مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے ۵۳ ویں نیشنل اجتماع اور ۴۱ویں نیشنل مجلس شوریٰ کا با برکت و کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کا ۵۳واں نیشنل اجتماع اور ۴۱ویں نیشنل مجلس شوریٰ مورخہ یکم تا ۳؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو بمقام دارالتبلیغ، بخشی بازار ڈھاکہ نہایت کامیابی سے اور بابرکت ماحول میں منعقد ہوئی۔

یکم اکتوبر بروز بدھ اجتماعی نماز تہجد کے بعد اجتماع کا آغاز ہوا۔ صبح ۹ بجے افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ مکرم محمود احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے ملکی پرچم جبکہ مکرم محبوب الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
اجتماع کے دوران اطفال کو علمی مقابلہ جات کے لیے عمر کے لحاظ سے ستارہ، ہلال، قمر اور بدر کے گروپس میں تقسیم کیا گیا جبکہ خدام نے ایک گروپ کی شکل میں حصہ لیا۔ علمی مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم اردو و بنگلہ، تقریر، دینی معلومات کے تحریری مقابلہ جات، پیغام رسانی، کوئز، امام الصلوٰۃ ٹریننگ اور نماز کے مقابلے شامل تھے۔

ورزشی مقابلہ جات میں اطفال نے نشانہ غلیل، ریاضی جلد حل کرنا، مرغ لڑائی اور یادداشت کے مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ خدام نے نشانہ غلیل، ثابت قدمی اور Strong Man کے مقابلہ میں حصہ لیا۔ ٹیم مقابلوں میں خدام نے والی بال اور رسہ کشی جبکہ اطفال نے ہینڈبال اور رسہ کشی میں حصہ لیا۔ مزید برآں خدام کے لیے فٹ بال ٹورنامنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں چھ ریجنز کی آٹھ ٹیمز نے حصہ لیا۔
اجتماع میں سائنس پراجیکٹس، مضمون نویسی اور مختلف مجالس کے مابین پوسٹرز بنانے کے مقابلے بھی منعقد ہوئے جن کے انعامات اجتماع کے دوران ہی تقسیم ہوئے۔ اسی طرح تعلیمی بورڈ لیول سٹال بھی لگایا گیا جہاں امسال کامیاب ہونے والے خدام اور اطفال کو اسناد دی گئیں۔

اجتماع کے دوران متعدد تربیتی اجلاس منعقد ہوئے۔ مکرم عبد الاوّل خان چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے ’’قرآن مجید ایک انمول خزانہ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور سوالات کے جواب دیے۔ نیز اجلاس عام، سائق سیمینار، داعیان الیٰ اللہ اجلاس اور اطفال اجلاس بھی منعقد ہوئے جن میں بھرپور شرکت کی گئی۔
مورخہ ۳؍اکتوبر بروز ہفتہ سہ پہر تین بجے اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم محمود احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور اردو نظم کے بعد مکرم ناظم اعلیٰ اجتماع کمیٹی نے شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں نائب نیشنل امیر صاحب اور مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے تقاریر کیں اور انعامات تقسیم کیے۔ ریجنل، ضلعی اور لوکل مجالس کی کارکردگی کے مطابق انعامات دیے گئے جبکہ اطفال کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مجالس کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ آخر میں عَلم انعامی جیتنے والی مجلس کا اعلان کیا گیا جو امسال مجلس میرپور تھی۔ دعا اور عہد کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
امسال اجتماع میں مجموعی طور پر ایک ہزار ۲۳۰؍خدام اور اطفال نے شمولیت اختیار کی جبکہ ۱۱۳ میں سے ۱۰۰ مجالس نے شرکت کی۔
۴۱ ویں نیشنل مجلس شوریٰ
مورخہ ۳و۴؍اکتوبر بروز جمعہ و ہفتہ مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کی ۴۱ویں مجلس شوریٰ منعقد ہوئی۔ ۳؍اکتوبر بروز جمعہ تمام حاضرین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست ملاحظہ کیا جس کے بعد شام ۷؍بجے مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس تلاوت اور دعا سے شروع ہوا۔ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے صدارت کی۔ گذشتہ سال کی شوریٰ کی تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش ہوئی۔ معتمد صاحب نے امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے منظور شدہ تجاویز پڑھ کر سنائیں۔ مہتمم مال نے سال ۲۰۲۵ء – ۲۰۲۶ء کا سالانہ بجٹ پیش کیا اور حسب قواعد جنرل سب کمیٹی اور مال سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔ رات تقریباً ۱۱؍بجے اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
۴؍اکتوبر بروز ہفتہ صبح ساڑھے آٹھ بجے دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس میں قواعد کے مطابق انتخابات کا انعقاد ہوا۔ مکرم نیشنل امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نمائندگی میں صدارت کرتے ہوئے انتخابات کروائے۔ صبح ۱۱؍بجے آخری اجلاس منعقد ہوا جس کی مکرم صدر صاحب نے صدارت کی۔ جنرل سب کمیٹی اور مال سب کمیٹی نے اپنی رپورٹس پیش کیں، اراکین مجلس شوریٰ نے اپنے تأثرات بیان کیے، پھر ووٹنگ ہوئی اور تجاویز منظور کی گئیں۔ آخر پر صدر اجلاس نے دعا کروائی اور مجلس شوریٰ دوپہر دو بجے اختتام پذیر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع اور مجلس شوریٰ کے بابرکت نتائج پیدا فرمائے اور جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے خدام و اطفال کو دین کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کے تینتیسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد




