حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(17؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 30,053,044

صحت یاب ہونے والے: 21,815,595

وفات یافتگان: 945,376

٭… 31؍دسمبر کو برطانیہ کا یورپی یونین سے باقاعدہ انخلا ہوجائے گا۔ بریگزٹ کے بعد تجارتی اور دیگر امور کے حوالے سے برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان حتمی مذاکرات جاری ہیں۔ وزیر اعظم بورس جانسن کی جانب سے یورپی یونین کے ساتھ معاہدے کے کچھ حصوں کو ختم کرنے کا اختیار لینے والے مجوزہ قانون کے بل کو پارلیمنٹ نے ابتدائی طور پر منظور کر لیا ۔ انٹرنل مارکیٹ بل کی مخالفت میں 263اور حق میں 340ووٹ ڈالے گئے۔ خطرہ ہے کہ اس بل پر دوسری رائے شماری کے وقت حکومت کی حمایت میں نمایاں کمی واقع ہوسکتی ہے جبکہ اس وقت حکومت کو پارلیمنٹ میں 80؍ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت حاصل ہے۔ بل کی ہاؤس آف لارڈز میں بھی شدید مخالفت کئے جانے کی توقع ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کا پارلیمنٹ میں کہنا تھا کہ یہ بل برطانیہ کی معاشی اور سیاسی سالمیت کو یقینی بنائے گا۔ یورپی یونین ٹریڈ ٹاک کے دوران غیر منصفانہ مطالبات کے علاوہ ہماری برآمدات کو روکنے کی دھمکی بھی دے رہا ہے۔

٭…خلیجی ریاستوں بحرین اور متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے پر دستخط کی ایک باقاعدہ تقریب 15؍ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہوئی۔ اس تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین ناتن یاہو اور دونوں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ شامل تھے۔ اس معاہدے کو Abraham Accordsکا نام دیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 5 یا 6 ممالک ایسے ہیں جو بہت جلد اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرلیں گے۔

واشنگٹن میں منعقدہ اس تقریب کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والی عرب ریاستوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل مصر 1979ء میں اور اردن 1994ء میں اسرائیل کو تسلیم کرچکے ہیں۔ فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیل سے تعلقات کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے ذلت آمیز ہیں۔

دوسری جانب معاہدے پر دستخط کرنے کے روز فلسطینی مسلح گروپوں کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ پھینکے جانے اور اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائیاں کی جانے کی اطلاعات ملی۔

٭… ترجمان ایرانی حکومت Ali Rabieiکا امریکی صدر کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ امریکہ کوئی نئی اسٹریٹجک غلطی نہیں کرے گا اور اگر امریکہ نے ایسا کیا تو اسے ایران کے فیصلہ کُن ردعمل کا سامنا ہوگا۔ یادر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران ممکنہ طور پر جنرل سلیمانی کا بدلہ لینے کے لیے امریکہ پر حملے کی تیاری کررہاہے، ایران نے ایسا کیا تو ہزار گنا زیادہ طاقت سے جواب دیں گے۔

٭…اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں قومی احتساب بیورو کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے دائر درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نواز شریف کو مفرور قرار دینے کی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔

٭… بھارت کے حکام نے کہا ہے کہ چینی فوج سرحد پر جاری تنازع کے حل کے لئے دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات کے باوجود مغربی ہمالیہ کے قریب آپٹیکل فائبر تاروں کا جال بچھا رہی ہے۔

٭… قبرص نے ترکی پر الزام لگایا ہے کہ ترکی بحیرہ ٔروم میں غیر قانونی طور پر ڈرلنگ کررہا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ بحیرۂ روم میں وسائل کی دریافت کے بارے میں قبرص ترکی سے مذاکرات کے لئےتیار ہے۔

٭…بدھ 16؍ستمبر کو Yoshihde Sugaکو جاپان کے ایوانِ زیریں کی جانب سے ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کیا گیا۔ یاد رہے کے سابقہ وزیراعظم Shinzo Abe نے خراب صحت کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

٭… منگل 15؍ستمبر کو اقوام ِمتحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کے سامنے کئی ممالک نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور جمال خاشقجی کے قتل پر سعودی عرب کی شدید مذمت کی۔ ڈنمارک کے سفیر نے 29ممالک کی جانب سے ایک بیان پڑھ کر سنایا جس میں جمال خاشقجی کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔

٭… بارباڈوس کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ کو اپنی ریاست کی سربراہی سے ہٹاکر ایک جمہوری ریاست بننا چاہتے ہیں۔

٭…اسرائیلی عدالت نے 25 سالہ یہودی آبادکار عمیر ام بن اولینل کو 31؍جولائی 2015ء کی شب مغربی کنارے کی نابلس ڈسٹرک کے گاؤں دوما میں فلسطینی خاندان کے گھر پر آتش گیر مادہ پھینک کر نذرآتش کرنے کے جرم میں تین مرتبہ عمر قید اور اضافی 20سال قید کی سزا سنادی جو اسرائیلی قانون کے تحت مجموعی طور پر 170 برس بنتی ہے۔ ملزم کے حملے سے ایک غریب فلسطینی سعد دوابشہ، اس کی بیوی اور شیر خوار بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے تھے جبکہ گھر جل کر خاکھ ہوگیا تھا۔

