https://youtu.be/Ll_NVxILSt8 محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے روزنامہ الفضل انٹرنیشنل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر سال جلسہ سالانہ برطانیہ کے موقع پر مختلف نظامتوں اور شعبہ جات کی ذمہ داریوں اور کارگزاری کی تفصیل قارئین الفضل کے استفادہ کےلیے پیش کرتا ہے جس سے نہ صرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کے لیے کیے جانے والے انتظامات بلکہ رضاکاران کا جوش و خروش کے ساتھ رضائے الٰہی کے حصول کے لیے جذبہ خدمت بھی اُجاگر ہوتا ہے۔امسال بھی جلسہ کے تینوں دن مختلف شعبہ جات کا تعارف پیش کیا جاتا رہا۔ان شاء اللہ العزیز شعبہ بُک سٹال جلسہ سالانہ برطانیہ میں ہر سال باقاعدگی کے ساتھ ایک مارکی میں بک سٹال قائم کیا جاتا ہے جہاں احباب جماعت کے لیے مختلف اہم جماعتی کتب و رسائل خریدنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ ایک نہایت مفید موقع ہوتا ہے جس سے نہ صرف علمی استفادہ کیا جاتا ہے بلکہ نئی کتب سے بھی تعارف ہوتا ہے۔ بک سٹال کے ناظم مکرم مرزا خلیق احمد صاحب بتاتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اُنہیں گذشتہ چار سال سے بطور ناظم اس شعبہ میں خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ اُن کی ٹیم میں پانچ نائبین اور بتیس معاونین شامل ہیں جو مختلف شفٹس میں اپنے ذمہ تفویض کردہ فرائض انجام دیتے ہیں۔امسال پہلی مرتبہ یہ سٹال حدیقۃ المہدی میں جلسہ سے ایک دن پہلے جمعرات سے شروع کردیا گیا تھا جوکہ جلسہ کےایک دن بعد پیر تک جاری رہے گا جس کے بعد مسجد بیت الفتوح، مسجد فضل لندن اور مسجد بیت الاحسان میں سارا سال کتب خریدنے کی سہولت جاری رہے گی۔ امسال اس سٹال میں قرآن کریم کے ۳۵؍ مختلف زبانوں میں نسخہ جات رکھے گئے ہیں جبکہ احادیث کی بھی مختلف کتب اردو، انگریزی اور عربی زبان میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور تمام خلفائے سلسلہ کی کتب بھی اہتمام اور خوبصورت سجاوٹ کے ساتھ رکھی گئی ہیں۔ امسال شائع ہونے والی نئی کتب کی فہرست درج ذیل ہے: ٭…قرآن کریم ناظرہ ٭…انگریزی ترجمہ قرآن (حضرت مولوی شیر علی صاحب) ٭…التفسیر المیسر (عربی) ٭…صحیح بخاری مع شرح جلد اول (انگریزی ترجمہ) ٭…سیرت النبیؐ جلد ۷ (اردو) ٭…آئینہ کمالات اسلام (انگریزی ترجمہ) ٭…الاستفتاء (انگریزی ترجمہ) ٭… البلاغ ٭…نزول المسیح ٭…مجموعہ اشتہارات (عربی ترجمہ) ٭…مسیح ہندوستان میں (فرانسیسی ترجمہ) ٭…مسیح ہندوستان میں (انگریزی ترجمہ) ٭…برکات الدعا (رشین ترجمہ) ٭…سر الخلافۃ (رشین ترجمہ) ٭…حضرت عثمانؓ (انگریزی زبان) ٭…حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ (انگریزی زبان) ٭…حضرت سلمان فارسیؓ (انگریزی زبان) ٭…مبارکہ کی کہانی مبارکہ کی زبانی (انگریزی ترجمہ) ٭…First Grain of Sand ٭… دینی معلومات ٭…اسلام کا وراثتی نظام (اردو) ٭…لجنہ دستور اساسی (انگریزی) ٭…بنیادی مسائل کے جوابات (اردو) ٭…A Virtuous Deed ٭…حضرت یوسفؑ (انگریزی) ٭…Wives of Hazrat Ibrahimas (انگریزی) ٭…حضرت موسیٰؑ (انگریزی زبان) ٭…حضرت لوطؑ (انگریزی زبان) ٭…The Bald Man ٭… Wrath of God on a King ٭… Early Writings ٭… Flowers for the Women بچوں میں اسلام اور جماعت احمدیہ کے بارے میں معلومات میں اضافے کی غرض سے ایک تعلیمی بورڈ گیم Sawab Journeyکے نام سے بنایا گیا ہے جو کہ بہت ہی مقبول ہورہا ہے۔