یورپ (رپورٹس)

لگزمبرگ (Luxembourg) میں کامیاب پبلک تبلیغی سرگرمی

6 لاکھ پچاس ہزار نفوس پر مشتمل جرمنی، فرانس اور بیلجیم کے  درمیان گھرے نہایت چھوٹے سے ملک لگزمبرگ کا شمار مغربی یورپ کے امیر ترین ممالک میں ہوتا ہے جہاں مذہب سے لگاؤ نہ yہونے کے برابر ہے۔ عوام کی اکثریت مسیحی ہونے کے باوجود غالب تعداد دہریت کا شکار ہے۔ مسلمانوں کی تعداد قریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ جماعت احمدیہ نے اس ملک میں تبلیغی سٹینڈ لگانے کے لیے انتظامیہ سے ملاقات کر کے انہیں اسلام کا خوبصورت پیغام پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ہر دفعہ ان کی طرف سے جواب انکار کی صورت میں ملتا۔ مگر خدا تعالیٰ کا حضرت مسیح موعود ؑ سے کیے گئے وعدہ کہ ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا‘‘ کو پورا کرنے کے سامان بھی اللہ تعالی خود ہی پیدا فرمادیتا ہے۔

ہماری حقیر سی کاوشوں میں کچھ ایسے برکت پڑی کہ ہمارا رابطہ ایک فلاحی تنظیم  Stëmm vun der Strooss کے ڈائرکٹر سے ہوا جو مستحقین کو ہر قسم کی امداد فراہم کرتی ہے۔ ہم نے موصوف سے جن کا نام فرانسِسکو (Fransisco) ہے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ ضرورت مند احباب کو ایک وقت کا کھانا پیش کرنا چاہتی ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اپنا خاص فضل فرمایا اور معاملات آسان ہوتے چلے گئے۔ اکثر یوں دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ اسلامی تنظیم کا نام دیکھتے ہی ادھر ادھر کے بہانے بنا کر ٹال دیا کرتے ہیں مگر جب ہماری فرانسیسکو صاحب سے ملاقات ہوئی تو ہم نے انہیں انھیں انتہائی کشادہ دل اور حقائق پر گہری نظر رکھنے والا انسان پایا۔ انہوں نے پراجیکٹ کی تمام تفصیلات دیکھ کر کہا کہ میں بہت سی مذہبی تنظیموں کو جانتا ہوں جو صرف پیسہ لینا جانتی ہیں۔ اگر آپ لوگ حقیقت میں کچھ خرچ کرنا چاہتے ہیں تو یہ میرے لئے خوشی کی بات ہے اور اسی لئے مجھے پروا نہیں کہ آپ کا تعلق کس مذہب سے ہے۔ ان کی اس بات نے ہمیں حیران کر دیا کہ میں نہ صرف یہ کہ آپ لوگوں کو مستحقین میں کھانا تقسیم کرنے کی اجازت ہے بلکہ آپ مجھے اپنا پورا پلان بتائیں میں آپ کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہوں۔ ہم نے انھیں مورخہ 18؍ اپریل بروز اتوار کا پلان دیا تو انھوں نے کہا کہ اتوار والے دن تو میس بند ہوتا ہے۔ مگر کچھ توقف کے بعد  اتوار کا دن مقرر کرنے کی وجہ پوچھی تو ہم نے بتایا کہ چونکہ ہمارے سارے کارکن رضاکارانہ کام کرتے ہیں اس لئے اتوار کو ہی بآسانی وہ یہ خدمت بجا لاسکتے ہیں۔ اس پر وہ اور بھی حیران ہوئے کہ ہفتے میں ایک دن چھٹی کا ہوتا ہے وہ بھی آپ لو گ انسانیت کی خدمت کے لئے صرف کرنا چاہتے ہیں ۔ اور  کہنے  لگے کہ اب مجھ پر بھی واجب ہے کہ آپ لوگوں کے ساتھ اتوار کے دن کی قربانی کروں ۔ اتوار والے دن میں آپ لوگوں کے لئے بطور خاص میس کھلواؤں گا۔  یوں ہمارا پروگرام فائنل ہو گیا۔

