو نشانہ بنایا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ کشتی میں منشیات سمگل کرنے والے ۱۱ افراد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ تاہم ان افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔قانونی ماہرین نے بی بی سی کو بتایا کہ اس امریکی کارروائی سے بین الاقوامی انسانی حقوق اور سمندری قانون کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔ وینزویلا کی حکومت نے ایف۳۵ طیاروں کی تعیناتی پر امریکہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا وینزویلا کے وزیر دفاع جنرل ولادمیر پیڈرینو نے کہا ہے کہ امریکی طیاروں نے ان کے ملک کی سرحدوں کی غیر قانونی طور پر خلاف ورزی کی۔وینزویلا کے وزیر دفاع نے امریکی سیکرٹری دفاع پر تنقید کرتے ہوئے انہیں جنگجوآنہ اور سنسنی خیزی کا متلاشی قرار دے دیا۔انہوں نے امریکہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمیں فوجی طور پر ہراساں کرنے اور ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔وینزویلا کے ساتھ کشیدگی کے بعد امریکہ نے اس علاقے میں اپنی فوجی طاقت میں اضافہ شروع کردیا ہے۔ وینزویلا کے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی طیاروں نے وینزویلا کے قریب آنے کی ہمت کی ہے۔وینزویلا کی حکومت نے امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر ضروری حرکات اور جنگجوآنہ انداز سے گریز کریں۔ ڈولفن نما صحرائی مچھلی کے ۱۰؍ملین سال پرانے فوسل(باقیات) کی رونمائی پیرو کے ماہرین حیاتیات نے ڈولفن نما مچھلی کے ۱۲؍ملین سال پرانے فوسل کی رونمائی کر دی۔یہ فوسل بحر الکاہل کے ساحل کے قریب سے ملا ہے جو کہ ڈولفن سے مشابہت رکھنے والی پورپوز مچھلی کا ہے۔ ساڑھے گیارہ فٹ لمبا پورپوز مچھلی کا یہ فوسل پیرو کے ماہر حیاتیات ماریو اربینا کو اس سال جولائی میں دارالحکومت لیما کے جنوب میں تقریباً ۳۵۰ کلو میٹر کے فاصلے پر اوکوکاجے صحرا سے ملا تھا۔ ماریو اربینا نے گذشتہ روز لیما کے جیولوجیکل مائننگ اور میٹالرجیکل انسٹی ٹیوٹ میں مچھلی کے فوسل کی رونمائی کرتے ہوئے بتایا کہ پورپوز مچھلی کا یہ فوسل ایک نایاب نمونہ ہے۔ایک اور ماہر حیاتیات ماریو گامارا نے کہا کہ یہ دریافت قدیم سمندری حیات کے مطالعہ کے لیے نئی راہیں فراہم کرے گی۔واضح رہے کہ اوکوکاجے صحرا فوسلز تلاش کرنے والوں کے لیے ایک جنت ہے۔ چار ٹانگوں والی وہیل، ڈولفن، شارک، اور میوسین دور کے دیگر جانداروں کے ڈھانچے بھی اس علاقے سے دریافت ہوئے ہیں۔ گیانا میں عام انتخابات گیانا کےموجودہ صدر ڈاکٹرعرفان علی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوسری پانچ سالہ مدت کے لیے صدارت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔علی کی پیپلز پروگریسو پارٹی (پی پی پی) نے عام انتخابات میں ملک کے ۱۰ میں سے ۸؍اضلاع میں اکثریت حاصل کی۔ طب کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ۴۵؍سالہ ڈاکٹر عرفان علی نے ۲۰۱۹ء میں تیل کے وسیع ذخائر سے شروع ہونے والی آمدنی سے ملک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور غربت کو کم کرنے کے لیے استعمال کرنے کے عہد پر مہم چلائی،مگر ان کے دور صدرات میں پڑوسی ملک وینزویلا کے ساتھ سرحدی تنازعہ اور علاقائی تناؤ میں اضافہ ہوا۔ اس انتخاب میں تمام سیاسی پارٹیوں کی توجہ اس نکتے پر مرکوز تھی کہ وہ تیل کی بڑی کمپنی ExxonMobil کے دریافت کردہ تیل کے بڑے ذخائر سے ہونے والی آمدنی کا انتظام کیسے کریں گی۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے گیانا کی سمندری حدود میں اربوں بیرل مالیت کا تیل ملا ہے اور ۲۰۱۹ء سے باقاعدہ پیداوار شروع ہونے کے بعد سے ریاست کا بجٹ چار گنا ہو گیا ہے۔ تقریباً ۸لاکھ کی آبادی کے ساتھ گیانا کے پاس دنیا میں فی کس خام تیل کے ثابت شدہ ذخائر کی بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے، اور یہ خطے کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک ہے۔ برازیل میں طب میں ایک نادر اور بے مثال کیس کی نشاندہی برازیل کی ایک خاتون Ana Paula Martins کے جسم کے ہر خلیے میں ایکس ایکس (XX) کروموسومز ہیں جو خواتین کی جنسی خصوصیات سے متعلق ہوتے ہیں لیکن ان کے خون کے خلیوں میں ایکس وائی (XY) کروموسومز ہیں، جو عام طور پر مردوں میں پائے جاتے ہیں۔اس نوعیت کے پہلے کیس میں ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ اینا پاؤلا کا خون ان کے جڑواں بھائی سے آیا، جب وہ دونوں اپنی والدہ کے پیٹ میں تھے۔ اس بارے میں انکشاف ۲۰۲۲ء میں اینا پاؤلا کے اسقاط حمل کے بعد ہوا۔ طبی جانچ کے دوران ڈاکٹر نے انہیں ایک ٹیسٹ کا مشورہ دیاجو کسی شخص کے خلیات میں کروموسومز کی جانچ کرتا ہے اور اس ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے لیے جاتے ہیں۔ٹیسٹ کے نتائج سے پتہ چلا کہ ان کے خون میں ایکس وائی کروموسومز موجود ہیں، جس کے بعد ڈاکٹر بھی پریشان ہوگئے۔ ڈاکٹر گوستو میکیل کہتے ہیں کہ میں مریض کا معائنہ کرنے گیا تو میں نے دیکھا کہ ان میں خواتین والی تمام نارمل خصوصیات تھیں۔وہ کہتے ہیں کہ ان میں بچہ دانی اور بیضہ دانی موجود تھی اور بیضہ دانی کام کررہی تھی۔ اس کے بعد اینا پاؤلا کو ساؤ پولا کے البرٹ آئن سٹائن ہسپتال بھیجا گیا جہاں جینیات کے ڈاکٹر کایو کوائیو نے ڈاکٹر گوستو میکیل اور دیگر کے ساتھ تحقیق کا آغاز کیا۔ تحقیق کے دوران اینا پاؤلا نے بتایا کہ ان کا ایک جڑواں بھائی بھی تھا اور اس اہم معلومات کی بدولت یہ کیس سمجھ میں آنے لگا۔ ڈی این اے کے موازنے سے پتا چلتا ہے کہ ان کے خون کے خلیات ان کے جڑواں بھائی جیسے ہیں۔پروفیسر میکیل کہتے ہیں کہ وہ اپنے منہ کے ڈی این اے جلد کے ڈی این اے میں اینا پاؤلا ہی ہیں لیکن خون میں وہ اپنے بھائی کی طرح ہیں۔ محققین کو شک ہے کہ ماں کے پیٹ میں اینا پاؤلا اور ان کے جڑواں بھائی کے پلیسنٹا میں کسی قسم کا رابطہ ہوا جس سے خون کی نالیوں کا آپس میں رابطہ قائم ہوا جو بچے سے خون کو اینا پاؤلا تک لے جاتی تھیں۔ پروفیسر میکیل بتاتے ہیں کہ یہ منتقلی کا ایک عمل تھا جسے ہم جنین سے جنین کی منتقلی کہتے ہیں۔ حمل کے دوران کسی وقت دونوں کی رگیں اور شریانیں پلیسنٹا میں جڑی ہوں گی اور بچے نے اپنا خون اینا پاؤلا کو پہنچا دیا۔سب سے دلچسپ چیز یہ ہے کہ یہ خلیات پوری زندگی ان کے پاس رہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ بھائی کے خون کے خلیات نے اینا پاؤلا کے بون میرو میں جگہ بنا لی جس نے ایکس وائی کروموسوم کے ساتھ خون پیدا کرنا شروع کردیا جبکہ ان کا باقی جسم ایکس ایکس کروموسوم ہی رہا۔ ڈاکٹر کایو کے مطابق اینا کے جسم میں اپنے بھائی کا تھوڑا سا حصہ اب بھی دوڑ رہا ہے۔ڈاکٹروں کی ٹیم کا خیال ہے کہ یہ غیر معمولی کیس انسانی مدافعت اور تولیدی عمل میں تحقیق میں مدد کر سکتا ہے۔پروفیسر میکیل کہتے ہیں کہ اس کیس کی بدولت ہمیں ٹرانسپلانٹ کے معاملات کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ خواتین میں ایکس وائی کروموسومز کی نایاب موجودگی کی رپورٹس تو سامنے آئی ہیں لیکن یہ اکثر تولیدی مسائل سے جڑی ہوتی ہیں۔مگر اینا پاؤلا کے معاملے میں ایسا نہیں۔ اس تحقیق کے دوران ہی وہ دوبارہ حاملہ ہوئیں اور ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔جینیاتی تجزیے سے پتہ چلا کہ بچے کا ڈی این اے توقع کے مطابق ہے یعنی آدھے کروموسوم اس کی ماں اور آدھے اس کے والد سے ہیں جبکہ بچے کے انکل سے کوئی کروموسوم نہیں۔ پروفیسر میکیل کہتے ہیں کہ اینا پاؤلا کے انڈے میں ان کا جینیاتی مواد تھا اور ان میں گردش کرنے والے خون نے مداخلت نہیں کی۔اینا پاؤلا کے لیے یہ بہت ضروری تھا کہ وہ اس جینیاتی تبدیلی کی وجہ جان پائیں اور اس سے بھی اہم یہ کہ یہ حمل میں مداخلت نہیں کرے گی۔وہ کہتی ہیں کہ یہ کوئی ایسی چیز نہیں تھی جو میرے مقصد کی راہ میں حائل ہو سکتی تھی مجھے اپنا بچہ پیدا کرنا تھا۔