یہ بورڈ گیم جرمنی، امریکہ اور کینیڈا کی جماعتوں میں بھی بھجوایا گیا ہے۔ایک بڑی اسکرین کے ذریعہ ڈیجیٹل لائبریری دیکھنے کی بھی سہولت مہیا کی گئی تھی جبکہ امسال کی خاص بات الاسلام ویب سائٹ اور موبائل ایپ آیت سرچ کو استعمال کرنے کا طریقہ کار بھی ایک پریزنٹیشن کے ذریعہ بتایا جارہا ہے تاکہ احباب جماعت آن لائن کتب و تفاسیر سے بھی مستفید ہوسکیں۔ مکرم ناظم صاحب بیان کرتے ہیں کہ گذشتہ سال احبابِ جماعت نے بُک سٹال سے ۵۳؍ہزار پاؤنڈز کی کتب خریدیں جبکہ امسال صرف پہلے روز شام تک کتب کی فروخت۱۶؍ہزار پاؤنڈز تک پہنچ چکی تھی جس میں لجنہ اماءاللہ کے علیحدہ سٹال سے۴؍ ہزار پاؤنڈز کی فروخت بھی شامل ہے۔ اُنہیں یقین ہے کہ اس سال مجموعی فروخت گذشتہ سال سے زیادہ ہوگی۔ احباب جماعت کی اس غیر معمولی دلچسپی کی بڑی وجہ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ میں احبابِ جماعت کو بُک سٹالز اور دیگر نمائشوں کو دیکھنے کی تلقین فرمانا تھا۔محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےحضورِ انور کی اس نصیحت کے بعد احبابِ جماعت کی کثیر تعداد نے بُک سٹال کا رُخ کیا جس کے نتیجے میں منتظمین کو فوری طور پر مزید کتب کا انتظام کرنا پڑا۔ اسی طرح لجنہ اماءاللہ کی جانب سے بھی اضافی کتب کی فراہمی کی درخواستیں موصول ہوئیں۔الحمد للہ ثم الحمد للہ اللہ تعالیٰ نہ صرف ہمارے کارکنان کو بہترین خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے بلکہ احباب جماعت میں بھی جماعتی کتب پڑھ کر علم میں اضافے کی استعداد عطا فرمائے۔ آمین شعبہ ہیلتھ اینڈ سیفٹی اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہر سال جلسہ سالانہ برطانیہ میں دنیا بھر سے آنے والے نہ صرف ہزاروں احباب جماعت شامل ہوتے ہیں بلکہ رضاکاران و کارکنان کی بھی ایک کثیر تعداد حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت کی توفیق پاتی ہے. اس لیے یہ ضروری ہوجاتا ہے کہ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے ایک شعبہ ہمہ وقت متحرک رہے۔لہٰذا جلسہ سالانہ کے موقع پر ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے نام سے شعبہ کے تحت تمام تر حفاظتی اقدامات ملکی قوانین کے مطابق عمل میں لائے جاتے ہیں۔ اس شعبہ کے افسر مکرم عرفان قریشی صاحب نے ایک گفتگو میں بتایا کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے اُنہیں گذشتہ تیرہ سال سے اس شعبہ میں خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔اُن کے شعبہ میں ایک نائب افسر اور تیس انسپکٹرز شامل ہیں جوکہ مقامی قوانین کے مطابق انتہائی تربیت یافتہ ہیں جنہیں باقاعدہ حفاظتی کورسز بھی کروائے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس شعبہ کی چار ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں اور ہر ٹیم میں چار تا پانچ ممبران ہوتے ہیں جو جلسہ سے پہلے تین ہفتہ اور جلسہ کے بعد ایک ہفتہ تک صبح آٹھ بجے تا رات آٹھ بجے تک خدمات انجام دیتے ہیں۔دورانِ جلسہ آٹھ تا دس زون بنادیے جاتے ہیں تاکہ ہر زون کسی نہ کسی ایک ٹیم کی نگرانی میں رہے۔جلسے کی تیاری کے سلسلے میں مختلف تعمیراتی کمپنیوں کے کنٹریکٹرز سے نہ صرف اُن کے کام کے طریقہ کار، درکار انشورنس اور Risk Assessmentکے بارے میں لازمی دستاویزات لی جاتی ہیں بلکہ ہماری جانب سے اُنہیں اس ضمن میں مکمل آگاہی بھی دی جاتی ہے۔