امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ میکسیکو کےپہلے جلسہ سالانہ کا کامیاب انعقاد

مختلف موضوعات پر تقاریر۔ 140 افراد کی شرکت

(رپورٹ محمد نعمان رانا ۔ نیشنل صدر جماعت احمدیہ میکسیکو)

تعارف

میکسیکو (Mexico) براعظم شمالی امریکہ میں واقع اور امریکہ اور کینیڈا کے بعد تیسرا بڑا ملک ہے۔ میکسیکو (Mexico) امریکہ کے جنوب اور گوئٹے مالا (Guatemala) اور بیلیز (Belize)کے شمال میں واقع ہے ۔ پورے ملک میں سپینش زبان بولی جاتی ہے۔ اس کے مختلف علاقوں میں ابھی تک قدیم زبانیں بھی بولی جاتی ہیں۔

میکسیکو میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمۃ اللہ علیہ کے دور میں پہلی دفعہ بیعتیں ہوئیں تھیں۔ نیز 1991ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الر ابع رحمہ اللہ کا گوئٹے مالا سے واپسی پر کئی گھنٹوں کا میکسیکو سٹی میں قیام تھا۔ جس کے نتیجہ میں ان نَومبایعین کوحضور انور رحمہ اللہ سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ لیکن چند سالوں میں ہی ان نَومبایعین سے آہستہ آہستہ رابطہ منقطع ہو گیا۔

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے2014ء میں میکسیکو کے شہر میریدا (Merida) میں پہلا مشن ہاؤس قائم کیا گیا۔جہاں خاکسار (محمد نعمان رانا) کی تقرری ہوئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں بیعتیں بھی عطا ہوئیں۔ الحمدللہ ۔ اور پھر 2016ءمیں مکرم عدنان حیدر صاحب مربی سلسلہ اور مکرم اظہر گورایہ صاحب مربی سلسلہ کی تقرری بھی میکسیکو میں ہوئی۔ جس کے ذریعہ 2016ء میں میکسیکو سٹی (México City) میں دوسرا مشن اور 2017ء میں کیریتارو (Querétaro) کے شہر میں تیسرا مشن قائم کیا گیا۔

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان مشن ہاؤسز میں کئی تبلیغی پروگرام اور نو مبایعین کی تربیت کا کام جاری ہے۔

جلسہ سالانہ میکسیکو

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ میکسیکو کو مورخہ 3 اور 4 نومبر 2017ء کو پہلا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمد للہ۔یہ جلسہ میکسیکو کے شہر میریدا (Merida) میں منعقد کیا گیا۔میکسیکو کی چار مختلف سٹیٹس (States)سے نمائندگی ہوئی۔یہ جلسہ 3 سیشن پر مشتمل تھا۔ اس جلسہ میں میکسیکو کے علاوہ امریکہ، گوئٹےمالا (Guatemala)اور بیلیز (Belize) سےبھی احباب جماعت نے شرکت کی۔اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے 140 سے زائد افراد نے اس جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔

جلسہ سالانہ کی تیاریاں تقریباً تین ماہ قبل ہی شروع کر دی گئی تھیں۔ لوکل جماعتی ممبران کو مختلف انتظامی امور میں شامل کیا گیا۔ نیز قرآنِ کریم کی تلاوت اور تراجم پیش کرنے کے لیے بھی لوکل ممبران کو ترجیح دی گئی۔

ہر سیشن میں قرآن ِ کریم اور نظموں کے تراجم سپینش زبان میں پیش کیے گئے۔ اسی طرح سپینش زبان میں تقاریر کی گئیں۔ اور انگریزی زبان میں کی گئی تقریروں کا سپینش زبان میں ترجمہ کیا گیا۔

جلسہ سالانہ سے قبل حضورِ انوار ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے گوئٹے مالا اور بیلیز سے احبابِ جماعت کو جلسہ سالانہ میکسیکو پر دعوت بھیجنے کی اجازت طلب کی گئی تھی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہِ شفقت اجازت فرمادی ۔ اس پر گوئٹے مالا کے امیر صاحب اور دیگر احبابِ جماعت کو دعوت دی گئی نیز بیلیز کے نیشنل صدر صاحب اور دیگراحبابِ جماعت کو جلسہ میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا۔

مکرم و محترم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ امریکہ کی ہدایات کے مطابق مکرم اظہر حنیف صاحب نائب امیر و مشنری انچارج امریکہ کو جلسہ سالانہ میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔نیز مکرم وسیم سیّد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت امریکہ نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔

