امریکہ (رپورٹس)

جماعت سُرینام کی مذہب کے عالمی دن کے حوالے سے پروگرام میں شرکت

(لئیق احمد مشتاق ۔ مبلغ سلسلہ سرینام، جنوبی امریکہ)

ہر سال دنیا میں جنوری کا تیسرا اتوار مذہب کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے قائم تنظیم گذشتہ چونتیس سال سے سرینام میں مذہب کے عالمی دن کے موقع پر پروگرام منعقد کرتی ہے۔ جس میں مختلف مذاہب کے نمائندے کسی ایک موضوع پر اپنے مذہب اور عقیدے کے حوالے سے تعلیم پیش کرتے ہیں، اس تنظیم کو سرکاری سرپرستی بھی حاصل ہے۔ جنوری 2011ء میں جماعت احمدیہ کو پہلی بار اس پروگرام میں شرکت کی دعوت ملی اور تب سے یہ سلسلہ جاری ہے۔

امسال یہ پروگرام مورخہ 19؍جنوری کو آریہ سماج کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ملک میں 25؍ مئی کو عام انتخابات ہونے ہیں اس لیے امسال کانفرنس کا موضوع ‘شہری کے حقوق و فرائض’تھا۔ جماعت کو بھی اس حوالے سے PowerPoint پریزنٹیشن تیار کرنے کی دعوت ملی۔ اس پریزنٹیشن کے لیےجماعت احمدیہ مسلمہ کی نمائندگی عزیزم محمد صہیب اسد نے کی۔ امسال خاص بات یہ تھی کہ لجنہ اماءاللہ سرینام نے اس پروگرام میں سٹال لگانے اور فولڈر تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک بینر تیار کرواکے ہال میں آویزاں کیا۔ پروگرام کا آغاز دن دس بجے ہونا تھا اور ناصرات نے سا ڑھے نو بجے سے ‘اسلامی پردہ ’ اور ‘اسلام آزادیٔ ضمیر کا ضامن ’ کے موضوع پر فولڈرز بانٹنے کا سلسلہ شروع کر دیا، جو آخر تک جاری رہا۔ لجنہ نے ہال میں مختلف جماعتی کتب کی نمائش اور سٹال بھی لگایا ۔ اس پروگرام میں یہ واحد سٹال تھا۔ چنانچہ تمام حاضرین نے اس سٹال کا دورہ کیا اور جماعت کا تعارف حاصل کیا۔

اس پروگرام کا افتتاح ڈائریکٹر مذہبی امور سرینام نے کیا اور آٹھ مختلف افراد نے اپنے اپنے مذہب کی نمائندگی میں اس کی تعلیم کے مطابق مقررہ موضوع پر اظہار خیال کیا۔

خداتعالیٰ کے فضل سے اسلام کی نمائندگی میں پیش کی جانے والی پریزنٹیشن کو جو قرآنی آیات اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ارشادات پر مبنی تھی حاضرین نے بہت سراہا اور اس بات کی بھی تعریف کی کہ تمام معلومات مقررہ موضوع کے عین مطابق تھیں۔ اس پروگرام میں پروفیسر ڈاکٹر ہانس بریفیلڈ (Pro. Dr. Mr. Hans Breeveld)بھی مہمان مقرر کے طور پر شامل ہوئے، موصوف مئی 1991ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے دورہ سرینام کے وقت ملک کے وزیر داخلہ تھے اور انہیں حضور انور سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا اور مورخہ 20؍ جنوری کو ملک کے کثیر الاشاعت روزنامہ ‘داخ بلاد سرینام ’(Dagblad SURINAME)نے اپنے مرکزی رنگین صفحے پراس کانفرنس کے انعقاد کی خبر شائع کی،نیز صرف جماعت کی طرف سے کی جانے والی پریزنٹیشن کے خاص نکات بھی اخبار میں شائع ہوئے۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔

قارئین الفضل کی خدمت میں جماعت سرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لیے دعا کی درخواست ہے۔

(رپورٹ:لئیق احمد مشتاق۔ مبلغ سلسلہ سرینام)
٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button