تازہ ترین: پاکستان کے احمدیوں اور دنیا کے مظلوموں کے لیے دعاؤں کی تحریک
(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفوڑد، ۲۶؍دسمبر ۲۰۲۵ء ) سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ مورخہ ۲۶؍دسمبر ۲۰۲۵ء کے آخر میں پاکستان کے احمدیوں کے لیے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:
پاکستان کے احمدیوں کے لیے آج کل دعا کریں بہت دن ہوئے جو ایک مقدمہ چل رہا تھا مبارک ثانی صاحب کا۔ ان کو ادھر سیشن جج نےعمر قید کی سزا سنائی ہے اور الزام یہ ہے کہ قرآن کریم رکھا ہوا تھا اسے پڑھتے بھی تھے اور پڑھاتے بھی تھے۔ یہ اب عدالتوں کا حال ہے ان سے کیا بہتری کی امید رکھی جا سکتی ہے۔
اس فیصلے پر تو غیروں نے بھی لکھا ہے کہ کیا مضحکہ خیز فیصلہ ہے! گو بعض مولویوں نے عمومی طور پر بڑا سراہا ہے اس فیصلے کو اور بڑی تعریف کی جا رہی ہے جج کی۔ لیکن انصاف پسند لکھنے والے لکھتے ہیں، بعض لوگوں نے مذاقیہ انداز میں لکھا ہے کہ اتنا بڑا جرم ہے کہ قرآن کریم پڑھتا ہے اور گھر میں رکھا ہوا ہے اور بچوں کو پڑھاتا ہے! تو یہ بہرحال ان نام نہاد علماء اور ان کے چیلوں کا حال ہے۔ اگر حکومت کی اور حکومت کی جو انتظامیہ ہے وہ بھی ان مولویوں کے پیچھے چل کر اسی بات پر بعض جگہ عمل کر رہی ہے۔
بہرحال ہم دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کی جلد پکڑ کے سامان فرمائے۔ اللہ تعالی کی پکڑ انشاءاللہ جلد ان پر آئے گی اور اس کے آثار نظر بھی آ رہے ہیں لیکن ہماری دعاؤں میں کمی یا عمل یا عبادت کے حق صحیح نہ ادا کرنے کی وجہ سے اس میں تعطل نہ ہو جائے۔ اس کی فکر ہونی چاہیے جیسا کہ آنحضرت ﷺ بھی اس خوف سے بعض بادلوں کو دیکھ کے دعا کیا کرتے تھے بس دعاؤں کی طرف بہت توجہ کی ضرورت ہے۔
اسی طرح باقی دنیا کے مظلوموں کے لیے بھی دعا کریں اللہ تعالی ہر جگہ ہر ایک کو امن عطا فرمائے اور ہر فتنہ فساد سے بچا کے رکھے۔ (آمین)
٭…٭…٭




