حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(3؍ستمبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض:26,194,004

صحت یاب ہونے والے:18,455,738

وفات یافتگان:867,607

٭…فرانس کے طنزیہ میگزین Charlie Hebdo نے ایک بار پھر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حضرت محمدﷺ کے متعلق نازیبا کارٹون شائع کئے ہیں۔ 2015ء میں انہی نازیبا کارٹونوں کی اشاعت پر اس میگزین کو ایک دہشت گرد حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں بارہ لوگ مارے گئے تھے۔ یہ اشاعت اس وقت کی گئی ہے جب ایک روز بعد 14؍ افراد دو دہشت گردوں کی ان حملوں میں معاونت کے الزام میں مقدمے کا سامنا کریں گے۔

٭…نیوکلیئر ڈیل میں شامل تمام فریقوں نے امریکا کی جانب سے ایران پر عائد یکطرفہ پابندیاں مسترد کردیں۔ جے سی پی او اے کے مشترکہ کمیشن کی ویانا میں میٹنگ کے بعد روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ بیس ستمبر سے ایران پر امریکا کی جانب سے پابندیاں لگانے کا قانونی جواز نہیں۔ ڈیل پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک چین، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کا بھی اس معاملے پر یہی موقف ہے۔

٭…اتوار 31؍ اگست کو اسرائیل اور امریکہ کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد اسرائیل سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک کمرشل فلائٹ کے ذریعہ سعودی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات پہنچا۔

اسرائیل کی قومی ایئر لائن کی فلائٹ نمبر ایل وائے 971 تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے سے ’تاریخی پرواز‘ اڑان بھر کر پیر کو ابوظہبی کے ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔ اس جہاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور وائٹ ہاؤس کے مشیر جیرڈ کشنر، امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن اور اسرائیلی قومی سلامتی کے مشیر میر بن شبت سمیت کئی اسرائیلی اور امریکی عہدیدار سوار تھے۔امریکہ کی معاونت سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان یہ پہلی پرواز ہے، جس سے خطے میں امن کی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔اس اسرائیلی جہاز کے کاک پٹ پر انگریزی، عبرانی اور عربی زبان میں لفظ ’امن‘ درج کیا گیا ہے۔

٭…شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی بمباری سے ایک شہری سمیت 11؍افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں شامی فورسز کے 3 اہلکار اور اتحادی فورسز کے سات افراد شامل ہیں۔ حملے میں دمشق کے جنوب میں شامی فوج اور اتحادی فورسز کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا گیا۔

٭…ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ یو اے ای نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرکے اسلامی دنیا، عرب ممالک، خطے کے دیگر ممالک اور فلسطین کے ساتھ غداری کی ہے۔ یو اے ای کا یہ اقدام اور دھوکا دیرپا ثابت نہیں ہوگا لیکن امارات پر لگا دھبہ کبھی مٹ نہیں پائے گا۔

٭… ابوظہبی کے ولی عہد نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کےعزم پر قائم ہیں۔ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہونا چاہیے۔ ہم امن چاہتے ہیں لیکن فلسطینی کاز کی قیمت پر نہیں۔

٭… بیروت: تباہ کن دھماکے کے نتیجے میں 190؍افراد کی ہلاکت اور عوامی دباؤ کے بعد حکومت کے مستعفی ہونے کے بعد جرمنی کے لیے لبنان کے سفیر کو ملک کا اگلا وزیر اعظم منتخب کر لیا گیا ہے۔ منتخب ہونے کی تھوڑی دیر بعد ہی مصطفیٰ ادیب نے ریکارڈ مدت میں حکومت بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ لبنانی عوام اور بین الااقوامی برادری کا اعتماد حاصل کر کے ضروری اصلاحات عمل میں لائی جا سکیں۔

٭…ترکی کا کہنا ہے کہ اس کے سروے کرنے والے جہاز 12؍ ستمبر تک مشرقی بحیرۂ روم میں اپنا کام کرتے رہیں گے۔ یونان نے متنازعہ علاقوں میں ترکی کی جانب سے سروے کے کام پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ وہ یونان کے ساتھ مذاکرات کے حق میں ہیں کہ کس طرح مشرقی بحیرۂ روم کی ان وسائل کو آپس میں بانٹا جائے۔

٭…بھارت اور چین کے فوجی کمانڈروں کے درمیان ہمالیہ کے بارڈر پر فوجیوں کی جھڑپوں کے بعد سوموار اور منگل (31؍اگست، یکم ستمبر) کو مذاکرات جاری رہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کی فوج پر دراندازی کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ چینی افواج لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی مکمل پاسداری کر رہی ہیں اور اسے کبھی عبور نہیں کیا گیا۔

٭…سعودی عرب کے شاہ سلمان نے متعدد فوجی افسران، شاہی خاندان کے دو افراد کو بدعنوانی کے الزام میں عہدے سے ہٹا دیا۔ شاہی فرمان کےتحت وزارت دفاع میں بدعنوانی کے الزام میں شہزادہ فہد بن ترکی بن عبد العزیز آل سعود کو مشترکہ افواج کے کمانڈر کے عہدے سے برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد بن ترکی کو بھی الجوف کے نائب گورنر کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ سبکدوش عہدیداروں کیخلاف بدعنوانی کےمقدمات کو تحقیقات کیلئےمتعلقہ اداروں کےسپرد کردیاگیاہے۔

٭… اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کے سامنے 10؍ ستمبر تک پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ نواز شریف کی ضمانت کی توسیع کی درخواست پنجاب حکومت نے مسترد کردی ہے۔