Church of st. Josef Esch sur Alzette Luxembourg

اگلی میٹنگ مورخہ  2؍ اپریل کو ہونا طے پائی جس میں انھیں کھانے کے مینیو سے مطلع کرنا تھا ۔ اس میٹنگ میں بھی ہم نے اللہ تعالی کے فضلوں کے نظارے دیکھے۔ دل اللہ تعالی کی حمد سے لبریز ہو گئے جب انھوں نے ایک اشتہار نکال کر ہمارے سامنے رکھ دیاجس پر  نہ صرف جلی حروف سے احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن لکھاتھا  بلکہ منارۃ المسیح کی تصویر بھی موجود تھی۔ انہوں نے ہمارے پوچھنے پر بتایا کہ میں نے آپ لوگوں کی فرنچ ویب سائٹ کا بغور مطالعہ کیا ہے۔ آپ کے متعلق پڑھ کر مجھے پتہ چلا ہے کہ آپ لوگ تو ساری دنیا میں فلاحی خدمات بجا لارہے ہیں۔ یہ بات میرے لیے قابل قدر ہے۔ وہیں سے مجھے آپ کی جماعت کا یہ لوگو ملا ہے ۔ میرا ارادہ ہے کہ اس اشتہار کو شہر کی اہم جگہوں اور دفاتر میں آویزاں کیا جائے تا زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں۔ مزید میں چاہتا ہوں کہ آپ لو گ خود کھانا پیش کریں تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ مسلمان وہ نہیں ہیں جو میڈیا میں دکھائے جاتے ہیں بلکہ حقیقت میں مسلمان آپ جیسے ہوتے  ہیں۔  جوں جوں  وہ یہ باتیں کرتے جاتے تھے توں توں دل اللہ تعالی کی حمد اور شکر سے لبریز ہوتا جاتا کہ کہاں ہم صرف کھانا دینے کی کوشش میں تھے اور کہاں سارے شہر میں اشتہار بانٹے جارہے ہیں اور جماعت احمدیہ کا تعارف ہو رہا ہے۔

میٹنگ کے بعد خاکسار نے محترم حافظ فرید احمد صاحب خالدنیشنل سیکرٹری تبلیغ جرمنی سے رابطہ کیا۔ یاد رہے کہ لگزمبرگ کا ملک اگست 2019ء تک جماعت احمدیہ فرانس کی زیر نگرانی تھا بعد ازاں حضور انور نے ازراہ شفقت خاکسار کی تقرری بطور پہلے باقاعدہ مبلغ سلسلہ لگزمبرگ کرتے ہوئے اسے جماعت احمدیہ جرمنی کے سپرد فرمادیا۔ خاکسار  نے سیکرٹری صاحب تبلیغ سے درخواست کی کہ چونکہ لگزمبرگ میں وسائل کی کمی کے باعث اتنی بڑی مقدار میں کھانا بنانا ممکن نہیں اس لیے ہماری مدد کی جائے۔ الحمد للہ شعبہ تبلیغ کی ضیافت ٹیم نے سارے انتظامات کیے ۔ فجزاھم اللہ تعالی احسن الجزاء۔

18؍ اپریل کی صبح 6 بجے خاکسار کھانا وصول کرنے بیت القیوم فرانکفرٹ پہنچا۔ کھانا لادنے کے بعدمکرم افضل خان صاحب کی قیادت میں 9 احباب جماعت کی ضیافت ٹیم کے ساتھ اجتماعی دعا کے بعد وہاں سے روانگی ہوئی۔

چونکہ لگزمبرگ میں احمدی مرد احباب کی تجنید صرف 3  ہے اس لئے  شعبہ تبلیغ کی مقرر کردہ ٹیم مکرم محموداحمد ناصر صاحب انچارج متفرق تبلیغ  ڈیسک  جرمنی 3 رکنی ٹیم کے ہمراہ ہماری مدد کے لئے لگزمبرگ پہنچے۔  اللہ تعالی ہمارے ان مخلص بھائیوں کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ آمین

