امریکہ (رپورٹس)دورہ امریکہ ستمبر؍اکتوبر 2022ء

دورۂ امریکہ کا چوتھا روز، جمعرات 29؍ستمبر 2022ء

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء

چوتھا روز، جمعرات 29؍ستمبر 2022ء

حضورِ انور کی احمدی مسلم سائنٹسٹس ایسوسی ایشن سے میٹنگ اور احبابِ جماعت کے ساتھ ملاقاتیں

آج 29؍ستمبر 2022ء بروز جمعرات امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا امریکہ کے شہر زائن میں چوتھا دن تھا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر پچاس منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لائے جہاں مسجد خادمانِ خلافت سے بھری ہوئی تھی۔ تمام احباب کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نمازِ فجر ادا کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ نمازیوں کی کثرتِ تعداد کے باعث مسجد جلد بھر گئی اور سینکڑوں زائد احباب نے احاطہ میں لگی اوورفلو مارکیوں اور کمروں میں نمازادا کی۔

نمازِظہر و عصر پونے دو بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد میں تشریف لا کر پڑھائیں۔ بعد ازاں شام چھ بج کر دس منٹ پر گروپ اور فیملی ملاقاتیں شروع ہوئیں جو شام 7 بج کر 27 منٹ تک جاری رہیں۔ ان ملاقاتوں میں 6 فیملیز کے 27 افراد نے اپنے آقا سے شرف زیارت حاصل کیا۔ اس کے علاوہ آج آٹھ گروپ ملاقاتیں عمل میں آئیں جن میں کُل 71 افراد کو حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔

گروپ اور فیملی ملاقاتوں کے بعد شام 7 بج کر 29 منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسجد فتح عظیم کے ملٹی پرپز ہال میں تشریف لے گئے جہاں پر حضورِ انور نے احمدیہ مسلم سائنٹسٹس ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات فرمائی۔ قریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں سو کے قریب خوش نصیب سائنسدانوں نے شرکت کر کے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے راہنمائی حاصل کی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسلم سائنٹسٹس ایسوسی ایشن کو لائحہ عمل دیتے ہوئے فرمایا کہ اگلے چند سالوں میں ہمیں دو چار ڈاکٹر عبد السلام پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

مسجد میں مومنین نے اپنے آقا کے پیچھے نمازِ مغرب و عشاء ادا کرنے کی غرض سے گھنٹے پہلے ہی آنا شروع کر دیا اور ابھی نماز کا وقت شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ تمام مسجد، ہال اور کمرے نمازیوں سے بھر گئے مگر ابھی احباب کی وافر تعداد باہر موجود تھی۔ اس کے لیے انتظامیہ نے باہر متعدد مارکیاں لگا رکھی تھیں جہاں پر ان احباب نے نماز ادا کی۔ امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ٹھیک 8 بج کر 25 منٹ پر تشریف لا کر نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button