پریس ریلیز: جماعت احمدیہ نے مذہبی بنیادوں پر امتیازی سلوک روا رکھے جانے پہ عام انتخابات ۲۰۲۴ء سے اعلان لا تعلقی کر دیا
٭… جماعت احمدیہ نے مذہبی بنیادوں پر امتیازی سلوک روا رکھے جانے پہ عام انتخابات ۲۰۲۴ء سے اعلان لا تعلقی کر دیا
٭… عقیدے کے اختلاف کی بنا پر صرف احمدیوں کے لئے الگ ووٹر لسٹ واضح طور پر امتیاز ی سلوک ہے
(۳۱؍جنوری۲۰۲۴ء) چناب نگر ( پ ر) جماعت احمدیہ پاکستان کے پریس سیکشن نے ۸؍فروری ۲۰۲۴ء کو ہونے والے عام انتخابات سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات مخلوط طرز پر ہو رہے ہیں اس کے باوجود عقیدے کے اختلاف کی بنا پر مذہبی تفریق کرتے ہوئے صرف احمدیوں کے لئے الگ ووٹر لسٹ بنائی گئی ہے۔ووٹرز کی رجسٹریشن اور ووٹر لسٹوں کی تیاری کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس وقت پاکستان میں ایک ووٹر لسٹ ہے جس میں مسلمان،ہندو،مسیحی،سکھ،پارسی اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شامل ہیں جبکہ صرف احمدیوں کے لئے الگ ووٹر لسٹ بنائی گئی ہے جس کے اوپر ’’قادیانی مرد/خواتین‘‘ تحریر ہے۔
محض مذہب کی تفریق کی بنا پر امتیازی سلوک روا رکھتے ہوئے الگ فہرست کا اجراء، احمدی پاکستانی شہریوں کو انتخابات سے الگ رکھنے اور ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی ایک ارادی کوشش ہے۔ یہ تفریق اور امتیاز بنیادی انسانی حقوق ،حضرت قائد اعظم کے فرمودات اورآئین پاکستان اور مخلوط طرز انتخاب کی روح کے سر اسر خلاف ہے۔
جماعت احمدیہ پاکستان کے ترجمان عامر محمود نے کہا ہے کہ درج بالا صورتحال کے پیش نظر جماعت احمدیہ پاکستان کی عام انتخابات میں شمولیت ممکن نہیں اس لئے جماعت احمدیہ پاکستان نے عام انتخابات ۲۰۲۴ء سے اعلان لا تعلقی کا فیصلہ کیا ہے اور اگر ا ن انتخابات میں کوئی فرد بطور احمدی حصہ لیتا ہے تو وہ کسی صورت احمدیوں کا نمائندہ نہیں کہلا سکتا اور نہ ہی احمدی اسے اپنا نمائندہ تسلیم کریں گے۔
(یہ پریس ریلیز الفضل انٹرنیشنل کی ویب سائٹ پر ۳۱؍جنوری کو شائع کی گئی)