افریقہ (رپورٹس)

سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعۃ المبشرین سیرالیون

2006ء میں حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے ازراہِ شفقت جامعۃ المبشرین سیرالیون کے قیام کی منظوری عطا فرمائی۔ الحمدللہ۔ اس بابرکت جامعہ سے طلباء تعلیم و تربیت حاصل کرکے میدانِ عمل میں خدمات بجالارہے ہیں۔

مورخہ 31؍ اگست بروزسوموار جامعۃ المبشرین کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ تقریب سے قبل امیر صاحب سیرالیون مکرم سعیدالرحمٰن صاحب کی جامعہ احمدیہ کے اساتذہ کے ساتھ کی ایک میٹنگ ہوئی جس میں جامعہ احمدیہ سے متعلقہ امور اور طلباء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

تقریب کا باقاعدہ انعقاد مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جوعزیزم محمد ییرو کمارا نے کی۔

کورونا وائرس کی وباکے پیشِ نظر یہ ایک مختصر تقریب تھی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی مختصر تقریر میں طلباء کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی جس کے بعد آپ نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔ عزیزم حسن نوحا نے ثالثہ، عزیزم محمد عثمان نے درجہ ثانیہ اور عزیزم جبریل احمد نے اولیٰ میں اول پوزیشن حاصل کی۔ مجلسِ علمی میں عزیزم محمد ییرو کمارا بہترین طالب علم اور نور گروپ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سالانہ کھیلوں کا باقاعدہ انعقاد نہ ہوسکا۔ تقسیم انعامات کے بعد دعا ہوئی اور طلباء اور اساتذہ کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جملہ طلباء اور اساتذہ کو ان کی ذمہ داریاں احسن طور پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button