اسی طرح مختلف جماعتی شعبہ جات کو بھی اپنے اپنے کام شروع کرنے سے پہلے ہیلتھ اینڈ سیفٹی سے متعلق تمام تر ضروری معلومات مہیا کی جاتی ہیں۔۱۷؍ سال سے کم عمر افراد کو عماراتی کام میں شمولیت کی مکمل طور پر مناہی ہے۔اس کے علاوہ دوران جلسہ اس شعبہ کے تیس انسپکٹرز تمام شعبہ جات میں مسلسل دورہ کرتے رہتے ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کی بروقت نشاندہی کی جاسکے اور اُس کا تدارک بھی فوری طور پر کیا جاسکے۔مردانہ جلسہ گاہ کے علاوہ لجنہ جلسہ گاہ میں بھی مکمل تربیت یافتہ کارکن موجود ہیں جو ہمارے شعبہ سے مکمل رابطہ رکھتی ہیں اور گاہے بگاہے صورتحال کو اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے کی صورت میں نپٹنے کے لیے ایک فائر انجن چوبیس گھنٹے موجود رہتا ہے جبکہ پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پندرہ ہائیڈرنٹس(hydrants) بھی مختلف جگہوں پرلگے ہوئے ہیں جہاں سے ضرورت کے مطابق فوری طور پر پانی لیا جاسکتا ہے۔اسی طرح آگ بجھانے والے آلات، اسموک الارمز اور فائر ایکسٹنگویشرز بھی بڑی تعداد میں مہیا ہیں۔حدیقۃ المہدی کے کچن میں چودہ بڑی کینوپیز لگی ہوئی ہیں جو کہ ایسے نظام سے منسلک ہیں کہ اگر کوئی ایک بھی کینوپی کام کرنا بند کردے تو گیس کی ترسیل خودبخود بند ہوجائے گی۔الیکٹریکل سیفٹی کے بارے میں بہت خیال رکھا جاتا ہے جس کے لیے آر سی ڈی پروٹیکٹر موجود ہیں جن کی وجہ سے کسی شارٹ سرکٹ ہونے پر بجلی کی سپلائی بھی خودبخود بند ہوجاتی ہے۔کسی ممکنہ ہنگامی صورت حال میں کئی جگہوں پر اسمبلی پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں جہاں احباب آسانی سے جمع ہوسکیں۔انہوں نے بتایا کہ جلسہ کے موقع پر بجلی کی سپلائی کے لیے ۳۱؍ جنریٹرز استعمال ہوتے تھے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال حدیقۃ المہدی میں بجلی کی پانچ سو کلو واٹ کی سپلائی مل گئی ہے جس کی وجہ سے اب محض ۱۷؍ جنریٹرزسے اضافی کام لیا جارہا ہے۔ مکرم ناظم صاحب بتاتے ہیں کہ شروع میں مقامی کونسل کی جانب سے ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے بارے میں بہت سے اعتراضات ہوتے تھے لیکن اب جب بھی وہ ہمارے جلسہ کا دورہ کرتے ہیں تو اعتراف کرتے ہیں کہ ہم بہت سی دوسری جگہوں پر آپ کے اعلیٰ معیار کی مثال دیتے ہیں۔ اسی طرح فائر آفیسر نے بھی ہمارے انتظامات کو بہت سراہا ہے۔وہ شاملین جلسہ کو پیغام دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ مُسکراتے چہروں کے ساتھ جلسہ میں شمولیت کے لیے آئیں ہمارا شعبہ مستعدی کے ساتھ الٰہی مدد اورحضور انور کی راہنمائی و دعاؤں کے ساتھ آپ کی حفاظت کے لیے موجود ہے لیکن ہر احمدی کا بھی فرض ہے کہ ہر ایک چھوٹی سی چیز جس سے کسی کو تکلیف ہو دُور کرنی چاہیے۔اللہ تعالیٰ ہر لمحہ اور ہر آن تمام تر شاملین جلسہ کی حفاظت فرمائے اور ہمیشہ ہر سال ہمارے جلسہ کو کامیابی و کامرانی سے نوازے۔ آمین چوبیس گھنٹے کھانے کی سہولت جلسہ سالانہ برطانیہ میں ہزارہا رضاکاران و کارکنان جلسہ کی تیاری کئی ہفتے پہلے سے ہی شروع کردیتے ہیں اور بہت سے کارکنان ایسے ہوتے ہیں جو دن رات حدیقۃ المہدی میں ہی قیام کرتے ہیں۔ نہ صرف ایسے تمام کارکنان کے لیے بلکہ دوران جلسہ بھی ڈیوٹی دینے والے بہت سے افراد کے لیے چوبیس گھنٹے کھانے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے جس کے لیے یہ شعبہ متحرک رہتا ہے۔ اس شعبہ کے ناظم مکرم امین خالد صاحب بتاتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اُنہیں دو سال سے اس خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ اُن کے ساتھ سات نائبین اور بائیس معاونین بھی حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت پر مامور ان رضاکاروں کی کثیر تعداد کی خدمت کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ان کے شعبہ میں کام کرنے والے تمام کے تمام ممبران حدیقۃ المہدی میں ہی رات دن موجود رہتے ہیں جو مختلف شفٹس میں اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہیں۔ایک دن میں تقریباً پانچ ہزار افراد کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ جلسے کے روایتی کھانےکے علاوہ پرہیزی کھانے کا بھی انتظام کیا جاتا ہے تاکہ کوئی بھی کارکن کسی مجبوری کی بنا پر کھانے سے محروم نہ رہے۔اسی طرح ضرورت پڑنے پر ناشتے کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ نظامت مسجد فضل لندن اللہ تعالیٰ کے فضل سےمکرم رانا عرفان صاحب ناظم نظامت مسجد فضل لندن کو امسال بھی جلسہ سالانہ کے موقع پر قیام و طعام ، صفائی، سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ انتظامات کی توفیق ملی۔ جلسہ سے ایک ہفتہ قبل سے لے کر ایک ہفتہ بعد تک مسجد فضل کے قریب مختلف مہمان خانوں میں تقریباً دوصد مہمانوں کے قیام و طعام کا انتظام کیا جاتا رہا۔ بیرون ممالک سے رات گئے آنے والے مہمانوں کے لیے نقل و حمل اور کھانے کا فوری انتظام کیا جاتا رہا۔ غیر ملکی مہمانوں کو اُن کی قیام گاہ سے پنج وقتہ نمازوں کے لیے مسجد لانے لے جانے کی سہولت کے لیے دو گاڑیاں مخصوص رہیں جو جلسہ کے بعد بھی ایک ہفتے تک مہیاکی جاتی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر آنے والے سینکڑوں زائرین کے لیے بھی طعام کا انتظام کیا جاتا ہے۔مہمانوں اور زائرین کی یہ تعداد خاص طور پر جلسہ کے بعد چار دنوں میں ہزاروں تک پہنچ جاتی ہے جن میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین شامل ہوتی ہیں۔گذشہ سال جلسہ کے بعد تقریباً پانچ ہزار افراد نے مسجد فضل لندن کی زیارت کی۔ جن کے لیے دوپہر اور رات کے کھانے کا انتظام کیا گیا۔امسال بھی اتنی ہی تعداد کے لیے انتظامات کیے گئے۔جلسہ سے قبل روزانہ تقریباً اڑھائی سو زائرین مسجد فضل کی زیارت کے لیے آتے ہیں اور تمام افراد کے لیے نہ صرف چاکلیٹ، جُوسز، خشک میوہ جات بلکہ دوپہر اور رات کے کھانے کا انتظام بھی موجود ہوتا ہے۔ کھانے کی تیاری مسجد بیت الفتوح میں کی جاتی ہے جس کی ترسیل کے لیے دو گاڑیاں اور چھ رضاکار مختص رہتے ہیں۔اگر کسی موقع پر کھانے کی کمی کا اندیشہ ہو تو مسجد فضل کے باورچی خانے میں اس کمی کو پورا کرنے کا انتظام رہتا ہے۔ کھانے میں عام طور پرروایتی دال اور آلو گوشت کا سالن شامل ہوتاہےجبکہ طبی بنیادوں پر پرہیزی خوراک بھی بعض مہمانوں کے لیے حسب ضرورت تیار کی جاتی ہے۔ناشتے کا سامان ہمہ وقت دستیاب رہتاہے۔محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام مقامی اور غیر ملکی مہمان انتہائی خوشی و مسرت کے ساتھ لنگر حضرت مسیح موعودؑ کی برکت حاصل کرتے ہیں۔ معذور اور بزرگ افراد کے لیے باقاعدہ راستے، ریمپ اور دیگر تمام مہمانوں و زائرین کے لیے راہنمائی اور سہولیات کا انتظام بھی موجود ہوتا ہے۔