دنیا کے کونے کونے میں قادیان کی شہرت ہے
آج قادیان میں جماعتِ احمدیہ بھارت کا جلسہ سالانہ اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہےاور ساتھ ہی بہت سے دوسرے ممالک بھی ہیں جن میں جلسہ سالانہ کا ان دنوں انعقاد ہوا ہے…اور یہ سب ممالک جو ہیں ان کی لائیوٹرانسمیشن جاری ہے، دوطرفہ ٹرانسمیشن ہو رہی ہے ہم ان کو دیکھ سکتے ہیں وہ ہمیں دیکھ رہے ہیں۔
پس حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے جو اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا تھا کہ ’’میں تجھے زمین کے کناروں تک عزت کے ساتھ شہرت دوں گا اور تیرا ذکر بلند کروں گا اور تیری محبت دلوں میں ڈال دوں گا۔ جَعَلْنَاکَ الْمسِیْحَ ابْنَ مَرْیَمَ۔(ہم نے تجھ کو مسیح ابن مریم بنایا) ان کو کہہ دے کہ میں عیسیٰؑ کے قدم پر آیا ہوں۔‘‘(ازالہ اوہام حصہ دوم، روحانی خزائن جلد 3صفحہ 442)پس اب تمام دنیا کے ممالک میں جلسوں کا انعقاد، آپؑ کا نام عزت و احترام کے ساتھ پکارا جانا، آپؑ کے نام کا نعرہ یہ سب اس خدائی وعدے کے مصداق ہیںکہ آپؑ ہی وہ مسیح موعود اور مہدی معہودؑ ہیں جو اللہ تعالیٰ کے وعدے کے مطابق اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشگوئیوں کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی میں آئے۔
آج یہ قادیان کی بستی جو سوا سو سال پہلے ایک معمولی گاؤں یا بستی تھی ایک خوبصورت شہر کی حیثیت اختیار کر گئی ہے بلکہ دنیا کے کونے کونے میں اس کی شہرت ہے اور یہ شہرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نام کی وجہ سے ہے۔ اللہ تعالیٰ کے آپؑ سے کیے ہوئے وعدے کی وجہ سے ہے۔ آج اس بستی میں دنیا کے درجنوں ممالک کے باشندے جلسہ سالانہ میں شامل ہونے کے لیے جمع ہیں۔ اس وقت تقریباً بیالیس ممالک کے نمائندے وہاں موجود ہیں۔ روسی ممالک کے لوگ بھی ہیں، عرب ممالک کے لوگ بھی ہیں، افریقن ممالک کے لوگ بھی ہیں، انڈونیشیا اور جزائر کے لوگ بھی ہیں، یورپ اور امریکہ کے اور آسٹریلیا کے براعظموں کے لوگ بھی ہیں۔ پس یہ خوبصورتی ہے اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے پورا ہونے کی۔ ایک آدمی جو ایک چھوٹی سی جگہ میں رہتا ہے جہاں پہنچنے کے راستے بھی کٹھن ہیں اور کسی قسم کے وسائل بھی نہیں وہ دعویٰ کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ میں تجھے عزت کے ساتھ شہرت دوں گا۔ اور پھر وہ وعدہ بڑی شان سے پورا بھی ہو رہا ہے۔ اس لیے پورا ہو رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو جو چودھویں صدی میں آپؐ کے غلامِ صادق کے آنے کی خبر دی تھی تاکہ احیائے دین کا ایک نیا دَور شروع ہو اس کی تکمیل اللہ تعالیٰ فرما رہا ہے۔ پس حضرت مرزا غلام احمد علیہ السلام وہ مسیح موعود اور مہدی معہود ہیں جو اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے مطابق احیائے دین اور تکمیل اشاعت اسلام کے لیے آئے ہیں۔(اختتامی خطاب ۱۲۸ واں جلسہ سالانہ قادیان ۲۰۲۳ء فرمودہ مورخہ۳۱؍دسمبر۲۰۲۳ء بروزاتواربمقام ایوان مسرور، اسلام آباد ٹلفورڈ، یوکے، مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۲۰؍جولائی ۲۰۲۴ء)
مزید پڑھیں: کوئی دوست تحفہ دے تو اسے قبول کرو




