ربوہ کا موسم(۱۲تا ۱۸؍ دسمبر ۲۰۲۵ء)
۱۲؍ دسمبر جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت شدید سردی تھی ہلکی ہوا نے خنکی میں مزید اضافہ کردیا تھا، یہ سرد ہوا وقفہ وقفہ سے دن بھر جاری رہی۔ عشاء کے بعد امسال موسم سرما کی پہلی دُھند شروع ہوگئی۔ ہفتہ کو صبح فجر کے وقت گذشتہ رات کی دُھند موجود تھی، سارا دن اس دھند اور سموگ نے سورج کو باہر نکلنے نہ دیا، لوگ دھوپ کی انتظار میں رہےلیکن سورج کامیاب نہ ہوسکااور دھوپ نکل نہ سکی۔ دُھند کا یہ سلسلہ رات تک جاری رہا، ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی جس سے سردی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا۔ اتوار کو صبح فجر کے وقت دُھند بدستور موجود تھی ساتھ درمیانی رفتار سےہوا بھی چل رہی تھی، دن نے جوں جوں سر باہر نکالا ساتھ ہی دھند بھی کچھ ہلکی ہوگئی اور صبح دس بجے سورج کو اپنی کرنیں بکھیرنے کا موقع مل گیا۔ اسی طرح سرِ شا م پھر دھند آموجود ہوئی۔ اور سوموار کی علیٰ الصبح یعنی فجر سے پہلے ہی یہ دھند فضا میں موجود تھی۔ جس کی وجہ سے ٹریفک میں تعطل رہا اور موٹر وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے صبح گیارہ بجے تک بند کردی گئی۔
منگل کو صبح کے وقت دھند موجود تھی اور ہلکی ہوا بھی رواں دواں تھی، صبح دس، گیارہ بجےتک دھندکم ہوگئی اور بعد میں سورج بھی نکل آیا۔ بدھ اور جمعرات کو آسمان پر دن بھر بادل چھائے رہے جو شام کے وقت کچھ گہرے ہوگئے لیکن بارش برسانے کا ان کا موڈ نہیں تھا صرف موسم میں خنکی بڑھانے کے بعد پھر اپنے کام پر چلے گئے اور آسمان کو صاف چھوڑ گئے۔ اس ہفتہ میں ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۲۰؍ اور کم سے کم ۷؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔
(ابو سدید)




