حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال:کأس العرب،قطر میں جاری فیفا عرب کپ کے کوارٹرفائنل مرحلے میں مراکش نے شام کو ایک صفر، سعودی عرب نےفلسطین کو۲۔۱؍اوراردن نے عراق کو۱۔صفر سے ہرایا جبکہ الجزائراورمتحدہ عرب امارات کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد یواے ای نے پنلٹی شوٹس پر فتح حاصل کی۔پہلے سیمی فائنل میں مراکش کی ٹیم نے یواے ای کو تین صفر سے شکست دی جبکہ اردن نے سعودی عرب کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔ٹورنامنٹ کافیصلہ کن معرکہ اور تیسری پوزیشن کا میچ ۱۸؍دسمبرکوکھیلاجارہا ہے۔

انگلش پریمیئرلیگ:گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں چیلسی نے ایورٹن اور لیورپول نے برائٹن کوصفرکے مقابلہ میں دوگول سے شکست دی۔آرسنل نے وولوزکے خلاف ۲۔۱؍ جبکہ مانچسٹرسٹی نے کرسٹل پیلس کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔ناٹنگھم فاریسٹ نے ٹوٹینہیم کوتین صفر سے ہرایاجبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ اور برن متھ کا مقابلہ چارچارگول سے برابرہوا۔رواں سیزن میں سولہ میچز کے بعدآرسنل کلب ۳۶؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے،مانچسٹر سٹی دوسرے جبکہ آسٹن وِلا تیسرے نمبر پر ہے۔

ہاکی:ایف آئی ایچ ہاکی پرولیگ کے رواں سیزن میں پاکستان ٹیم کو ابتدائی چارمیچزمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ارجنٹینا میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کو نیدرلینڈز نے ۵۔۲؍اور۷۔۳؍کے سکور سے شکست دی جبکہ میزبان ارجنٹینا نے پاکستان کے خلاف۳۔۲؍اور ۵۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔ارجنٹینااورنیدرلینڈزکے مابین پہلا میچ ۱۔۱سے برابر ہوا جسے ارجنٹینا نے شوٹ آؤٹ پر جیت لیا، دوسرے مقابلہ میں بھی ارجنٹینا کی ٹیم فاتح رہی۔واضح رہے کہ ۲۰۲۵۔۲۰۲۶ءہاکی پرولیگ کا ساتواں ایڈیشن ہے جس میں دنیائے ہاکی کی نو بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہیں۔پاکستان ہاکی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دستبردار ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اس لیگ میں شمولیت کا موقع ملا ہے۔نیدرلینڈز کی ٹیم دفاعی چیمپئن اور ہاکی پرولیگ کو سب سے زیادہ تین مرتبہ جیت چکی ہے۔

کرکٹ:بھارت اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری پانچ میچزکی ٹی ٹوینٹی سیریزکے پہلے مقابلہ میں بھارت نے ۱۰۱؍رنز سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ کٹک میں ہونے والے اس میچ میں میزبان ٹیم نے مقررہ بیس اوورزمیں چھ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۵؍رنز بنائے۔ Hardik Pandyaنے ۲۸؍ گیندوں پر۵۹؍ رنزناٹ آؤٹ بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم صرف۷۴رنزپرڈھیر ہوگئی۔نیوچندی گڑھ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے۲۱۳؍رنز بنائے جس میں Quinton de Kock کی ۹۰؍رنز کی شانداراننگز شامل تھی۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ۱۶۲؍رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔تیسراٹی ٹوینٹی دھرم شالا میں کھیلا گیا جس میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈبمقابلہ ویسٹ انڈیز:ویلنگٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈنے ۹؍وکٹوں سے فتح حاصل کرکےتین میچزکی سیریز میں ۱۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ویسٹ انڈیزنے پہلی اننگز میں ۲۰۵؍رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان کیوی ٹیم نے ۲۷۸؍رنز۹؍کھلاڑی آؤٹ پراننگزڈیکلیئرکی۔ویسٹ انڈیزکی ٹیم اپنی دوسری باری میں صرف۱۲۸؍رنزبناسکی اور کھیل کے تیسرے روزنیوزی لینڈ نے ۵۶؍رنز کا آسان ہدف ایک وکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ قبل ازیں سیریزکے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کےJustin Greaves نے میچ کی چوتھی اننگز میں ناقابلِ شکست۲۰۲؍رنزبناکراپنی ٹیم کوہار سے بچایا۔کیوی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو۵۳۱؍رنزکا ٹارگٹ دیاتھا جس کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے Shai Hope اورجسٹن گریوز کی سینچریوں کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر۴۵۷؍رنزبناکر میچ ڈرا کردیا۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

Related Articles

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button