https://youtu.be/-1m95B0x4aQ از طرف لجنہ اماءاللہ پاکستان مکرم کرنل محمد منیر احمد صاحب مورخہ۲۴؍مئی ۲۰۲۵ء کو مختصر علالت کے بعد اپنے مولائے حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ ان کی وفات پر لجنہ اماء اللہ پاکستان کی طرف سے قراردادِ تعزیت پیش ہے۔ مکرم کرنل محمدمنیر احمد صاحب ابن مکرم پیر محمد اقبال صاحب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ آپ ۱۹۶۳ءمیں بیعت کرکے نظام جماعت میں شامل ہوئے اور وصیت کے بابرکت نظام میں بھی شامل ہو گئے۔ آپ کے نیک عمل کو دیکھ کر آپ کے والدین نے بھی بیعت کرنے کی سعادت پائی۔ آپ کی شادی مکرم پیر صلاح الدین صاحب اور مکرمہ امۃ اللہ بیگم صاحبہ بنت حضرت میر محمد اسمعیٰل صاحب ؓ کی بڑی صاحبزادی مکرمہ امۃ المالک فرخ صاحبہ سے ہوئی۔ جنہیں خود بھی لجنہ اما ء اللہ پاکستان میں گراں قدر خدمات کی توفیق ملی۔الحمدللہ سنہ ۱۹۶۵ءسے ۱۹۹۰ءتک پاک فوج میں اپنے فرائض نہایت دیانتدارانہ طریق پر اد کیے اور کرنل کے عہدے تک ترقی پاکر ریٹائر ہو گئے۔ بعد ریٹائر منٹ نائب امیر ضلع ملتان خدمت سر انجام دی۔ سنہ ۲۰۰۴ء میں آپ نے وقف کردیا اور حضور اقدس نے منظور فرمایا اور آپ کا تقرر فضل عمر ہسپتال میں ہوا۔ ۲۰۰۵ءسے ۲۰۱۷ء تک بطور ایڈمنسٹریٹرفضل عمر ہسپتال خدمات سر انجام دینے کی توفیق پائی اور بارہ سال تک بہت اخلاص اور محنت سے اپنے مفوضہ فرائض ادا کیے۔ بعد میں ایڈمنسٹریٹر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی ۲۰۲۳ء تک ہسپتال سے منسلک رہے۔ آپ کے عرصہ خدمت میں فضل عمر ہسپتال مزید ترقی کی طرف گامزن رہا۔ نیز آپ کام کرنے والے عملہ کی فلاح و بہبود کےلیے کوشاں رہتے۔ آپ نہایت غریب پرور اور رحم دل شخصیت کے مالک تھے۔ مریض کا آرام اور اس کی تسلی اولین ترجیح ہوا کرتی۔ نادار مریضان جو ربوہ کے مضافات سے ہسپتال آتے ان کے لیے جو رعایت دی جاسکے اس کے لیے کوشش کرتے اور بسا اوقات اپنی طرف سے بھی امداد کرتے حتیٰ کے خوراک وغیرہ کے لیے مدد کرتے۔ اس طرح ۱۹؍سال بعد از ریٹائر منٹ خدمات بجا لانے کی توفیق پائی۔ ذٰلِکَ فَضۡلُ اللّٰہِ یُؤۡتِیۡہِ مَنۡ یَّشَآءُ آپ ایک درویش صفت وجود تھے۔ سادگی ،انکساری اور انسانیت کی خدمت آپ کے خاص اوصاف تھے۔عبادت الٰہی کا خاص اہتمام کرتے ،با جماعت نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد مبارک تشریف لے جاتے اور جمعہ کی ادائیگی کے لیے ضرور جاتے۔ چند ماہ قبل اللہ تعالیٰ نے آپ کو عمرہ ادا کرنے کی سعادت عطا فرمائی۔ الحمدللہ خلافت احمدیہ سے فدائیت و وفا کا تعلق تھا۔ آپ کے تینوں صاحبزادگان بھی کسی نہ کسی رنگ میں خدمت دین کی توفیق پارہے ہیں۔الحمدللہ ہم ممبرات مجلس عاملہ اس صدمہ کے موقع پر سب سے پہلے اپنے پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمت میں تعزیت پیش کرتی ہیں۔ پھر آپ کی اہلیہ محترمہ سے جن کا تعاون ہمیشہ لجنہ کو حاصل رہتا ہے، ان سے اور آپ کے بچوں اور بہوئوں سے دلی افسوس کا اظہار کرتی ہیں۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مکرم کرنل صاحب کے درجات بلند فرمائے ،اپنے قرب خاص سے نوازے اور آپ کی نیکیاں آپ کی نسلوں میں جاری رکھے۔ آمین ٭…٭…٭