٭…استنبول: ایک ترک خاتون وکیل ایبرو تیمٹک اپنی بھوک ہڑتال کے 238ویں روز استنبول کے ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔ اس وقت ان کا وزن صرف 30کلو گرام تھا۔ خاتون وکیل نے دہشت گرد تنظیم کی رکنیت کے الزام پر منصفانہ مقدمے کی خاطر بھوک ہڑتال کی تھی۔ مذکورہ وکیل کے انتقال کے بعد ترکی کی اپوزیشن جماعت اور بیرون ملک سے شدید مذمت کی جارہی ہے۔

ان پر الزام تھا کہ ان کے بائیں بازو کی کالعدم تنظیم ’پیپلز لیبریشن پارٹی فرنٹ‘ (ڈی ایچ کے پی –سی) سے قریبی تعلقات تھے۔ جس نے ترکی میں ہونے والے متعدد ہلاکت خیز حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔

٭…اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی کے انجن میں آگ لگنے سے 3تارکین وطن ہلاک اور 5زخمی ہوگئے۔ کشتی میں کل 20 تارکین وطن سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے، امدادی کارروائی میں حصہ لینے والے 2پولیس افسر بھی آگ سے متاثر ہوئے ہیں۔

٭…اسپین کے جنوبی علاقے کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ نے 9 ہزار ایکڑ رقبے کو جلا کر راکھ کر دیا۔ تیز ہوائیں 4 روز سے لگی آگ میں مسلسل اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔ آگ رہائشی مکانات کے قریب پہنچنے پر متاثرہ علاقوں سے ہزاروں لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔ آگ بجھانے کی کوششوں میں 200سے زائد فائر فائٹرز اور 26طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

٭… انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ نے پاکستان میں پولیو کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع، بلوچستان میں کوئٹہ اور سندھ میں کراچی میں وائرس پھیل رہا ہے اور اب اس کا پھیلاؤ پولیو سے پاک علاقوں میں بھی شروع ہوگیا ہے۔

٭…آسٹریلوی ماہرین نے اپنی ایک حالیہ طبی تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ زیادہ چکنائی والے کھانے، جنک فوڈز اور میٹھی اشیا حافظے کو کمزور کر دیتی ہیں۔ اس تحقیق کے لیے چوہوں کو دفاتر یا تعلیمی اداروں کی کینٹین میں ملنے والے کیک، بسکٹ اور روغنی کھانے کھلائے گئے۔ انہیں چینی والے مشروبات بھی پلائے گئے، اور پانچ گنا زیادہ کیلوریز دی گئیں۔ جس کا نتیجہ یہ ظاہر ہوا کہ چوہوں کا وزن بعد میں بڑھنا شروع ہوا، پہلے ان کے دماغوں پراثر ہوا۔ برطانیہ میں بھی اس طرح کی ایک تحقیق انسانوں پر کی گئی تھی۔ اس وقت یہ نتائج سامنے آئے تھے کہ پانچ دن مسلسل جنک فوڈ کھانے کے بعد لوگوں میں کسی بات کا رد عمل دینے کا وقت بڑھنے لگتا ہے۔

٭…برازیل کی معیشت میں سال کے دوسرے ربع میں 9.7 فیصد کم ہوئی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے برازیل کی معیشت کساد بازاری (recession) کا شکار ہوگئی ہے۔

٭…پاکستان کے فیڈرل بیورو آف ریونیو کے مطابق جون میں ختم ہونے والے مالی سال میں بیرون ملک سے آنے والے تارکین وطن اور مسافروں کے سامان میں موبائل فون پر ٹیکس کی مد میں 5.8 ارب سے زائد رقم کی وصولی کی گئی۔

٭… عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈورس ایڈہینم نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا ختم ہوگئی ہے۔

٭… امریکی جرنل برائے ٹروپیکل میڈیسن اینڈ ہائی جین میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق 2020ء کے ابتدائی 3مہینوں میں کورونا وائرس کے حوالے سے جعلی معلومات کے پھیلاؤ کے نتیجے میں دنیا بھر میں کم از کم 800؍افراد ہلاک ہوگئے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ متعدد افراد بظاہر قابل اعتبار نظر آنے والے مشوروں جیسے ادرک کی بہت زیادہ مقدار، مخصوص وٹامنز کے استعمال اور دیگر کے نتیجے میں ہلاک یا بیمار ہوئے۔ بیشتر افراد کی ہلاکتیں جعلی رپورٹس سے متاثر ہوکر مینتھول یا الکحل پر مبنی صفائی کی مصنوعات پینے کے نتیجے میں ہوئیں۔

٭… بھارت کے سابق وزیراعظم پرناب مکھرجی 31 ؍ اگست کو 84 ؍سال کی عمر میں ایک ماہ ہسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے ہیں۔

٭… ملائیشیا نے کورونا وائرس سے متاثرہ ملک بھارت، انڈونیشیا اور فلپائن سے آنے والے افراد کے اپنے ملک میں داخلے پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ ان ممالک سے آنے والے افراد 7ستمبر سے ملائیشیا میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔ حکام کے مطابق پابندی کا مقصد کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

٭…رضاکار تنظیم Save the Children کا کہنا ہے کہ سب صحارا افریقی ممالک میں سال کے آخر تک 70,000 بچوں کا بھوک سے مرنے کا خطرہ ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئے گئے لاک ڈاؤن اور دیگر اقدامات لوگوں پر بری طرح اثر انداز ہوئے ہیں اور ان کے لئے خوراک کم یاب اور نایاب ہوگئی ہے۔

٭…گھانا کا Kotoka International Airport کورونا وائرس کی وجہ سے پانچ ماہ تک بند رہنے کے بعد یکم ستمبر سے عالمی پروازوں کے لئے دوبارہ کھولا جارہا ہے۔

کرکٹ: انگلینڈ اور پاکستان کے مابین تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 185 رنز بنا سکی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button