قرارداد تعزیت

قرارداد تعزیت بروفات مکرم محترم چودھری لطیف احمد جھمٹ صاحب(مرحوم)سابق وکیل المال ثالث تحریک جدید انجمن احمدیہ، پاکستان، از مجلس تحریک جدید

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم۔ نحمدہ و نصلی علیٰ رسولہِ الکریم وعلیٰ عبدہ المسیح الموعود

مجلس تحریک جدید انجمن احمدیہ پاکستان ،ربوہ کا یہ غیر معمولی اجلاس منعقدہ مؤرخہ 15.08.22مکرم محترم لطیف احمد جھمٹ صاحب سابق وکیل المال ثالث تحریک جدید انجمن احمدیہ،پاکستان کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔

آپ مورخہ 3؍اگست2022ء کو تقریباً79سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

مکرم محترم لطیف احمد جھمٹ صاحب مورخہ 27؍جنوری 1943ء کو مکرم چودھری غلام مرتضیٰ صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پیدائشی احمدی اور موصی تھے۔آپ کا آبائی وطن گجرات تھا۔آپ کے داداحضرت چودھری محمددین صاحب واصل باقی نویس حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام کے صحابی تھے۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کانفوذان ہی کے ذریعہ ہوا۔آپ کا نام 313اصحاب کی فہرست میں تیسرے نمبرپرشامل ہے۔

مکرم چودھری لطیف احمدصاحب کاخاندان سلسلہ کی خدمت کرنے والوں کاخاندان رہاہے۔آپ کے تایاحضرت صوفی غلام محمدصاحب ناظربیت المال اورایڈیشنل ناظراعلیٰ رہے۔آپ کے والد مکرم چودھری غلام مرتضیٰ صاحب بارایٹ لاء تحریک جدید کے وکیل القانون رہے۔آپ کے چچامکرم چودھری غلام یاسین صاحب مرحوم نے بطور مبلغ سلسلہ خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کے تایازادبھائی مکرم چودھری مبارک مصلح الدین احمدصاحب وکیل المال ثانی اور پھر وکیل التعلیم رہے اور خود آپ کو بھی ایک لمبا عرصہ سلسلہ کی خدمت کی توفیق ملی۔

مکرم چودھری لطیف احمدصاحب نے ابتدائی تعلیم کے بعد 1966ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم ایس سی ریاضی کی ڈگری حاصل کی اوراس کے بعد آپ شعبہ تعلیم سے وابستہ ہوگئے۔ 1966ء تا1968ء تعلیم الاسلام کالج میں بطورلیکچرارخدمت کی۔1968ء میں آپ سیرالیون تشریف لے گئے۔جہاں آپ نے جماعتی سکول میں تدریس کے فرائض سرانجام دیے۔ 1971ء میں آپ نے باقاعدہ طور پر اپنی زندگی خدمت سلسلہ کے لیے وقف کردی۔1968ء تا1994ء کم و بیش 26سال تک آپ نے سیرالیون میں تدریس کے شعبہ میں بطوراستاداورپرنسپل نہایت خوش اسلوبی سے اپنے فرائض سرانجام دیے۔آپ کی ان غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں 12؍اگست 2018ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے ازراہ شفقت آپ کو’’عبدالرحیم نیرایوارڈ‘‘سے نوازا۔

افریقہ سے واپسی پرآپ نے تقریباً5سال بطورنائب وکیل المال ثانی اور7سال نائب وکیل المال ثالث خدمت کی توفیق پائی۔یکم جنوری 2007ء کوآپ کاتقرربطور وکیل المال ثالث ہوا۔اس حیثیت سے آپ کو20؍جون20ء تک خدمت کی توفیق ملی۔ 20؍جون20ء سے 20؍ستمبر21ء تک آپ نے بطوروکیل صنعت و تجارت خدمت کی۔اس طرح آپ کا کل عرصہ خدمت نصف صدی سے زائد عرصہ پرمحیط ہے۔

جس عرصہ میں آپ وکیل المال ثالث تھے،اس دوران آپ کو بطورسیکرٹری کمیٹی آبادی بھی خدمت کی توفیق ملی۔اس کے علاوہ بطور ممبرمجلس عاملہ انصاراللہ پاکستان اور تا دم آخر آپOriental and Religious Publishing Corporationکے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمت کرتے رہے۔

آپ کو بطور مرکزی نمائندہ سیرالیون کےدورہ کرنے کااعزازملا۔اسی طرح آپ کو یہ اعزازبھی حاصل ہواکہ اکتوبر04ء میں مسجدبیت الفتوح لندن کے افتتاح کے موقع پرآپ نے تحریک جدیدکی نمائندگی کی۔

آپ کاخلافت کے ساتھ بے حد اخلاص، اطاعت اورمحبت کاتعلق تھا۔ آپ نہایت سادہ طبیعت کے شریف النفس انسان تھے۔جماعتی اموال کی حفاظت ہمیشہ آپ کے مدنظر رہتی تھی۔معاملات کو بڑی گہرائی سے دیکھنے والے تھے۔ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والے،غریب پرور انسان تھے۔

آپ کے پسماندگا ن میں آپ کی اہلیہ محترمہ مکرمہ رشیدہ لطیف صاحبہ کے علاوہ ایک بیٹااور ایک بیٹی ہیں۔

سیدناحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے12؍اگست2022ء کوخطبہ جمعہ میںآپ کاذکرخیر فرمایا۔ حضور نے فرمایا:’’…بہت سادہ مزاج تھے۔بہت خیال رکھنے والے تھے۔… ساتھ کام کرنے والے جو تھے وہ بھی ان کے حسنِ سلوک کا بہت ذکر کرتے ہیں۔ ہر ایک ان کی تعریف کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان سے مغفرت اور رحم کا سلوک فرمائے۔ درجات بلند کرے۔ ان کے لواحقین کو صبر دے۔… ان کو بھی ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔‘‘

ہم جملہ ممبران مجلس تحریک جدیدانجمن احمدیہ پاکستان وکارکنان تحریک جدیدمکرم محتر م لطیف احمد جھمٹ صاحب(مرحوم) کے انتقال پرملال پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی خدمت اقدس میںاپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔

نیزمرحوم کے جملہ پسماندگان اورجملہ احباب جماعت سے اظہار افسوس کرتے ہوئے، دعاگوہیںکہ اللہ تعالیٰ اس خادم سلسلہ کی مغفرت فرماتے ہوئے ،جنت الفردوس میں جگہ دے اورپسماندگان کوصبرجمیل عطا فرمائے اوران کاحافظ وناصرہو۔مرحوم کی اولاداورآئندہ نسلوں کو مرحو م کی نیکیوں کا وارث بنائے اور اللہ تعالیٰ جماعت اور خلافت احمدیہ کو ایسے باوفا، مخلص، معاون و مددگارخادم دین ہمیشہ عطا فرماتاچلاجائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button