مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مورخہ 12؍ تا 15؍ دسمبر 2019ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭… 13؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں اخلاص ووفا کے پیکر چند بدری صحابہ رضی اللہ عنہم کی سیرتِ مبارکہ کا دل نشیں تذکرہ فرمایا، روزنامہ الفضل لندن (آن لائن)کی ویب سائٹ کے اجرا کا اعلان فرمایا اور دو مرحومین کا ذکرِ خیر اور ان کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔(خطبہ جمعہ کاخلاصہ اور ویب سائٹ کے اجرا کی رپورٹ اس شمارے کی زینت ہیں)

٭… حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج شام نمازِ مغرب و عشاء کے درمیان اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کراسلام آباد (ٹلفورڈ) میں ہونے والی تعمیرات اور دیگر کاموں کا معائنہ فرمایا اور ان کے بارے میں ضروری ہدایات سے نوازا۔

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مزارِ مبارک حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ و حضرت سیّدہ آصفہ بیگم صاحبہ حرم محترم حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒ پر دعا بھی کی۔ آج کے راؤنڈ کے دوران حضور ِاقدس نے ریسپشن اسلام آباد، کچن ایوانِ مسرور، احاطہ مسجد مبارک کے مختلف حصوں، اسلام آباد کے میدان اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیااور ہدایات سے نوازا۔

آج حضور پُر نور جب رہائشی حصے کی طرف تشریف لے گئے تووہاں اسلام آباد میں مقیم ڈاکٹر ریما تحسین صاحبہ کے دو جڑواں بیٹے بشیر اور نذیر مؤدب کھڑے تھے۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت ان سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کا حال احوال دریافت فرمایا۔ عزیزان نے حضورِ انور سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ حضور پُر نور ان کے گھر رونق افروز ہوں۔ حضورِ انور نے ان سے پوچھا کہ اُن کا گھر کہاں ہے اور ان کے ساتھ ان کے گھر تشریف لے گئے۔ حضورِ انور نے چند منٹ ان کے گھر میں قیام فرماکر اسے متبرک فرمایا۔ بعد ازاں حضورِ انور منور احمد خان صاحب اور پھر ظفر احمدصاحب (کارکنان عملہ حفاظتِ خاص)کے گھروں میں بھی تشریف لے گئے اور انہیں برکات سے معمور فرمایا۔

آج بھی موسم کافی سرد تھا اور ہوا چل رہی تھی۔ ایوانِ مسرور میں کل AMRA(احمدیہ مسلم ریسرچ ایسوسی ایشن) کی سالانہ کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے جس کے لیے بیرونِ ملک سے بھی نمائندگان تشریف لائے ہیں۔ حضورِ انور نے محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ یوکے سے مہمانوں کے قیام و طعام وغیرہ کے انتظام کی بابت استفسار فرمایا۔ رہائشی حصے میں راؤنڈ کے دوران چار، پانچ سال کی ایک بچی فرطِ محبت میں دوڑ کر اپنے پیارے آقا سے لپٹنے کے لیے بڑھی تو ڈیوٹی پر موجود عملے نے جب بچی کو روکنا چاہا۔ اس پر حضورِ انور نے انہیں ایسا کرنے سے منع فرما دیا اور بچی کو شفقتوں اور پیار سے نوازا۔ یہ پُر سعد ساعتیں نمازِ عشاء سے پہلے اس وقت اختتام پذیر ہوئیں جب حضورِ انور دفتر پرائیویٹ سیکرٹری سے گزرتے ہوئے اپنے دفتر رونق افروز ہو گئے۔

٭… 14؍دسمبربروز ہفتہ: آج دیگر دفتری ملاقاتوں کے علاوہ Sir Iakoba Italeli (گورنر جنرل طوالو) کی حضور انور کے ساتھ مع فیملی ملاقات تھی۔ موصوف نے ملاقات کے دوران حضور انور کی جانب سے دنیا کے امن کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور حضور انور کا شکریہ ادا کیا ۔نیز اس بات کا اظہار کیا کہ یہ ان کے لیے بہت اعزاز کی بات کہ وہ ایک دفعہ پھر حضور انور سے شرف ملاقات پا رہے ہیں۔(اس سے قبل موصوف کی حضور انور سے چند سال قبل مسجد فضل میں ملاقات ہوئی تھی)۔ اس کے بعد حضور انور نے موصوف سے طوالو کے حالات بالخصوص معاشرتی اور healthcare وغیرہ کے معیار کے متعلق دریافت فرمایا۔ حضور انور نے ازراہِ شفقت موصوف کی رہ نمائی بھی فرمائی کہ کس طرح معاشرتی حالات بہتر کیے جاسکتے ہیں جس کے ذریعہ عوام کا معیارِ زندگی بھی بہتر ہوگا۔

٭… حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک اسلام آباد ميں نمازِ ظہر و عصر پڑھانے کے بعد درج ذيل تین نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کرائي۔ نيز فريقَين کو شرفِ مصافحہ بخشا اور مبارک باد دي:

٭… عزیزہ عالیہ امۃ اللطیف بنت مکرم جلال الدین عبد اللطیف صاحب (امریکہ)ہمراہ مکرم حسان وہاب صاحب ابن مکرم عبد الوہاب آدم صاحب( مرحوم۔ گھانا)

٭… عزیزہ حافظہ امۃ السلام بنت مکرم عبد الرزاق بٹ صاحب (ربوہ) ہمراہ مکرم صداقت احمد طاہر صاحب (مربی سلسلہ۔ ربوہ) ابن مکرم بشارت احمد صاحب

٭… عزیزہ سدرہ محمود (واقفہ نو) بنت مکرم سید محمود احمد صاحب (ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ ربوہ) ہمراہ مکرم مرزا غلام احمد توقیر صاحب (وقف نو۔ متعلم درجہ خامسہ جامعہ احمدیہ ربوہ) ابن مکرم مرزا توصیف احمد صاحب

٭… نمازِ عشاء کے بعد حضور انور نے احمدیہ مسلم ریسرچ ایسو سی ایشن کی کانفرنس کو رونق بخشی اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ (حضور انور کے خطاب کا خلاصہ اور اس تقریب کی رپورٹ اس شمارے کے صفحہ نمبر ایک سے ملاحظہ فرمائیں۔)

٭… 15؍ دسمبر بروز اتوار: حضور انور آج جامعہ احمدیہ برطانیہ میں رونق افروز ہوئے۔ حضور پُر نور کے اس وزٹ کے دوران طلباء جامعہ احمدیہ کو اپنے آقا کے ساتھ ایک علمی نشست میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ اس تقریب کی تفصیلی رپورٹ صفحہ نمبر ایک سے ملاحظہ فرمائیں۔

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

اس ہفتہ کے دوران حضورِ انور نے پانچ روز دفتري اور چھے روز ذاتي ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، امراء ممالک، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہ نمائي حاصل کي۔

مورخہ 09؍ تا 15 دسمبر کے دوران 73؍ فيمليز اور 66؍احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اس لحاظ سے ذاتی ملاقاتوں کی کل تعداد 139؍ تھی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل 18؍ ممالک سے تھا : پاکستان، بنگلہ دیش، کرغیزستان، نائیجیریا، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا، ماریشس، آئرلینڈ، گیمبیا، جرمنی، بیلیز، گھانا، رشیا، سوئٹزر لینڈ، یوکے اور بعض عرب ممالک۔

اَللّٰھُمَّ أَيِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وکُنْ مَعَہٗ حَيْثُ مَا کَانَ وَانْصُرہُ نَصْرًا عَزِيْزًا

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button