جلسہ سالانہ میکسیکو کے موقعہ پر مندرجہ ذیل جماعتی مہمانوں نے شرکت کی

 مکرم اظہر حنیف صاحب نائب امیر و مشنری انچارج جماعت امریکہ

 مکرم عبد الستّا ر خان صاحب امیر و مشنری انچارج گوئٹےمالا

 مکرم نوید احمد صاحب نیشنل پریذیڈنٹ و مبلغ انچارج بیلیز

 مکرم عمر اکبر صاحب مبلغ بیلیز

 مکرم وسیم سیّد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت امریکہ

 گوئٹےمالا کی جماعت سے چند احبابِ جماعت نے جلسہ سالانہ میں حصہ لیا۔

 بیلیزکی جماعت سے چند احبابِ جماعت نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی۔

جلسہ سالانہ کا پہلا دن

3نومبر 2017ء جلسہ سالانہ کا پہلا دن تھا جس کا آغاز حسب روایت باجماعت نمازِ تہجد اور نماز فجر سے ہوا۔ نماز جمعہ مکرم اظہر گورایہ صاحب مربی سلسلہ میریدا (Merida) نے پڑھائی۔ خطبہ جمعہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کا خلاصہ پیش کیا۔ نیز جلسہ سالانہ کی اغراض و مقاصد بیان کیے گئے۔

جلسہ سالانہ کا پہلا سیشن

جلسہ سالانہ کے پہلے سیشن میں مکرم اظہر حنیف صاحب نائب امیر و مشنری انچارج امریکہ نے صدارت فرمائی۔پہلے سیشن کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے کیا گیا جو کہ ابراہیم چیچیو (Ibrahim Chechev) صاحب نے کی۔ مکرم فضل قریشی صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کا منظوم کلام پڑھ کر سنایا جس کا سپینش ترجمہ میگیل آنخیل (Miguel Angel) صاحب نے پڑھ کر سنایا۔اس کے بعدخاکسار محمد نعمان رانا نیشنل صدر میکسیکو جماعت و مربی سلسلہ میکسیکو سٹی نے تمام مہمانوں کو جلسہ سالانہ پر خوش آمدید کہنے کی غرض سے چند الفاظ کہے۔

مختلف ملکوں سے آنے والے جماعتی مہمانوں نے اپنا تعارف کروایا۔ اس کے بعد 20 منٹ کی جلسہ سالانہ کے مقاصد پر سپینش زبان میں ڈاکیومنٹری (Documentary) دکھائی گئی۔ بعدازاں خاکسار کو خدا تعالیٰ کی صفت ’السّلام‘ کے موضوع پر تقریر کرنے کا موقع ملا۔ آخر میں مکرم اظہر حنیف صاحب نائب امیر و مشنری انچارج جماعت امریکہ نے اسلام کی مختلف تعلیمات اور کلمہ شہادت کےمضمون پر روشنی ڈالی اور یہ سیشن دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ دعا کے معاً بعد نمازِ مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا دن

4نومبر 2017ء جلسہ سالانہ کا دوسرا دن تھا جس کا آغاز باجماعت نمازِ تہجد ، نمازِ فجر اور درسُ القرآن سے ہوا۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا سیشن

جلسہ سالانہ کا دوسرا سیشن 3 بجے شروع ہوا اور مکرم عبدا لستّار خان صاحب امیر ومشنری انچارج گوئٹے مالا نے اس سیشن کی صدارت کی۔ اس سیشن کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم مع سپینش زبان میں ترجمہ سے کیا گیا جو کہ کارلوس لیئال (Carlos Leal)صاحب نے پیش کیا ۔عدنان حیدر صاحب مربی سلسلہ نے حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کا منظوم کلام پڑھا۔ جس کا سپینش ترجمہ ہیسوس آبِل (Jesus Abel) صاحب نے پڑھ کر سنایا۔اس کے بعد حضورِ انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ میکسیکو کے لیے پیغام انگریزی اور سپینش میں پڑھا گیا۔ نیز حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پرنٹ کرکے تمام شاملینِ جلسہ کو تحفہ کے طور پر دیا گیا۔ ان کے معاً بعد وسیم سیّد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ امریکہ نے آنحضرت ﷺ کی سیرت پر تقریر کی۔ اس کے بعد جماعت ِ احمدیہ کے نظام کے متعلق مکرم محمد احمد صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری میکسیکو نے پرپاورپوائنٹ پریزنٹیشن (PowerPoint Presentation) دی۔ جس کے بعدمکرم عدنان حیدر صاحب مربی سلسلہ میکسیکو نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حقوق العباد کے موضوع پر تقریر کی۔ قرآنِ کریم کی پیشگوئیوں کے متعلق مکرم صفی اللہ صابر صاحب نےپاورپوائنٹ پریزنٹیشن (PowerPoint Presentation) دی۔ اس سیشن کی آخری تقریر مکرم ابراہیم چیچیو (Ibrahim Chechev)صاحب نے خلافت کے موضوع پر کی۔ آخر میں مکرم عبد الستّار خان صاحب نے مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اور یہ سیشن دعا کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا سیشن

(Guest Session)