تمام مہمانان اور رضاکاران کے لیے حسب ضرورت شعبہ فرسٹ ایڈ کے تحت احمدی ڈاکٹرز آن کال رہتے ہیں جبکہ انتہائی ایمر جنسی کی صورت میں ایمبولینس کے ذریعہ ہسپتال پہنچانے کے لیے بھی ہمہ وقت انتظام رہتا ہے۔ امسال ایک نئے انتظام کے تحت مسجد فضل تا مسجد بیت الفتوح شٹل سروس جاری کی گئی تاکہ احباب جماعت اور دیگر مہمانوں کو دونوں مساجد میں آنےجانے کی سہولت ہروقت مہیا رہے۔ اس مقصد کے لیے دو گاڑیاں صبح دس بجے سے رات دس بجے تک دستیاب رہیں۔ اس نظامت کے تحت ناظم مکرم رانا عرفان صاحب کے ساتھ پانچ نائب ناظمین اور ۱۲۰؍ رضا کاران مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون اور ٹیم ورک کے ساتھ صبح سے رات تک تین مختلف شفٹس میں خدمات کی توفیق پائی۔تمام رضا کاران کے لیے بھی ہنگامی مدد اور راہنمائی کا نظام موجود تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نظامت مسجد فضل لندن اپنے تمام تر وسائل، رضا کاران کی محنت، اور سابقہ تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے مسیح موعود کے مہمانوں کی بہترین خدمت کررہے ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب کی خدمت دین کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور آئندہ بھی انہیں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین شعبہ مہمان نوازی مسجدبیت الفتوح اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال بھی شعبہ مہمان نوازی مسجد بیت الفتوح کو جلسہ سالانہ کے موقع پر مہمانوں کی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ یہ شعبہ گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی نہ صرف مکمل طور پر فعال تھا بلکہ اپنے سابقہ تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے منظم انداز میں خدمت کی توفیق پارہا ہے۔ اس شعبہ کے ناظم مکرم محمد یعقوب صاحب بتاتے ہیں کہ جلسہ سالانہ کے موقع پر مسجد بیت الفتوح میں قیام پذیر مہمانوں اور روزانہ آنے والے زائرین کے لیے نہ صرف ناشتہ،دوپہر اور رات کا کھانابلکہ چوبیس گھنٹے طعام کا انتظام موجود رہتا ہے۔ روزانہ چار تا پانچ سو افراد کے لیے ناشتے کا انتظام جبکہ ایک وقت میں تقریباًپندرہ سو تا دو ہزار افراد کے لیے کھانے کا بندوبست کیا جاتا ہے۔کھانے میں دال، آلو گوشت اور چاول پیش کیے جاتے ہیں جبکہ غیر ملکی مہمانوں کے لیے اُن کی ضروریات اور ذوق کے مطابق مخصوص کھانا بھی تیار کیا جاتا ہے۔ رات دیر سے آنے والے مہمانوں کے لیے باقاعدہ طور پر کھانا گرم کر کے پیش کیا جاتاہے۔ کسی بھی موقع پر کھانے کی قلت کی صورت میں فوری طور پر اضافی کھانا محض آدھے گھنٹے میں تیار کردیا جاتا ہے۔ تمام کھانے بیت الفتوح کے اندرونی باورچی خانہ میں تیار کیے جاتے ہیں۔ معذور، بزرگ، بچے اور بیمار افراد کے لیے کھانے کی جگہ پر خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ وہ سہولت سے کھاناکھا سکیں۔ مریضوں کے لیے پرہیزی کھانا یا اس کا متبادل بھی فوری طور پر فراہم کیا جاتا ہے۔چوبیس گھنٹے بلا تعطل چینی اور بغیرچینی کی گرما گرم چائے کا انتظام رہتا ہے۔یہ تمام انتظامات جلسہ سے چند دن پہلے سےلے کر جلسہ کے دس بارہ دن بعد تک موجود رہتے ہیں۔ اس شعبہ کے تحت ۷؍نائب ناظمین اور تقریباً ۴۵؍ رضا کاران خدمات انجام دے رہےہیں۔ ہر رضا کار کو اُس کے ذوق اور استعداد کے مطابق خدمت پر مامور کیا جاتا ہے۔ رضا کاران کی صحت، آرام اور کھانے کا بطور خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ کام کو مؤثر بنانے کے لیے ان کو تین شفٹوں میں تقسیم کیا گیاہے۔ تمام کاموں میں مرکزی ہدایات اور معیارات کوہمیشہ مدنظر رکھا جاتا ہے۔ رضا کاران مہمانوں اور زائرین کی خدمت خندہ پیشانی، ادب اور ایثار کے جذبہ کے ساتھ کرتے ہیں اور اپنی ڈیوٹی کو نہ صرف فرض سمجھتے ہیں بلکہ خدمتِ دین کے طور پر سر انجام دیتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس خدمت کو قبول فرماتے ہوئے ان سب کو مزید اخلاص، عاجزی اور خدمتِ دین کے جذبہ کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین شعبہ مہمان نوازی مسجدبیت الاحسان اس شعبہ کے ناظم مکرم عطاءالعلیم صاحب نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح امسال بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد بیت الاحسان لندن میں جلسہ سالانہ کے مہمانوں کے لیے مختلف کمروں اور دو بڑے ہالز میں رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مسجد بیت الاحسان چونکہ ایک صنعتی علاقے میں واقع ہے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں اس لیے یہاں زیادہ تر وہ مہمان ٹھہرائے جاتے ہیں جن کے پاس اپنی سواری موجود ہو (مثلاً کار یا کرایہ کی گاڑی)۔ جونہی مہمانوں کی فہرست موصول ہوتی ہے فوری طورپراُن کی رہائش کاانتظام کردیا جاتا ہے۔ اس وقت مسجد بیت الاحسان میں امریکہ، کینیڈا، پاکستان، آسٹریلیااور سکاٹ لینڈ سے آنے والے تقریباًپچاس مہمانان کرام مقیم ہیں۔ چند معذور یا بزرگ مہمان بھی قیام پذیر ہیں جن کے لیے خصوصی سہولیات کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ مہمانوں کو آرام دہ، صاف ستھرا اور پُر سکون ماحول فراہم کرنے کے لیے ان کی قیام گاہوں کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا جبکہ آرام دہ نیند کے لیے بیڈز مہیا کیے گئے ہیں۔یہاں لفٹ کی سہولت بھی مہیا ہے تاکہ مہمانوں کو نقل و حرکت میں بھی آسانی رہے۔تمام مہمانان کے لیے ناشتے کا انتظام موجود رہتا ہے جس میں ڈبل روٹی، مکھن، جام، کارن فلیکس، دودھ اور چائے شامل ہوتی ہے جبکہ دوپہر اور رات کا کھانا مسجد بیت الفتوح سے تیار ہوکر آتا ہے۔ اس شعبہ میں سات رضاکاران پر مشتمل جذبہ سے سرشار ایک مخلص ٹیم چوبیس گھنٹے حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کی خدمت پر مامور ہے۔ٹیم کے تمام افراد نہایت خوش دلی، تعاون اور جذبۂ خدمت کے تحت اپنے فرائض سر انجام دےرہے ہیں تاکہ مہمانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔اللہ تعالیٰ ان کی اس عاجزانہ خدمت کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے اورانہیں آئندہ بھی اخلاص و وفا کے ساتھ خدمتِ دین کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین شعبہ مہمان نوازی ۲۸ دن امسال جلسہ سالانہ کے موقع پر مہمان نوازی کے شعبہ کے تحت جلسہ سے چودہ دن قبل اور چودہ دن بعد تک ۲۸؍دن حدیقۃ المہدی میں جلسہ کی تیاری کرنے والے رضاکاران اور دیگر مختلف کمپنیوں کے افراد کو کھانے پینے کی سہولت ہمہ وقت مہیا کی جارہی ہے۔اس شعبہ کے ناظم مکرم سید معین شاہ صاحب بتاتے ہیں کہ اس شعبہ میں دو ٹیمیں کام کررہی ہیں جن کے ذمہ ترتیب وار دوپہر اور رات کے کھانے کی فراہمی کو بروقت ممکن رکھنا ہے۔ کھانے کا انتظام ان رضاکاران اور کمپنی ملازمین کے لیے کیا جاتا ہے جو جلسہ سے پہلے اور بعد میں بھی مارکیاں لگانے، ٹریک بچھانے، پانی کی ترسیل کو ممکن بنانے، بجلی کی سہولت دینے اور دیگر کئی شعبہ جات کے دفاتر اور مہمانوں کے آرام و سہولت کی خاطر مختلف انتظامات کے لیے حدیقۃ المہدی میں خدمت انجام دیتے ہیں۔ تقریباًدو ہزار افرادکے لیے کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ غیر ملکی کام کرنے والے کارکنان بھی دال اور آلو گوشت کا سالن کھانا پسند کرتے ہیں۔کسی بھی ہنگامی صورت حال یا اضافی ضرورت کی صورت میں فوری طور پر اضافی کھانے کا انتظام بھی کیا جاتا ہے۔رات دیر سے آنے والے کارکنان اور رضاکاران کے لیے بھی پیک شدہ کھانا تیار رکھا جاتا ہے تاکہ اُنہیں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔ اس شعبہ میں خدمت کرنے والے تمام رضاکاران اور کارکنان بھرپور جذبہ کے ساتھ صبح سے رات تک خدمت کی توفیق پارہے ہیں اور یہ ساری خدمات محض اللہ تعالیٰ کی دی گئی توفیق سے سر انجام دی جارہی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان خدمات کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی مزید بہتر طور پر خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین شعبہ پرائیویٹ خیمہ جات جلسہ سالانہ برطانیہ میں شمولیت کےلیے دُور دُور سے احباب جماعت آتے ہیں جن میں نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی احباب بھی ہوتے ہیں اور بسا اوقات ایسے شاملین جلسہ حدیقۃ المہدی میں ہی رہائش رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ وہ روزانہ بغیر کسی سفری مشکل کے جلسے کی کارروائی میں بروقت شامل ہوسکیں۔اس لیے ہر سال شعبہ پرائیویٹ ٹینٹس ایسے احباب جماعت کے لیے ٹینٹس کا ایک چھوٹا سا شہر بسا دیتاہے جہاں تمام ضروریات کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔ ادارہ الفضل انٹر نیشنل نے اس شعبہ کے ناظم مکرم مونس ناصر صاحب سے تفصیلی گفتگو کی جس کی رُوداد قارئین الفضل کے استفادہ کے لیے پیش خدمت ہے۔ ناظم صاحب شعبہ بتاتے ہیں کہ اُن کی معاونت کے لیے چھ نائب ناظمین اور ۳۲؍معاونین سمیت کُل ۳۸؍کارکنان ہیں جو دن رات حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کے لیےحدیقۃ المہدی میں ہی موجود رہتے ہیں۔ امسال ۵۷۰؍ ٹینٹس لگائے گئے ہیں جن میں ۲۶۸۱؍ افراد رہائش پذیر ہیں۔ان میں ۲۹۸؍ ٹینٹس لوگوں کے اپنے ذاتی ہیں جبکہ ۲۷۲؍ ٹینٹس اس شعبہ کے زیر انتظام فراہم کیے گئے ہیں۔جلسہ سالانہ کی ویب سائٹ پر ماہ اپریل سے ٹینٹس کی بکنگ شروع کردی جاتی ہے جبکہ جلسےسےتین ہفتہ قبل تک اس کی ڈیڈ لائن مقرر کی جاتی ہے لیکن کسی کی انتہائی مجبوری کی بناپر آخری لمحات میں بھی اُسے یہ سہولت دینے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔ٹینٹس لگانے اور اس کے اختتام کا دورانیہ جلسہ سے دو ہفتہ پہلے شروع ہوتا ہے اور جلسے کے تین دن بعد اسے وائنڈاَپ کردیا جاتا ہے۔ دو افراد سے لے کر دس افراد تک کے لیے مختلف سائز کے رہائشی ٹینٹس لگائے جاتے ہیں جبکہ سب سے بڑے سائز کے ٹینٹس میں باقاعدہ بیڈز بھی لگائے جاتے ہیں جو انتہائی آرام دہ ماحول مہیا کرتے ہیں۔ٹینٹ کا کرایہ اُس کے سائز اور سہولت کی مناسبت سے مقرر ہوتا ہے جس کی تمام تر تفصیل جلسہ سالانہ کی ویب سائٹ پر دی جاتی ہے۔جو افراد اپنا ذاتی ٹینٹ لگانا چاہیں وہ بلامعاوضہ ٹنیٹ لگا سکتے ہیںبلکہ ضرورت پڑنے پر ٹینٹ لگانے میں اُن کی مدد بھی کی جاتی ہے۔