https://youtu.be/WsJzU6m7cTQ ٭… سعودی حکام نے عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے پالیسی کو مزید آسان بنا دیا۔سعودی وزارتِ حج وعمرہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ویزے پر سعودی عرب آنے والے عمرہ ادا کرسکیں گے۔ سعودی وژن ۲۰۳۰ اہداف میں زائرین کو ہر ممکن سہولت دینا سرفہرست ہے۔ وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی یا ٹرانزٹ ویزے پر آنے والے عمرہ ادا کرسکیں گے، نسک عمرہ پورٹل کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ ٭… فرانسیسی وزیراعظم سیبسٹین لیکورنو مستعفی ہو گئے۔ فرانسیسی صدارتی محل کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے وزیراعظم کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ سیبسٹین لیکورنو کو گذشتہ روز بڑے پیمانے پر غیر تبدیل شدہ کابینہ کے معاملے پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔واضح رہے کہ صدر میکرون نے گذشتہ ماہ لیکورنو کو وزیراعظم نامزد کیا تھا۔لیکورنو دو سال سے بھی کم عرصے میں فرانس کے پانچویں وزیر اعظم ہیں۔ ٭… جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے جرمنی میں دیکھے گئے متعدد ڈرون پروازوں کے پیچھے روس ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈرونز کی وجہ سے پروازیں درہم برہم ہوئیں، میونخ میں دس ہزار سے زائد مسافر پھنسے رہے ۔ جرمن چانسلر نے کہا کہ یورپی فضائی حدود میں دراندازیوں کی تعداد سرد جنگ دور کے مقابلے میں زیادہ تھی، ان میں کوئی ڈرون مسلح نہیں تھا، سارے ڈرون جاسوسی پروازوں پر تھے۔ ٭… اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ فلوٹیلا صمود میں شامل مزید ۲۹؍کارکنوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ اسرائیلی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اب تک ۴۵۰؍سے زائد گرفتار شدہ کارکنوں میں سے ۱۷۰؍کو ڈی پورٹ کردیا گیا ہے۔ ٭… بھارتی شہر جے پور کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں آگ لگنے کے واقعے میں چھ مریض ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔آگ لگنے کے بعد ۱۳؍مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ مریضوں کو سپورٹ سسٹم کے ذریعے دوسری جگہ شفٹ کرنا پڑا، ایسی حالت میں مریضوں کی حالت مزید خراب ہو گئی۔ ہسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ شبہ ہے آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ پھیلنے کی وجہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زہریلی گیسز کا اخراج ہے۔ ٭… سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں نوبیل انعام ۲۰۲۵ء کے اعلانات کا ۶؍اکتوبر سے آغاز شعبہ طب سے ہوا۔ ۲۰۲۵ء کا یہ انعام امریکہ کی Mary E. Brunkow اور Fred Ramsdell جبکہ جاپان کے Shimon Sakaguchi کو peripheral immune tolerance میں تحقیق پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سب کی نگاہیں امن ایوارڈ پر ٹکی ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوبیل کمیٹی کے مطابق یہ انعام ہر سال اُن سائنسدانوں اور محققین کو دیا جاتا ہے جنہوں نے طب یا حیاتیاتی علوم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔ طبیعیات (فزکس) کا انعام ۷؍اکتوبر، کیمیا (کیمسٹری) کا اعلان ۸؍اکتوبر، ادب (لٹریچر) ۹؍اکتوبر، نوبیل امن انعام ۱۰؍اکتوبر جبکہ معاشی علوم (اکنامک سائنس) کے نوبیل انعام کا اعلان ۱۳؍اکتوبر کو کیا جائے گا۔رواں سال نوبیل امن انعام کے لیے سات جنگیں رکوانے کا دعویٰ کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی امیدوار ہیں، جبکہ ان کا مقابلہ غزہ امداد لے جانے والی معروف سویڈش ماحولیاتی و انسانی حقوق کی کارکن گریٹا تھنبرگ سے ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق گریٹا کی موجودگی میں ممکنہ طور پر ٹرمپ کے نوبیل انعام جیتنے کے خواب کی تعبیر مشکل ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کی قید میں موجود انسانی حقوق کی سرگرم رکن گریٹاتھنبرگ اور ان کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ انہیں اسرائیلی پرچم چومنے پر بھی مجبور کیا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں رواں سال نوبیل امن انعام کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا ہے۔ ٭… آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں فائرنگ سے سولہ افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے علاقے انٹرویسٹ میں فائرنگ سے سولہ افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ساٹھ سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے ممکنہ طور سے پچاس سے ایک سو گولیاں چلائیں۔فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی جس میں وہ جوابی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا، اسے بعد از گرفتاری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ٭…انڈونیشیا میں بورڈنگ اسکول کی عمارت گرنے کے واقعے میں جاں بحق طلبہ کی تعداد ۳۶؍ہوگئی۔ مشرقی جاوا میں ۲۹؍ستمبر کو بورڈنگ اسکول کی عمارت گری تھی جس کے بعد شروع ہونے والا سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے۔انڈونیشین حکام نے بتایا ہے کہ ملبے کو ہٹانے کے لیے کرینوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔تاہم ۲۷؍طلبہ تاحال لاپتا ہیں۔ بیشتر بچے ساتویں سے گیارھویں جماعت کے طالب علم تھے۔ ٭…ایران نے اسرائیل سے تعلق کے الزام میں چھ عسکریت پسندوں کو پھانسی دے دی۔ ایران نے آج چھ جنگجوؤں کو سزائے موت دی ہے جن پر اسرائیل کے ساتھ روابط رکھنے کا الزام تھا۔ ایک مذہبی راہنما کے قتل کے الزام میں ایک کُرد عسکریت پسند کو بھی سزائے موت دی گئی ہے۔ اِن افراد پر ایران کے سیکیورٹی اداروں اور مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانے، تخریبی سرگرمیوں اور اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ تعاون کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ دوسری جانب ایرانی عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف شواہد اور اعترافی بیانات موجودتھے۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)