https://youtu.be/V0S51W5s9ZM اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۱۵و۱۶؍جون ۲۰۲۵ء بروز اتوار و سوموار مبلغین و معلمین کرام کے لیے دوروزہ ریفریشر کورس کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جو آبیدجان میں واقع جماعتی مقام ’مہدی آباد‘ پر منعقد ہوا۔ اس بابرکت پروگرام میں ۶۹؍سنٹرل و لوکل مبلغین و معلمین نے شرکت کی جبکہ ان کی فیملیز کے لیے بھی علیحدہ ریفریشر کورس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تمام شرکاء ایک روز قبل ہفتہ کے دن مہدی آباد پہنچ گئے۔ پہلا دن نماز تہجد اور فجر سے شروع ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح صبح آٹھ بجے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب کےساتھ سب نےعہدیداران کے لیےموصولہ مرکزی عہد نامہ بزبان اردو دہرایا جس کا فرانسیسی اور جولا زبان میں بھی ترجمہ کر کے دہرایا جاتا رہا۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف مواقع پر مبلغین کو دی گئی ہدایات بیان کیں۔ مکرم سورو الحسن صاحب نے ’’حضرت مسیح موعودؑ اور آپؑ کا مقام‘‘ کے موضوع پر جبکہ مکرم سلطان احمد وڑائچ صاحب نے ’’نظام شوریٰ کا تعارف و اہمیت‘‘ پر تقریر کی۔ ایک وقفہ کے بعد نیشنل عاملہ کے مختلف ممبران نے اپنے اپنے شعبہ جات کا تعارف پیش کیا۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد سہ پہر تین بجے پروگرام کا دوبارہ آغازتلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے ٹی وی پر سلائیڈز کے ذریعہ لازمی و طوعی چندہ جات کی تفصیلات بیان کیں۔ مکرم سورو الحسن صاحب نے کتاب ’’زریں ہدایات برائے مبلغین کرام‘‘کے چند صفحات کا فرانسیسی ترجمہ پیش کیا جس کے بعد کھیل کے لیے وقفہ ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب برموقع تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ یوکے، جرمنی اور کینیڈا فرانسیسی اور جولا زبان میں ترجمہ کے ساتھ دکھایا گیا۔ بعد ازاں عشائیہ کے ساتھ دن کا اختتام ہوا۔ دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ پروگرام کا آغاز آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں:’’بدعات اور حضرت مسیح موعودؑ و خلفائے کرام کے ارشادات‘‘ از مکرم باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ، ’’سہ انجمن احمدیہ (صدر انجمن،تحریک جدید،وقف جدید)‘‘ از مکرم شاہد احمد مسعود صاحب مبلغ سلسلہ، ’’وفات مسیح بحوالہ بائبل‘‘ از مکرم طورے عبدالسلام صاحب مبلغ سلسلہ اور ایک وقفہ کے بعد ’’تعارف شیعہ ازم اور امام مہدی کی آمد بحوالہ کتب شیعہ‘‘ از مکرم سومارو قاسم صاحب معلم سلسلہ۔ مکرم لقمان فرید صاحب،مکرم باسط احمد صاحب،مکرم سورو الحسن صاحب اور مکرم سلطان احمد وڑائچ صاحب کی صدارت میں ایک فقہی نشست منعقد ہوئی جس میں کتاب ’’فقہ المسیح‘‘ سے مختلف فتاویٰ فرانسیسی زبان میں پیش کیے گئے اور شرکاء کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ آخر میں مکرم سلطان احمد صاحب نے جماعت احمدیہ کے مختلف شعبہ جات و دفاتر کے قواعد پیش کیے۔ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر و عصر کے بعد اختتامی اجلاس مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جس کے بعد امیر صاحب نے تقریر کی اور مختلف امور کے متعلق راہنمائی کی۔ سوال و جواب کی ایک محفل کے بعد دعا کے ساتھ اس ریفریشر کورس کا اختتام ہوا اور گروپ تصویر بنائی گئی۔ ریفریشر کورس کے اختتام کے بعد امیر صاحب نے تمام سنٹرل مبلغین سے اردو زبان میں علیحدہ میٹنگ بھی کی جس میں آپ نے مختلف جماعتی امور کے سلسلہ میں چند نصائح کیں۔ مبلغین و معلمین کی فیملیز کے لیے بھی دو روزہ ریفریشر کورس منعقد ہوا۔ پہلے دن مکرمہ صدر لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ اور نائب صدر صاحبہ نے مختلف گزارشات اور نصائح پیش کیں۔ دوسرے دن نماز ظہر کے بعد امیر صاحب کی اہلیہ صاحبہ کے ساتھ پاکستانی مبلغین کی ازواج کا علیحدہ اجلاس ہوا جس میں ضروری راہنمائی اور چند نصائح پیش کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ اس ریفریشر کورس کو شاملین کی علمی و روحانی ترقی کا موجب بنائے اور ہم سب کو خدمت دین کی توفیق عطا فرماتا جائے۔ آمین (رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: نیشنل مجلس عاملہ لائبیریا کا تبلیغی و تربیتی دورہ