اگر اُنہیں بیڈنگ وغیرہ کی ضرورت ہو تو وہ بھی ایک مخصوص ڈیپازٹ رقم لے کرمہیا کردی جاتی ہے اور بیڈنگ واپس جمع کروانے کی صورت میں ڈیپازٹ شدہ رقم واپس کردی جاتی ہے۔اس کے علاوہ ٹینٹس کی سائٹ پر چارجنگ سسٹم اور رات کے وقت لائٹس کا انتظام بھی موجودہوتا ہےجبکہ مردوں اور لجنہ دونوں طرف علیحدہ علیحدہ لگائی گئی ایک مارکی میں استری کرنے، فریج اور مائیکروویو کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔ اسی طرح بیوت لخلا اور شاور کا بھی اس قدر انتظام کیا جاتا ہےکہ کسی کو بھی ضرورت پڑنے پر مشکل پیش نہ آئے۔اوّل تو تمام ٹینٹس واٹر پروف ہوتے ہیں اور زمین پر واٹر پروف شیٹس بچھائی جاتی ہیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں کوئی نقصان نہ ہو اور سونے میں دقت پیش نہ آئےلیکن اس کے باوجود کسی قسم کی لیک ہونے پر فوری طور پر اُس کا سدّ باب کیا جاتا ہے۔ٹینٹس کی سائٹ چاروں طرف سے باڑ کے ذریعہ محفوظ بنائی جاتی ہے جبکہ رہنے والوں کی رات دن سیکیورٹی کا بھی بھرپور انتظام یقینی بنایا جاتا ہے۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نپٹنے کے لیے آگ بجھانے والے آلات اور فوری طبی امداد کا ہمہ وقت انتظام رہتا ہے جبکہ اس شعبہ کی ٹیم میں شامل ایک ڈاکٹر صاحب بھی وہاں موجود رہتے ہیں۔اس کے علاوہ جلسہ گاہ کی ایمرجنسی ریسپونس ٹیم کے ساتھ بھی رابطہ رکھا جاتا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر مزید مدد حاصل کی جاسکے۔ آئندہ سالوں میں جلسہ سالانہ کی ویب سائٹ پر ہی بینک کارڈ کے ذریعہ ادائیگی لینے کا انتظام کرنے اور پسندیدہ مقام پر ٹینٹ بُک کرانے کی سہولت دینے کے لیے کام جاری ہے۔ٹینٹ سائٹ کی جگہ کا رقبہ بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ احباب جماعت اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔اگلے سال بیت الخلا اور شاورز کی تعداد بھی مزید بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ناظم صاحب بتاتے ہیں کہ حدیقۃ المہدی میں اپنے کام کے آغاز سے قبل بھی اوربعد میں بھی وہ اپنے کارکنان کونہ صرف جماعتی ہدایات کے تحت کام کے طریقہ کارسے آگاہ کرتے ہیں بلکہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے تبادلہ خیال بھی کرتے ہیں۔ اُن کے شعبہ میں زیادہ تر کارکنان ۲۵؍ تا ۳۰؍ سال کی عمر کے نوجوان ہیں جو انتہائی پُھرتی سےچاک و چوبند رہتے ہوئے برق رفتاری سے اپنے فرائض ادا کرتے ہیں۔ سب سے بڑا ٹینٹ صرف چار کارکن محض دس منٹ میں لگادیتے ہیں۔تمام رضاکارکارکنان حضور انور کی نصائح کے عین مطابق مُسکراتے چہروں کے ساتھ مہمانوں کا استقبال کرتے ہیں اور کسی بھی شکوہ کی صورت میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہت ہی پیار کے ساتھ محبت کے پھول بکھیرتے ہیں۔ان کے شعبہ میں خدمت کرنے والے بعض کارکن اپنی ذاتی زندگی میں پروفیشنل عہدوں سے منسلک ہیں لیکن یہاں وہ بالکل ایک عام فرد کی طرح دین کی خدمت میں سرشار اور مصروف رہتے ہیں۔ مکرم ناظم صاحب نے تمام احباب جماعت کو جلسے کی مبارکباد دیتے ہوئے جلسہ کی بھرپور کامیابی کے لیےدعا بھی کی اور اپنے شعبہ کے تمام کارکنان کے لیے خدا تعالیٰ کے فضل حاصل کرنے اوربیش از پیش خدمت دین کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔اللہ تعالیٰ انہیں توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)