٭… سیالکوٹ ، پاکستان میں گوردوارہ بابے دی بیر میں 73 برس بعد خالصہ برادری کی مقدس کتاب ’گرو گرنتھ صاحب‘ ان کے حوالے کردی گئی۔ اس کتاب کو گجرات کے مسلمان خاندان نے1947ء سے اپنے پاس محفوظ رکھا ہوا تھا جسے گوردوارہ میں منعقدہ تقریب میں سکھ برادری کے حوالے کیا گیا۔

٭… برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14؍اکتوبر سے ہفتے میں لندن سے لاہور کی براہ راست چار پروازیں شروع کر رہی ہے۔ لاہور سے لندن ہیتھرو کی پروازوں کی ٹکٹوں کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے لندن ہیتھرو کے طویل سفر کے لیے جدید ترین بوئنگ 787 اور بوئنگ 788 طیاروں کو استعمال میں لایا جائے گا۔

٭… وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ:’’جنسی جرائم کے مرتکب افراد کو سرعام پھانسی دی جانی چاہیے، تاہم اس سے ان ممالک سے تجارت متاثر ہو سکتی ہے جو سزائے موت کے خلاف ہیں جن میں یورپی یونین شامل ہے۔ میرے خیال میں جنسی جرائم کے مرتکب افراد کو کیمیائی طریقے سے نامرد بنا دینا چاہیے۔ میں نے پڑھا ہے کہ ایسا کئی ملکوں میں ہورہا ہے۔‘‘ اس بیان پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔ وزیراعظم کا یہ بیان پاکستان میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ایک خاتون کے ساتھ زیادتی کے ایک حالیہ واقعے کے سخت ردعمل اور پاکستان کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہروں کے بعد سامنے آیا ہے۔

٭… افغانستان کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھارت کا دورہ کیا۔انہوں نے دہلی میں وزیر خارجہ جے شنکر اور اجیت ڈوول سے ملاقات کی اور افغان مذاکرات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ایک انٹرویو میں خلیل زاد نے کہاکہ افغانستان جنگ بندی اور امن کے فروغ کے سلسلے میں تاریخی امن مذاکرات کے لیے 5ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر خوش نہیں تھا لیکن بعض اوقات ملک کے مفاد کے لیے آپ کو مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

٭… فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ 2017ء میں وہ شام کے صدر بشار الاسد کو قتل کرانا چاہتے تھے مگر اس وقت کے وزیر دفاع جیمز میٹس نے اس آپریشن کی مخالفت کی۔ اسرائیل کے اعتراض کے باوجود متحدہ عرب امارات کو جدید فائٹر طیارے ایف 35کی فروخت پر انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔

٭… تنزانیہ کے شمالی علاقے کے گاؤں میں بنے بورڈنگ اسکول میں آگ لگنے سے 10 طلبا جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ اس وقت پرائمری کلاسوں کے 74 طلبا موجود تھے۔ آگ لگنے کے بعد طلبا نے عمارت سے باہر نکلنے کی کوشش کی، تاہم سب اس میں کامیاب نہ ہوسکے۔

٭… امریکہ کی شمال مغربی ریاستوں میں لگنے والے آگوں سےہلاک ہونے والوں کی تعداد 35ہوگئی ہے۔ آگ کی وجہ سے ہزاروں گھر، کاروبار اور کئی قصبے تباہ اور لاکھوں ایکڑ پر محیط جنگلات جل کر راکھ ہوچکے ہیں۔

٭…پاکستان بھر میں 15 ستمبر کو تعلیمی ادارہ جات جزوی طور پر کھول دیے گئے۔ پہلے مرحلہ میں میٹرک اور کالجز و یونیورسٹیز SOPs کے تحت کھولے گئے۔ یونیورسٹیز میں طلباء نے آن لائن کلاسز کی بنیاد پر امتحان لینے پر احتجاج کیا۔

معیشت وکاروبار: منگل 15؍ستمبر کے روز تجارت کی عالمی تنظیم نے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ امریکہ نے چین پر کئی بلین ڈالرز کے ٹیرف لگا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اس فیصلے پر غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے لگائے گئے ٹیرف حق بجانب ہیں۔

فٹ بال:٭… EFL Cup میں Bournemouth اور Crystal Palaceکا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد Bournemouth نے Crystal Palace کو پینلٹیوں پر 11-10 سے ہرا دیا۔

٭…14؍ستمبر کو انگلش پریمئر لیگ کے میچ میں Chelsea نے Brighton کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

کرکٹ: 13؍ستمبر کو دوسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 231رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 207رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

٭…16؍ستمبر کو تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 302 رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلیا نے مقررہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور اس طرح یہ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ گلین میکسول مین آف دی سیریز قرار پائے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button