پریس ریلیز: کراچی میں شرپسند عناصر کی جانب سے ڈرگ روڈ پہ واقع احمدی مسجد ”بیت المبارک“ کے مینار توڑ دیے گئے
کراچی میں شرپسند عناصر کی جانب سے ڈرگ روڈ پہ واقع احمدی مسجد ”بیت المبارک“ کے مینار توڑ دیے گئے۔
شر پسند عناصر نے مسجد کی بیرونی دیواروں پہ ”قادیانی کافر زندیق“ کے نعرے بھی لکھے۔
ملک بھر میں موجود تمام احمدی مساجد کی سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے: ترجمان جماعت احمدیہ
(۲۵؍ جولائی ۲۰۲۳ء) کل مورخہ ۲۴؍ جولائی ۲۰۲۳ء کو سہ پہر پونے چار بجے درجن بھر شرپسند عناصر جنہوں نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، ڈرگ روڈ کراچی میں واقع احمدی مسجد پہ حملہ آور ہوئے۔ شرپسند عناصرسیڑھی کے ذریعہ مسجد پہ چڑھے اور ہتھوڑوں سے مینار توڑنا شروع کر دیے۔ متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع کی گئی تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل شرپسند عناصر وہاں سے فرار ہو چکے تھے۔
ترجمان جماعت احمدیہ نے اس افسوس ناک واقعہ کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر تمام حدود پار کر چکے ہیں۔ جماعت احمدیہ کے خلاف نفرت عروج پہ پہنچا دی گئی ہے۔ ماہ جنوری میں مارٹن روڈ کراچی اور ماہ فروری میں کراچی صدر کے علاقہ میں واقع احمدی مساجد کے مینار ہجوم نے مسمار کر دیے۔ رواں سال ملک بھر کے مختلف علاقوں میں احمدی مساجد پہ ۱۰ سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں اور تاحال قانون شکن عناصر کو قانون کی گرفت میں نہیں لیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان عناصر کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احمدی اپنے ہی ملک میں رہتے ہوئے عدم تحفظ کا شکار ہورہے ہیں۔ شرپسند عناصر کی ان مذموم حرکات کی وجہ سے عالمی سطح پہ وطن عزیز کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ وقت آن پہنچا ہے کہ ان شر پسندعناصر کو قانون کے تابع کیا جائے تا یہ وطن عزیز کی فضا کو مذہبی منافرت کے ساتھ مزید مسموم نہ کر سکیں۔
ترجمان جماعت احمدیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ متعدد مقامات پرشر پسند گروہوں کی جانب سے محرم الحرام کے مقدس مہینے میں یوم عاشور پہ احمدی مساجد پہ حملوں کی منصوبہ بندی کی جاچکی ہے۔ سوشل میڈیا پہ اس منصوبہ بندی کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ ملک بھر میں موجود تمام احمدی مساجد کی سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں تا کہ شرپسند عناصر کو دوبارہ ایسی قابل مذمت حرکت کرنے کا موقع نہ مل سکے۔
(تصاویر بشکریہ : @IamAmirMahmood)