افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ اور جلسہ جات سیرت النبیﷺ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ سال بھر سیرت النبیؐ کے حوالے سے پروگرام منعقد کرتی ہے۔تاہم ماہ ربیع الاول میں خصوصی طور پر خطبات جمعہ، دروس، اجتماعات و جلسہ جات سیرت النبیﷺ کے موضوع پر منانے کا اہتمام کیا گیا۔ ان پروگرامز کا مقصد آنحضرتﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف خواص کو شاملین کے سامنے بیان کرنا تھا۔ مختلف مقامات پر دوران ماہ خصوصی طور پر باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا جاتا رہا جبکہ دوران ماہ نفلی روزہ بھی کئی مقامات پر احباب جماعت نے جماعتی پروگرام کے تحت رکھا اور صدقات کی ادائیگی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

آئیوری کوسٹ کے ۱۹؍ ریجنز کی کل ۱۱۰؍ سے زائد جماعتوں میں دوران ماہ ۱۷۰ سے زائد خطبات جمعہ بعنوان سیرت النبیﷺ دیے گئے۔ جبکہ دو صد سے زائد جلسہ جات سیرت النبیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ ملک بھر کی ۱۱۰؍ سے زائد جماعتوں میں نماز فجر اور مغرب کے بعد اندازاً ۳۵۰؍ سے زائد دروس کا اہتمام کیا گیا۔ ۲۲؍ بک سٹالز کا مختلف مقامات پر اہتمام کیا گیا جس میں قرآن کریم کے ساتھ ساتھ سیرت النبیﷺ کے موضوع پر موجودہ فرانسیسی و عربی کتب برائے فروخت تھیں۔ ان بک سٹالز کے ذریعے ۲۲۶،۶۵۰؍ فرانک سیفا کی رقم کی کتب فروخت کی گئیں۔ جبکہ مختلف مقامات پر سیرت النبیﷺ کے موضوع پر سرکاری و مقامی افسران کو ۲۲؍کتب تحفۃً بھی دی گئیں۔ ان تمام پروگرامز سے ایک محتاط اندازے کے مطابق بارہ ہزار سے زائدافراد مستفیض ہوئے۔ آئیوری کوسٹ میں ۹مختلف مقامات کے ریڈیوز پر مرکزی طور پر جماعتی آن لائن ریڈیوwww.ahmadiyya.ciکے ذریعے ایک گھنٹہ پروگرام نشر کیا جاتا ہے۔ دوران ماہ ربیع الاول ان تمام ریڈیوز پر مسلسل سیرت النبیﷺ کے حوالے سے بزبان فرانسیسی و جولا (French, Djoula) پروگرامز نشر کیے جاتے رہے۔ جبکہ دیگر تیرہ مقامات پربھی ریڈیوز کے ذریعے پروگرامز نشر کیے گئے جن کے سامعین کی تعداد اندازاً ۲۰ ہزار کے قریب بنتی ہے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان پروگرامز کے نفع رساں نتائج پیدا فرمائے اور سیرت النبیﷺ پر عمل کرتے ہوئے دنیا کو امن کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے نیز ہمیں اپنی زندگیوں میں عملی طور پر سیرت النبیﷺ کو اپنانے کی توفیق عطا کرے۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ رونامہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button