ان ضرورت مندوں کو ‘‘ایش سیور آلسیت’’ شہر کے مرکزی گرجا گھر Church of st. Josef Esch sur Alzette کے ایک ہال میں کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ پادری صاحب سے کہ جن سے  بارہا ملاقات کی کوشش کے باوجود وقت نہیں میسر آتا تھا ہمیں اس پروگرام کے توسط سے ملاقات اور تعارف ہو گیا اور اس طرح اس پروگرام میں اللہ تعالیٰ کے احسانوں اور تبلیغ میں آسانی کے سامانوں میں سے ایک سامان پیدا ہوا۔ مزید یہ کہ شہر کے میئر کی نمائندہ خاتون اپنے خاوند سمیت شہر کی انتظامیہ کی جانب سے اپنی ڈیوٹی پوری کرنے وہاں موجود تھیں۔

گیارہ بج کر پینتالیس منٹ پر پروگرام شروع کرنے کا پروگرام تھا۔ الحمد للہ ہم وقت سے ڈیڑھ گھنٹہ پہلے تمام انتظامات کرنے مقررہ جگہ پر پہنچ چکے تھے اور وقت سے دس منٹ پہلے سب انتظامات مکمل تھے۔ ایک ایک کر کے لوگ ہال میں داخل ہونے لگے۔ حضرت مسیح موعود ؑ کا لنگر جو 130 سال قبل قادیان جیسی غریب اور  بے نام بستی سے شروع ہوا تھا آج یورپ کے مہنگے اور امیر ترین  ملک میں تقسیم ہوتا دیکھ کر دل حضرت مسیح موعود ؑ کی صداقت کے ترانے گانے لگا۔ یہ پروگرام اڑھائی بجے تک جاری رہا اور 120 افراد نے اس سے استفادہ کیا۔ مینیو میں لنگر خانہ کی روایتی ’لنگر دال‘ کے علاوہ آلو چکن، چاول، نان ،سلاد اور کھیر وغیرہ شامل تھے۔ لوگوں نے سب سے زیادہ  لنگر دال کو پسند کیا۔

پروگرام کے بعد انتظامیہ کی طرف سے پسندیدگی اور مستقبل میں دوبارہ ایسے پروگرام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔ کھانا کھانے کے لئے آنے والے ایک صاحب نے ایک دلچسپ تبصرہ کیا کہ ‘‘مسلمانوں کی طرف سے ایسے اقدام نہایت ہی قابل قدر ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ان پرگراموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔’’

آخر پر فلاحی تنظیم کے ڈائریکٹر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ جلد ہی ہم اگلے پروگرام کا شیڈیول بھی تیار کریں گے ۔ اس سلسلہ میں میری طرف سے ہر قسم کا تعاون آپ کو ملتا رہے گا۔

شام 4 بجے کے قریب ہم وہاں سے ہال کی صفائی میں ہاتھ بٹانے کے بعد فرانکفرٹ کی طرف روانہ ہوئے۔

لگزمبرگ میں پورے پروگرام کو آرگنائز کرنے میں نیشنل صدر صاحب لگزمبرک  محترم خالد لارگیٹ  اور جرمنی میں تمام انتظامات نہایت احسن رنگ میں مکمل کرنے میں نیشنل سیکرٹری صاحب تبلیغ نے انتھک کاوشیں کیں۔ اللہ تعالیٰ ہر دو احباب کے ساتھ ان تمام احباب کو جزائے خیر عطا فرمائے جنھوں نے کسی بھی رنگ میں اس تاریخی کام کو سرانجام دینے میں ہماری مدد فرمائی۔ فجزاھم للہ احسن الجزاء

(رپورٹ: ظفراللہ سلام۔ مربی سلسلہ لگزمبرگ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button