یورپ (رپورٹس)

جرمنی کے مختلف شہروں میں ڈائیلاگ مہم اور آمد مسیح کا اعلان

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ جرمنی کو ۲۰۲۵ء کے آغاز میں ہی حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی بعثت اور دعویٰ ماموریت کے حوالے سے جرمنی کے مختلف شہروں میں متعدد منظم تبلیغی پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نہ صرف اسلام کی پُرامن اور حقیقی تعلیمات کو وسیع پیمانے پرعوام الناس تک پہنچانا تھا بلکہ احباب جماعت کو بھی عملی طور پر تبلیغی میدان میں سرگرم اور فعال کرنا تھا۔ ذیل میں تاریخوں کے حساب سے ان پروگراموں کی نمایاں تفصیل ہدیہ قارئین ہے۔

مورخہ ۲۲؍مارچ کو Buxtehude اور Frankfurt میں بیک وقت تبلیغی سٹینڈز لگائے گئے جن میں لٹریچر اور فلائرز تقسیم کیے گئے، پلے کارڈز کے ذریعہ لوگوں کو آمد مسیح کی اطلاع دی گئی اور عوام الناس کی اسلام احمدیت کے پیغام کی طرف توجہ دلائی گئی۔

فرینکفرٹ ہوائی اڈہ پر بھی ’’مسیح آچکا ہے‘‘ کے موضوع کے تحت مہم چلائی گئی۔ یہاں مائیک کے ذریعے یہ خوشخبری سنائی گئی کہ اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے مطابق مسیح اور مہدی آچکے ہیں۔ لیف لیٹس، پوسٹ کارڈز تقسیم کیے گئے اور حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت و مقصد کا تعارف پیش کیا گیا۔ اس بابرکت مہم میں ۷ مربیان کرام کے ساتھ ۵۰؍فعال ممبران نے حصہ لیا۔ عوام کو اسلام کی پُرامن، اخلاقی اور معاشرتی تعلیمات اور جماعت احمدیہ کے قیام امن کے کردار سے روشناس کرایا گیا۔ اس مہم کی قیادت مکرم مبین جاوید صاحب کر رہے تھے۔

اس مہم کا ایک خصوصی ویڈیو کلپ مکرم اطہر اقبال صاحب کی زیر نگرانی تیار کیا گیا جسے ۱۷؍ہزار سے زائد افراد نے دیکھا، سینکڑوں نے پسندیدگی کا اظہار کیا اور ۱۰۰؍سے زائد تبصرے موصول ہوئے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مہم عوامی دلچسپی کا مرکز بنی اور اس کا اثر وسیع پیمانے پر بڑھ رہا ہے۔الحمدللہ

مورخہ ۱۹؍اپریل کو برلن ہوائی اڈے پر جرمنی بھر کے لیے تیسرا بڑا پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام سے قبل مختلف شہروں کی انتظامیہ سے تحریری منظوری حاصل کرنے کا انتظام کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے مکرم مبین احمد جاوید صاحب اسسٹنٹ نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے عمدہ خدمات سر انجام دیں۔ برلن ہوائی اڈہ پر مناسب اور وسیع جگہ میں لٹریچر، پوسٹرز، سٹینڈز اور بڑے سائز کے Popup-Displays لگائے گئے جن میں نسل پرستی، آمد مسیح، جہاد کی غلط فہمیوں کی اصلاح اور اسلام کا حقیقی تعارف شامل تھا۔ مربیان کرام مکرم عدیل احمد خالد صاحب اور مکرم ساحل منیر صاحب نے مائیک کے ذریعے تعارفی گفتگو کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا۔

ایک مقامی خاتون نے مائیک پر آکر اس مہم کی بھرپور تعریف کی۔ بہت سے مسافروں نے تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ تخمینہ ہے کہ تقریباً ۱۰؍ہزار افراد تک یہ پیغام پہنچا۔ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے، ان کے سفر کی کامیابی کی دعائیں دینے اور تحائف و لٹریچر کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔

مورخہ ۲۶؍اپریل کو شہر Mainz میں کامیاب پروگرام منعقد ہوا جہاں بڑی تعداد میں طلبہ موجود ہوتے ہیں۔ رائن دریا کے کنارے آباد یہ تاریخی شہر تعلیمی، ثقافتی اور اسلامی سرگرمیوں کے حوالے سے نمایاں ہے۔ Johannes Gutenberg University میں تقریباً ہر ماہ جماعتی تبلیغی سٹال لگایا جاتا ہے۔

