پریس ریلیز
٭…احمدیوں کو عبادات سے روکنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے
٭…احمدیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات کا اندراج اور متعدد مقامات پر ہراساں کیا گیا ہے
٭… چار دیواری میں بھی احمدیوں کو مذہب پر عمل کرنے کی اجازت نہ دے کر سپریم کورٹ کے فیصلہ کی واضح خلاف ورزی کی گئی
چناب نگر۔پ ر۔ عید الاضحی کے موقع پر احمدیوں کو قربانی کرنے سے زبردستی روکنے،احمدیوں کو ہراساں کرنے اور سرکاری انتظامیہ کی جانب سے ماورائے قانون اقدامات قابل افسوس اور شرمنا ک ہیں۔ سرکاری انتظامیہ کی جانب سے احمدیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات کے اندراج،احمدیوں سے زبردستی شورٹی بانڈز لینے اور قربانی کرنے سے روکنے کے اقدامات آئین پاکستان کے آرٹیکل ۲۰؍ اور جسٹس منصور علی شاہ صاحب اور جسٹس امین الدین خان صاحب پر مشتمل سپریم کورٹ کے دورکنی بینچ کے ۱۲؍ جنوری ۲۰۲۲ء کو دیے گئے فیصلے کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ سپریم کورٹ نے Cr1.P.916-L/2021میں قرار دیا تھا کہ احمدی اپنی چار دیواری کے اندر مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی رکھتے ہیں۔ تاہم اس سا ل احمدیوں کو قربانی کرنے سے روکنے کے واقعات میں شدت محسوس کی گئی۔
٭… احمدیوں کو قربانی کرنے سے روکنے کے لیے ۲۳ درخواستیں مختلف تھانوں میں دی گئیں۔
٭… پنجاب پولیس نے انتہا پسند عناصر کی خوشنودی کے لیے ۸۹؍ جگہوں پر احمدیوں کو ہراساں کیا کہ وہ قربانی نہ کریں۔
٭… ۴مقامات پر عید کی نماز پڑھنے سے روک دیا۔
٭… احمدیوں کو مجبور کر کےزبردستی ۲۸ شورٹی بانڈز لیے گئے۔
٭… گجرات میں پولیس انسپکٹر نے مسجد میں اعلان کیا کہ جس نے اس عید پر قربانی کرنی ہے وہ پہلے مسلمان ہو۔
٭… مختلف اضلاع میں قربانی کرنے کی بنا پر ۱۳؍احمدیوں کے خلاف ۶؍مقدمات قائم کیے گئے اور ۷؍احمدیوں کو گرفتار کیا گیا۔
٭… ۱۰؍ جانور پولیس نے ناجائز طور پر اپنے قبضہ میں لے لیے۔
٭… پولیس نے ۵ احمدیوں کے گھروں کی غیر قانونی طور پر تلاشی لی اور گھروں سے گوشت اٹھا کے لے گئی۔
٭… ۱۱؍ مقامات پر شرپسندوں نے احمدیوں کو ہراساں کیا۔
ترجمان جماعت احمدیہ نے کہا ہے کہ مذہب کے مقدس نام کو استعمال کرتے ہوئے انتہا پسند عناصر اور ان کی پشت پناہ پولیس کی جانب سے احمدیوں کے انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات وطن عزیز کی جگ ہنسائی کا موجب بن رہے ہیں جبکہ حکومت عالمی برادری کو یہ درس دے رہی ہے کہ تمام مذاہب کا احترام کیا جائے اور شرارت کرنے والی متعصبانہ سوچ کو مسترد کیا جائے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ احمدیوں کے خلاف قربانی کرنے کے حوالے سے درج بےبنیاد مقدمات کو ختم کرتے ہوئے معصوم احمدیوں کو فوری رہا کیا جائے اور احمدیوں کی مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