جلسہ سالانہ کا تیسرا سیشن 6:30 بجے شروع ہوا۔ خاکسار کو اس سیشن کی صدارت کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ حسبِ معمول اس سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع سپینش ترجمہ سےہوا جو داؤد چیچیو (Daud Chechev) صاحب نے کی۔بعدازاں جماعت احمدیہ کے تعارف پر سپینش میں ڈاکیومنٹری (Documentary)دکھائی گئی جس کا دورانیہ 10منٹ تھا۔ مکرم اظہر گورایہ صاحب مربی سلسلہ نے اسلام کی پُر امن تعلیمات پر تقریر کی۔ اس کے بعد مندرجہ ذیل مہمانوں نے مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کیا

 Jorge Cortes Ancona  یہ جماعت احمدیہ کے بہت اچھے دوست ہیں۔ ان کی ذمہ داری Yucatan کی سٹیٹ میں تمام پبلک لائبریریز کی ہے۔ ان کی مدد کے ساتھ جماعت احمدیہ نے پوری سٹیٹ کی تمام پبلک لائبریریز میں قرآنِ کریم مہیا کروایا ہے۔

 Celia Pino: یہ خاتون معذور بچوں کے ایک اسکول کی نمائندگی کر رہی تھیں جس میں ہیومینٹی فرسٹ کو مختلف قسم کی امداد پیش کرنے کا موقعہ ملا۔

 Sofia Brito Soberanes: ان صاحبہ کا تعلق Blood Bank سے ہے اور ان کی مدد سے میریدا (Merida) کے مشن ہاوس میںBlood Drive منعقد کی گئی تھی۔

 Flor Castillo: یہ خاتونReporter ہیں۔ یُوکے کے جلسہ سالانہ کے موقعہ پر میکسیکو کے وفد کے ساتھ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف حاصل کر چکی ہیں۔

 Lilian Gomez: ان کا تعلق بدھ مذہب سے ہے۔ جماعت کی اچھی دوست ہیں۔

مہمانوں کی تقریروں کے بعد ان کو تحائف پیش کئے گئے۔جلسہ کے آخر میں خاکسار نے تمام حاضرین ِ جلسہ کا شکریہ ادا کیا جو میکسیکو کی مختلف سٹیٹس اور مختلف ممالک سے تشریف لائے تھے۔ اسی طرح تمام رضاکار مرد و خواتین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جلسہ کی کامیابی کے لیے دن رات محض لِلّٰہ اپنی خدمات پیش کیں۔ اس سیشن اور جلسہ سالانہ کی اختتامی دعا مکرم اظہر حنیف صاحب نائب امیر و مشنری انچارج امریکہ نے کروائی۔

جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں سے اکثر مہمانوں کی رہائش کا انتظام مشن ہاؤس کے قریب ہوسٹل اور ہوٹل میں کیا گیا تھا۔

جلسہ سالانہ سے قبل MTAامریکہ سٹوڈیوز کو بھی دعوت دی گئی تھی۔امریکہ سے MTA کے مندرجہ ذیل احباب نے جلسہ سالانہ میں شمولیت کی  داؤد چٹھہ صاحب، عاصم ملک صاحب، بلال بشیر صاحب اور محمود چٹھہ صاحب۔

جلسہ سے قبل اور بعد سپینش زبان میں مختلف پروگرامزریکارڈ کئے گئے نیز جلسہ سالانہ کے تمام سیشن بھی ریکارڈ کئے گئے۔ MTA امریکہ سٹوڈیو نے تمام ڈاکیومینٹریز(Documentaries) تیار کیں جو کہ جلسہ سالانہ کے دوران دکھائی گئیں تھیں ۔ سمعی وبصری کے تمام انتظامات منصور کمال صاحب کے ذمہ تھے جن کا تعلق امریکہ جماعت کے شعبہ سمعی و بصری سے ہے۔

چند اخبارات نے جلسہ سالانہ کی خبر مع تصاویر تفصیل سے شائع کی۔ ان اخبارات کی جلسہ کے متعلق خبروں کو سوشل میڈیا کے ذریعہ مزید لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔جلسہ کا تعارف مع تصاویرجماعت میکسیکو کے تمام فیس بک پیجز پرShare کیا۔

ضیافت کا انتظام میکسیکو سٹی جماعت کے ممبر مودود احمد خان صاحب کے ذمہ تھا۔ انہوں نے امریکہ کے شعبہ ضیافت سے 2 ممبران کو دعوت دی تھی جنہوں نےضیافت کے شعبہ کے مختلف انتظامات میں مدد کی۔ نیز میکسیکو کے مختلف ممبران نے بھی شعبہ ضیافت میں مدد کرنے کا شرف حاصل کیا۔

اس طرح یہ جلسہ سالانہ الٰہی تائید و نصرت اور اس کے فضلوں کو سمیٹتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔ الحمدُللہ علیٰ ذالک۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button