کلام حضرت مصلح موعود ؓ

ہے دستِ قبلہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

(کلام حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ)

ہے دستِ قبلہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ
ہے دردِ دل کی دوا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

کسی کی چشمِ فسوں ساز نے کیا جادو
تو دل سے نکلی صدا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

جو پھونکا جائے گا کانوں میں دل کے مُردوں کے
کرے گا حشر بپا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

قریب تھا کہ مَیں گر جاؤں بار عصیاں سے
بنا ہے لیک عصا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

رہ نہیں رہی باقی کوئی مرے دل کی
ہوا ہے عقدہ کشا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

عقیدۂ ثنویت ہو یا کہ ہو تثلیث
ہے کذب بحث و خطا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

ہے گاتی نغمۂ توحید نَے نیتاں میں
ہے کہتی بادِ صبا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

ترا تو دل ہے صنم خانہ پھر تجھے کیا نفع
اگر زباں سے کہا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

حضورِ حضرتِ دیّاں شفاعتِ نادم
کرے گا روزِ جزا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

زمیں سے ظلمتِ شرک ایک دم میں ہوگی دور
ہوا جو جلوہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

ہزاروں ہوں گے حسیں لیک قابل الفت
وہی ہے میرا پیا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

نہ دھوکا کھائیو ناداں کہ شش جہات میں بس
وہی ہے چہرہ نما لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

چھپی نہیں کبھی رہ سکتی وہ نگہ جس نے
ہے مجھ کو قتل کیا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

بروزِ حشر سبھی تیرا ساتھ چھوڑیں گے
کرے گا ایک وفا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

ہزاروں بلکہ ہیں لاکھوں علاج روحانی
مگر ہے روحِ شفا لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ

(کلام محمودمع فرہنگ صفحہ ۱۲۵)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button