اسی تسلسل میں یکم اور ۱۰؍مئی کو برلن کے مختلف مقامات پر مقامی جماعت کے انتظام میں مؤثر تبلیغی پروگرامز منعقد ہوئے جن کے ذریعہ ہزاروں افراد تک پیغام حق پہنچایا گیا۔

مورخہ ۲۴؍مئی کو Stuttgart میں پروگرام ہوا جس میں آمد مسیح کے عنوان سے بڑے پلے کارڈز اٹھا کر پیغام دیا گیا۔ اردگرد جماعتوں سے بھی احباب شامل ہوئے اور سینکڑوں افراد تک امن اور آمد مسیح کی اطلاع پہنچائی گئی۔

مورخہ ۳۱؍مئی کو فرینکفرٹ کے مرکزی مقام Zeil میں خصوصی مہم چلائی گئی جہاں لاکھوں لوگ آتے جاتے ہیں۔ یہاں ہزاروں راہگیروں سے رابطہ قائم کیا گیا۔ تقریباً ۱۵؍ہزار افراد تک پیغام پہنچا اور ۲۵؍سے زائد مربیان و کارکنان نے بھرپور خدمت کی۔

مورخہ ۵؍جون اور ۱۵؍جولائی کو Bad Homburg میں پروگرام منعقد ہوئے جن میں سینکڑوں افراد تک دعوت تبلیغ پہنچائی گئی۔

مورخہ ۱۱؍جون کو روسلزہائم کے مرکزی بازار میں ڈائیلاگ مہم کامیابی سے منعقد ہوئی جس کی نگرانی تین مربیان سلسلہ کے سپرد تھی۔ ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ اور ’میں ایک مسلمان ہوں‘ جیسے واضح اور اہم پیغامات نمایاں طور پر پیش کیے گئے۔ مقامی، ترک، عرب اور افریقی پس منظر کے بہت سے افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا۔

مورخہ ۱۲؍جون اور پھر ۱۰؍ستمبر کو Giessen اور مورخہ ۲۳؍جون کو سابق دارالحکومت Bonn میں بھی مہمات منعقد ہوئیں۔

مورخہ ۵ جولائی کو Hannover میں وسیع پیمانے پر پروگرام ہوا۔ اسی روز ایک جرمن خاتون نے گفتگو کے بعد بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ

مورخہ ۱۹؍جولائی کو شہر Kassel میں پہلی بار بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد ہوا جہاں مربیان کرام اور ۳۰؍مقامی احباب نے بھرپور تعاون کیا۔ ٹرام سٹیشن کے قریب منعقد ہونے والی اس مہم سے شہر بھر میں جماعت کا تعارف ہوا۔ ۱۰۰۰؍فلائرز تقسیم کیے گئے اور ’محبت سب کے لیے‘ کے عنوان سے سٹال سجایا گیا۔

مورخہ ۲۲؍جولائی اور ۱۶؍اگست کو Darmstadt میں دو پروگرام منعقد ہوئے جن میں ہزاروں افراد تک پیغام پہنچایا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی قابل ذکر رسائی ہوئی۔

اسی طرح درج ذیل جماعتوں کو بھی پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی:

۲۹؍جولائی Dortmund۔ ۷؍اگست Neuwied۔ ۹؍اگست Esslingen & Weliburg۔ ۱۰؍اگست Offenbach, Rheine, Weil der Stadt۔ ۱۶؍اگست Neuss & Wiesbaden۔ ۲۰؍ستمبر Wiesbaden
(۲۱؍مربیان اور ۳۰؍احباب)۔ ۲۳؍اگست Bad Nauheim, Hanau, Langenselbold, Mülheim an der Ruhr۔ ۶ ستمبر Langen۔ ۱۳؍ستمبر Florstadt۔ ۲۷؍ستمبر Heidelberg۔ اور ۱۱؍اکتوبر کو Freiburg میں بھی بھرپور مہم منعقد ہوئی۔

اللہ تعالیٰ اِن تبلیغی پروگراموں کا اہتمام کرنے والے تمام کارکنان اور شاملین کو اپنی خاص رحمتوں اور برکتوں سے نوازے اور جماعت احمدیہ جرمنی کو مزید باثمر تبلیغی خدمات سرانجام دینے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین

(رپورٹ:صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ انڈونیشیا کا نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button