ساؤٹومے میں ہیومینٹی فرسٹ کے تحت تقسیم راشن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۵؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ہیومینٹی فرسٹ کے تحت ساؤٹومے میں غرباء کے لیے راشن تقسیم کا ایک بابرکت پروگرام منعقد ہوا۔ اِس مقصد کے لیے ۷۰۰؍تھیلوں پر مشتمل راشن تیار کیا گیا تھا اور ہر ضلع کو ۸۰؍تھیلے دینے کا پروگرام ترتیب دیا گیا۔ تمام اضلاع کے نمائندگان مشن ہاؤس تشریف لائے جبکہ جماعت کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھنے والے احباب بھی اس خدمتِ خلق کے کام میں شامل ہوئے۔ اس پروگرام کی اطلاع نیشنل ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کی گئی اور تمام نمائندگان نے ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اسی موقع پر یونیورسٹی کے پروفیسر جناب ادلینو صاحب جو سابق ممبر نیشنل اسمبلی اور نیشنل کسٹمز افسر بھی رہ چکے ہیں، بھی شامل ہوئے۔ وہاں ان کی ملاقات مکرم اوشتیلیو صاحب سے ہوئی جو ضلع کاووے کے ميئر کے نمائندہ کی حیثیت سے تشریف لائے تھے۔ گفتگو کے دوران جب پروفیسر صاحب کو معلوم ہوا کہ موصوف احمدی بھی ہیں تو وہ نہایت خوش ہوئے۔

ضلع میزوش کی نمائندہ ماریہ صاحبہ نے اظہار کیا کہ جماعت احمدیہ کا ماٹو محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں محض الفاظ نہیں بلکہ عمل میں بھی نمایاں نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیومینٹی فرسٹ ہمارے ملک کے غریبوں کی بےلوث خدمت کرتی ہے۔ اسی طرح ضلع کاووے کے ميئر کے نمائندہ مکرم اوشتیلیو صاحب نے بتایا کہ ميئر صاحب نے جماعت احمدیہ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے اور جماعت احمدیہ کو خدمتِ انسانیت میں ہمیشہ پیش پیش قرار دیا ہے۔
پروگرام کے بعد سوشل افیئرز کے منسٹر جو ایک پادری بھی ہیں، نے خاکسار سے رابطہ کیا اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ مورخہ ۱۵؍نومبر کو ملاقات ہوئی تو ان کا رویہ قابلِ ذکر حد تک خوشگوار اور مثبت تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جماعت کی تمام سرگرمیاں دیکھتے ہیں اور اب جماعت احمدیہ کے ہر نیک کام میں تعاون کرنا چاہتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید خدمت خلق کے مواقع عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)




